کراچی (کنزیومر واچ نیوز)محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا ایک دباؤ موجود ہے اور یہ سسٹم7 سے 11 ستمبر تک سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت سندھ میں معتدل سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران کراچی میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہرمیں تیز بارش کی صورت میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
Blog
-

7 سال سے لاپتا شوہر کو پہلی بیوی نے انسٹا ریلز پر دوسری بیوی کے ساتھ پکڑ لیا
ممبئی (کنزیومرواچ نیوز)بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس کے چرچے سوشل میڈیا پر بھی ہورہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے کچھ عرصہ بعد لاپتا ہونے والا شوہر انسٹاگرام ریلز کے ذریعے دوسری خاتون کے ساتھ پکڑا گیا۔رپورٹس کے مطابق جتیندر کمار کی 2017 میں مران نگر کی خاتون شیلو کے ساتھ شادی ہوئی، شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، جتیندر کے گھر والے اور وہ خود اپنی بیوی کو جہیز کے لیے ہراساں کرتا رہا، وہ سونے کی چین اور دیگر سامان کا مطالبہ کررہا تھا، اسی دوران جتیندر اچانک لاپتا ہوگیا، اپریل 2018 میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی گئی اور کافی تلاش کیا گیا مگر اس کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔اس دوران جتیندر کے اہلخانہ نے شیلو کے خاندان پر اس کے قتل کا الزام بھی لگایا اور شیلو اپنے بیٹے کے ساتھ میکے میں رہنے پر مجبور ہوگئی مگر چند روز قبل قسمت نے حیرت انگیز موڑ لیا۔جتیندر کی بیوی شیلو انسٹاگرام استعمال کررہی تھی کہ اس دوران اسے ایک ریل میں اس کا شوہر کسی دوسری عورت کے ساتھ لدھیانہ میں دکھائی دیا۔شیلو نے دعویٰ کیا کہ جتیندر نے دوسری شادی کر لی ہے اور اسی عورت کے ساتھ رہ رہا ہے، جتیندر کے اہلخانہ کو بھی سب علم تھا لیکن انہوں نے کچھ ظاہر نہیں کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کے ایک سال بعد جتیندر بغیر اطلاع کے گھر سے نکل گیا تھا اور گمشدگی کی ایف آئی آر بھی درج ہوئی تھی، اب شیلو نے شوہر کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پولیس کو نئی درخواست دی ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔
-

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کرتے ہیں: چینی صدر
بیجنگ(کنزیومرواچ نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہےکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت حمایت کرتا ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف پیر کو بلٹ ٹرین کے ذریعے تیانجن سے چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔بلوچستان اور کے پی دہشتگرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے ثبوت ہیں: وزیراعظم نے معاملہ ایس سی او میں اٹھادیاچینی دارالحکومت بیجنگ میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چینی صدر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانےکے لیےمؤثر اقدامات کرےگا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کے لیے چین کو دعوت دے دی۔ایس سی او اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات چین اپنی سربراہی میں کرائے تاکہ ہم ان مذاکرات کے ثمرات جلد حاصل کرسکیں۔اس سے قبل وزیراعظم نے بھارتی دہشتگردی کاپردہ بھی چاک کیا تھا۔
-

کراچی: سلطان آباد سے پُر اسرار طور پر لاپتا بچے کی لاش گٹر سے مل گئی
کراچی(کنزیومر واچ نیوز) سلطان آباد سے پُر اسرار طور پر لاپتا ہونے والے بچے کی لاش اتوار کی شب گٹر سے مل گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ڈاکس کے علاقے سلطان آباد نیو حاجی کیمپ حبیب اسکول کے قریب گٹر لائن سے لاش کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے ریسکیو رضا کاروں کی مدد سے لاش کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا جب کہ بچے کی شناخت ابوبکر کے نام سے کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ لاش دو روز پرانی ہے، بچے کی وجہ موت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی ہے، بچہ دو روز قبل لاپتا ہوگیا تھا جس کا مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم اس کی لاش گٹر سے ملی ۔ پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر بچہ کھیلتے ہوئے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا ہو تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد وجہ موت کا تعین ہوگا البتہ واقعے کی مزید تفتیش کا عمل جاری ہے، اطراف میں لگی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جارہی ہیں۔
-

