لاہور(کنزیومر واچ نیوز) بجلی صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ پروٹیکٹڈ یونٹس کی تعداد بڑھانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق ارکان اسمبلی نے 201 یونٹس پر 5 ہزار روپے اضافی بل بھجوانے کا معاملہ اٹھا دیا ہے، ارکان اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف کو صارفین کے ساتھ ہونے والی زیادتی سے آگاہ کیا۔ذرائع وزارت توانائی کا بتانا ہے کہ 201 کے بجائے 301 یونٹس استعمال کرنے والوں پر اضافی بل بھیجنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق بجلی کے 301 یونٹس کو نان پروٹیکٹڈ شرح ڈیکلیئر کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پروٹیکٹڈ اور نان پرٹیکٹڈ بجلی صارفین کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے، کمیٹی 201 کے بجائے بجلی کے 300 یونٹس کو نان پروٹیکٹڈ شرح میں لانے کی سفارش کر سکتی ہے۔
Blog
-

غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کا قتل، جرگے کے سربراہ کے انکشافات
راولپنڈی:(کنزیومر واچ نیوز)غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کے قتل کیس میں جرگے کے سربراہ کے سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے۔پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے فوجی کالونی میں جرگے کے حکم پر 21 سالہ سدرہ کے قتل کے معاملے میں جرگے کے سربراہ عصمت اللّٰہ نے تفتیش کے دوران سننی خیز انکشافات کیے ہیں۔ملزم کا دوران تفتیش تینوں ملزمان کے ساتھ برادری کے فیصلے پر سدرہ کو قتل کرکے دفنانے کا اعتراف جرم بھی سامنے آگیا ۔ پولیس نے سدرہ کو کشمیر سے لانے کے لیے استعمال ہونے والی کلاشنکوف رائفل برآمد کرکے عصمت اللّٰہ وغیرہ کے خلاف ایک مزید مقدمہ درج کرلیا ۔ یہ مقدمہ پولیس مدعیت میں ناجائز اسلحہ ایکٹ کے تحت درج کیاگیا ہے۔عصمت اللہ نے انکشاف کیا کہ 16 جولائی کو سدرہ گھر سے عثمان نامی لڑکے کےساتھ مظفر آباد چلی گی تھی۔ سدرہ کو لینے کے لیے اس کے سسر صالح محمد عرف سلیم گل ، والد عرب گل، امانی گل عرف مانی گل کے ہمراہ گاڑی پر مظفر آباد گئے۔ گاڑی میں کلاشنکوف بھی تھی، جو عثمان کو دکھا کر سدرہ کو واپس لے آئے اور برداری کے فیصلے پر سدرہ کو قتل کرکے لاش چھٹی قبرستان میں دفنا دی ۔ملزم نے بتایا کہ کلاشنکوف گھر کی پیٹی میں پڑی ہے، برآمد کراسکتا ہوں، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر کلاشنکوف برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے
-

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین کو ٹیرف بڑھانے کی دھمکی
واشنگٹن:(کنزیومر واچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور عالمی سیاسی معاملات پر اہم بیانات دیے ہیں، صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ مائیکروچپس اور سیمی کنڈکٹرز پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا تاکہ امریکی معیشت کو تقویت دی جا سکے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی حکومت کو روس سے تیل خریدنے کی قیمت چکانی ہوگی اگر بھارت نے روسی تیل کی خریداری بند نہ کی تو اس پر مزید تجارتی پابندیاں اور ٹیرف نافذ کیے جائیں گے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روس سے تیل خریدنے کی وجہ سے چین پر بھی مزید سخت ٹیرف عائد کیا جاسکتا ہے جبکہ روس پر ٹیرف کا تعین بعد میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جا چکے ہیں اور آئندہ مزید سخت اقدامات متوقع ہیں۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں امریکی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان کے مطابق ایپل سمیت کئی بڑی ٹیک کمپنیاں امریکا واپس آ رہی ہیں، اور ملک میں سیکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔انہوں نے بگ بیوٹی فل بل کی منظوری کو معیشت میں بہتری کی بڑی وجہ قرار دیا اور کہا کہ ایپل مزید 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ امریکا میں مصنوعات بنائیں گے تو کوئی اضافی چارج نہیں ہوگا۔عالمی امور پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایرانی، اسرائیلی اور دیگر 5 جنگیں ختم کرا دی ہیں، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے حالیہ گفتگو کو اچھی بات چیت قرار دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اسے کوئی بریک تھرو نہیں کہیں گے۔صدر ٹرمپ نے جارجیا میں فوجی اڈے پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔یوکرین جنگ پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ یہ جنگ جوبائیڈن کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، اور آج بھی وہاں اموات ہو رہی ہیں۔صدر نے مزید کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خلیجی ممالک سمیت کئی ملکوں کے دورے کر چکے ہیں اور ٹیرف کے ذریعے امریکا میں اربوں ڈالر آ رہے ہیں، اور یہ ہماری معاشی خودمختاری کی طرف اہم قدم ہے۔
-

اطالوی اراکین پارلیمنٹ نے فلسطینی پرچم کے رنگوں کا لباس پہن لیا
روم(کنزیومر واچ نیوز) اطالوی اراکین پارلیمنٹ نے فلسطینی عوام سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی کیا ہے۔اٹلی کی سیاسی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ کے ارکان نے اطالوی پارلیمنٹ میں فلسطینی پرچم کے رنگوں والے لباس پہن کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران پارٹی کے ارکان نے کہا کہ آج ہم یہ پرچم نہیں لہرا رہے، کیونکہ آپ ہم سے چھین لیں گے۔ فائیو اسٹار موومنٹ جماعت کے اراکین نے کہا کہ آج ہم اس پرچم کو اپنے جسم سے لگا رہے ہیں کیونکہ یہ اب صرف فلسطین کا پرچم نہیں، بلکہ انسانیت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کا عالمی پرچم بن چکا ہے۔یہ اقدام اسرائیلی حملوں کے خلاف عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے احتجاج اور فلسطینی عوام سے ہمدردی کے اظہار کے سلسلے کاحصہ ہے۔واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، تازہ کارروائی میں مزید 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ۔شہدا میں امداد کے منتظر 90 فلسطینی بھی شامل ہیں۔
-

یوم آزادی کے موقع پر ایک ساتھ 4 تعطیلات کا امکان
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان میں 14 اگست کو یوم آزادی پر عام تعطیل ہوگی۔چہلم امام حسین جمعہ 15 اگست کو ہوگا، چہلم کی تعطیل وفاقی تعطیلات میں شامل نہیں ہے تاہم صوبائی سطح پر مقامی تعطیل کی صورت میں متعلقہ علاقوں میں چھٹی ہوگی۔مخصوص علاقوں میں چہلم کی تعطیل کی صورت میں جمعرات 14 اگست، جمعہ 15 اگست، ہفتہ 16 اور اتوار 17 اگست کی تعطیلات یکجا ہوسکتی ہیں۔گزشتہ سال بھی راولپنڈی اور کراچی میں چہلم کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
-

وانا : پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 14 افراد زخمی
پشاور (کنزیومر واچ نیوز)جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔ڈی ایس پی عمران اللہ نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے مرکزی وانا رستم بازار میں پولیس موبائل کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا۔حکام کے مطابق دھماکے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے، دھماکے سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔ڈی ایس پی کا بتانا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو وانا منتقل کر دیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
-

مریم نواز کا پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرین میں سفر
لاہور (کنزیومر واچ نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرین “سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” میں تجرباتی سفر کیا اورعلی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک روڈ ٹیسٹ خود مانیٹر کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی کا معائنہ کیا اور موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ایس آر ٹی کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی، وزیر اعلیٰ نے ایس آر ٹی کے روڈ ٹیسٹ ڈرائیو کا جائزہ لیا اور عام ٹریفک کے درمیان ایس آر ٹی کی رننگ چیک کی۔رائیونڈ روڈ اور کینال روڈ پر عوام ایس آر ٹی دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے رہے، “سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” ترکی۔ چین ابو ظہبی اور دیگر ممالک میں کامیابی سے چلائی جارہی ہے۔”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” میں تین بوگیاں لگائی گئی ہیں ۔چار کی گنجائش ہے، نورنکو انٹر نیشنل کی جدید ترین ایس آر ٹی میں 320 مسافروں کی گنجائش ہے۔پہلی مکمل ای ٹرین”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” ایک دفعہ چارج کے بعد 40 کلومیٹر سفر طے کر سکتی ہے، “سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” میں ائیر کنڈیشنڈ اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی، “سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ٹریفک میں بہتر ی آئے گی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے لئے اب ہر روز خوشی کی خبر منتظر ہوتی ہے، ایس آر ٹی چلنے سے لاہور کی خوبصورتی دوبالا ہوگی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی ایس آر ٹی کی خوش خبری آرہی ہے۔
-

سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام، قرارداد قومی اسمبلی سے منظور
اسلام آباد:(کنزیومر واچ نیوز)قومی اسمبلی میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی۔قرارداد کے متن کے مطابق ایوان سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد سوشل میڈیا کے درست استعمال کے لیے قوانین بنائے۔ ڈیجیٹل حقوق، قواعد اور اخلاقیات کی آگاہی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قرارداد
پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شاہدہ رحمانی نے قرارداد اسمبلی میں پیش کی، جس میں کہا گیا کہ حالیہ عرصے میں کچھ صوبوں میں غیرت کے نام پر قتل ہوئے۔
پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی جانب سے پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔شہریار آفریدی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ شہریت بل ہے کیا، ایوان کو بتایا جائے۔وزیر مملکت داخلہ نے بتایا کہ یہ بل سینیٹ اور قائمہ کمیٹی کے بعد منظور ہوا، بہت ممالک میں دوسری شہریت کے لیے اپنی شہریت ترک کرنا پڑتی تھی۔طلال چوہدری نے کہا کہ جرمنی سمیت کئی ممالک کے ساتھ ہمارا دوہری شہریت کا معاہدہ ہوگیا ہے، اب اوورسیز پاکستانیوں کو دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنے کے لیے پاکستانی شہریت ترک نہیں کرنا پڑے گی۔موٹر وہیکل انڈسٹری ڈویلپمنٹ بل 2025 بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا جسے کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا۔
آرڈیننس
اس کے علاوہ، طلال چوہدری نے وفاقی ترقیاتی ادارہ ترمیمی آرڈیننس 2025 جبکہ رانا تنویر حسین نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آرڈیننس 2025 پیش کیا۔پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر نے کہا کہ ابھی ایک ہمارا سیشن ختم ہوا، دھڑا دھڑا آرڈیننس لاتے رہیں گے تو کیا آپ پارلیمنٹ کی رٹ کو انڈر مائن نہیں کر رہے؟رانا تنویر حسین نے کہا کہ آرڈیننس آئین کا حصہ ہیں، کوئی آرڈیننس ضرورت کے بغیر کبھی جاری نہیں ہوتا۔
اسمبلی اجلاس کے دوران، تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے متعلق سوال پر پارلیمانی سیکرٹری نے ڈیپارٹمنٹ سے بریفنگ نہ دیے جانے کا انکشاف کر دیا۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ میں بالکل تیار نہیں ہوں، مجھے ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بریفنگ نہیں دی گئی، میں سخت پریشان ہوں۔ -

گلوکارہ آئمہ بیگ نے خاموشی سے نکاح کر لیا
کراچی (کنزیومر واچ نیوز)معروف پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اپنے قریبی دوست زین احمد کیساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔ نجی ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ گلوکارہ آئمہ بیگ اپنے قریبی دوست زین احمد کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔ آئمہ اور زین کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا اور انہوں نے کچھ عرصہ قبل اپنی تعلق کا انسٹاگرام پر بھی باضابطہ طور پر اظہار کیا تھا۔ذرائع کے مطابق آئمہ بیگ اور زین احمد نے کینیڈا میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں نکاح کیا۔ اس تقریب کی ایک تصویر شب سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس سے ان کے نکاح کی خبر کی تصدیق ہو گئی ہے۔ یہ جوڑا اب باقاعدہ طور پر شادی شدہ ہے اور ایک نئے سفر کا آغاز کر چکا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل گلوکارہ آئمہ بیگ اداکار شہباز شگری کی منگیتر تھیں تاہم انہوں نے کچھ عرصے بعد سوشل میڈیا پر منگنی توڑنے کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد آئمہ کو زین احمد کیساتھ متعدد مرتبہ دیکھا گیا تھا۔
-

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی باتیں بے بنیاد ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی (کنزیومر واچ نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کے صدر بننے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔برطانوی جریدے دی اکنامسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کے صدر بننے کی باتوں کو بے بنیاد قرار دیا۔پاکستان کی جانب سے بھارتی فوجی کارروائی پر ردعمل سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا ہم اس بار بھارت کے مشرق سے آغاز کریں گے، آغاز بھارت کے اندر گہرائی سے حملہ کرنے سے ہوگا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا بھارت کو سمجھنے کی ضرورت ہےکہ وہ بھی ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں۔خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو نشانہ بنانے والی مہم کے پیچھےکون ہے ہم جانتے ہیں، یہ بھی جانتے ہیں ایسا کیوں کیا جا رہا ہے اور اس کا فائدہ کسے پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ نہ تو صدر کے استعفے کی کوئی بات ہوئی اور نہ ہی ایسی کوئی سوچ موجود ہے، نہ ایسی کوئی بات ہےکہ آرمی چیف صدارت کا منصب سنبھالنے کے خواہشمند ہیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے بھی صدر زرداری کے خلاف قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر آصف زرداری اس ملک کے منتخب صدر ہیں، ان کے خلاف قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں، قیاس آرائیاں کرنے والوں کو آئین اور قانون کی سمجھ ہی نہیں ہے۔