غزہ: اسرائیلی حملے میں ایک اور بہادر خاتون صحافی شہید
غزہ (کنزیومرواچ نیوز) اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ایک اور فلسطینی صحافی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔فلسطینی حکومتی میڈیا آفس کے مطابق اتوار کو القدس الیوم سیٹلائٹ چینل سے وابستہ خاتون صحافی اسلام موحارب عابد اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئیں۔میڈیا آفس نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل منظم انداز میں صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ سچ کو دبایا جا سکے۔ بیان میں عالمی صحافتی تنظیموں اور فیڈریشنز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں صحافیوں پر ہونے والے جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تعداد 278 تک جا پہنچی ہے۔گزشتہ ہفتے بھی اسرائیل نے النصر اسپتال پر حملہ کیا تھا جس میں 5 صحافی شہید ہوئے تھے، جب کہ اس سے قبل الجزیرہ کے صحافی انس الشریف بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسرائیلی نشانے پر آ گئے تھے۔
-

پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، میجر سمیت 5 جوان شہید، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (کنزیومرواچ نیوز)تربیتی پرواز کے دوران پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکارہوگیا جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہُڈور گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا، ہیلی کاپٹر تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں موجود تمام عملہ جامِ شہادت نوش کر گیا، شہدا میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئرنائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا جب اسے تکنیکی خرابی پیش آئی، آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری کو ہر وقت یقینی بنایا جا سکے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ تربیت دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی و بحالی کے مشنز کے لیے بھی ناگزیر ہے، ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری یقینی بنائی جائے گی۔
-

دریائے سندھ میں 5 ستمبر کو انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا امکان
کراچی:(کنزیومر واچ نیوز)دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج کے مقام پر 5 ستمبر کو انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے۔موجودہ صورتحال کے دوران گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کی طرف سے سندھ کے بیراجوں میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق گڈو بیراج پر اَپ اسٹریم 3لاکھ 18ہزار229 جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں 3لاکھ 3ہزار877 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔فوکل پرسن زبیر چنہ نے بتایا کہ سکھر بیراج پر اَپ اسٹریم 2 لاکھ 85ہزار487 اور ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 2لاکھ 34ہزار717 کیوسک رہا۔ کوٹری بیراج پر اَپ اسٹریم 2لاکھ 73ہزار844 جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 2لاکھ 44ہزار739 کیوسک نوٹ کیا گیا۔تریموں پر پانی میں اضافہ ہو کر اَپ اسٹریم 5لاکھ 50ہزار965 ریکارڈ کیا گیا ہے۔فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ بیراجوں پر پانی کی آمد اور اخراج کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، سندھ میں بیراجوں اور دریائی بندوں پر کوئی کمزور مقام موجود نہیں، تمام مقامات کو جدید تقاضوں کے مطابق مضبوط بنا دیا گیا ہے۔زبیر چنہ نے کہا کہ صوبے میں 102 ایسے پوائنٹس تھے جہاں ماضی کی دہائیوں میں سیلابی صورتحال کے دوران کچھ واقعات پیش آئے تھے، تاہم محکمہ آبپاشی سندھ نے ان 102 پوائنٹس پر بہتری اور مضبوطی کے خصوصی اقدامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے محض احتیاطی اور پیشگی حکمتِ عملی کے تحت ان تمام مقامات پر عملہ تعینات کر دیا ہے، تمام مقامات پر ضروری مشینری و ساز و سامان بھی فراہم کر دیا گیا ہے، تمام مقامات پر ہر وقت نگرانی جاری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔فوکل پرسن زبیر چنہ کا کہنا تھا کہ عوام کو ہر طرح کے خدشات سے محفوظ رکھا جائے گا، حکومت سندھ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
-

اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے
اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)وفاقی دارالحکومت، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5.4 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسلام آباد اور اطراف میں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی اورزلزلے کا مرکز افغانستان تھا۔پنجاب میں راولپنڈی، ملکہ کوہسارمری اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں لوگوں میں سخت خوف وہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا وردکرتے ہوئے گھروں سے باہر آگئے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، پشاور میں لوگ گھروں سے باہر آگئے۔ریسکیو1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم ریسکیو1122 کنٹرول رومز کو کسی بھی قسم کے نقصانات کی کال تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔


