کراچی( کنزیومرواچ نیوز)سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ بے نقاب ہونے لگا، سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 مسافروں کو حراست میں لے لیا جن کی شناخت افتخار احمد، نصیر احمد، راشد فاروق، شمریز اور ثقلین مرتضیٰ کے نام سے ہوئی۔مسافروں کا تعلق وزیر آباد، منڈی بہاو الدین، گجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے۔ مسافر فلائٹ نمبر ٹی کے 708 کے ذریعے موریطانیہ سے کراچی پہنچے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق افتخار احمد نامی مسافر وزٹ ویزے پر سینیگال اور ثقلین مرتضیٰ نامی مسافر دبئی کے راستے موریطانیہ گیا تھا جبکہ دیگر 3 مسافر عمرہ ویزا پر پہلے سعودی عرب پہنچے اور بعد ازاں ایجنٹ نے موریطانیہ بھجوایا۔مسافر یورپ جانے کے لیے محمد افضل اور علی حسن نامی انسانی اسمگلر سے رابطے میں تھے۔ ایجنٹوں کا تعلق سیالکوٹ اور گجرانوالہ سے ہے۔مذکورہ ایجنٹ نے مسافروں کو فی کس 35 لاکھ روپے کے عوض قانونی طریقے سے اسپین پہنچانے کا وعدہ کیا تاہم موریطانیہ پہنچ کر ایجنٹ نے مسافروں کو غیر قانونی طور یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔ مسافروں نے سمندر کے راستے غیر قانونی سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آگئے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں سے پوچھ گچھ جاری ہے، مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔آئی اے کے مطابق مسافروں سے پوچھ گچھ جاری ہے، مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کے مطابق غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے، ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون جاری ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کا کہنا تھا کہ ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں، بیرون ملک سفر کے لیے قانونی راستے اختیار کریں۔ اپنے ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں۔
Blog
-

سینیٹر شیری رحمٰن اور سینیٹر ہمایوں مہمند کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ
اسلام آباد:(کنزیو مر واچ نیوز)سینیٹ اجلاس ملتوی کیے جانے پر سینیٹر شیری رحمٰن اور سینیٹر ہمایوں مہمند کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ یوسف گیلانی احتجاجاً اپنی سیٹ پر نہیں بیٹھ رہے، شیری صاحبہ آپ کو بھی نہیں بیٹھنا چاہیے۔ سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ میں گیلانی صاحب کی اجازت سے ہی یہاں بیٹھی ہوں۔سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود ان کو نہیں لایا جا رہا، یوسف رضا گیلانی کے آرڈر پر عمل نہیں ہو رہا اس لیے وہ احتجاج پر ہیں، یوسف گیلانی احتجاجا اجلاس کی صدارت نہیں کر رہے، شیری صاحبہ آپ کو بھی اجلاس کی صدارت نہیں کرنی چاہیے۔اپوزیشن اراکین نے ایوان میں مائیک نہ ملنے پر احتجاج کیا گیا جس پر اپوزیشن کے شور شرابے پر کورم کی نشاندہی کی گئی۔ سینیٹ میں کورم نا مکمل ہونے پر اجلاس پیر شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے سینیٹرز میڈیا گیلری پہنچے جس میں سینیٹر شبلی فراز، علی ظفر، عون عباس بپی، راجہ ناصرعباس اور دیگر سینیٹرز شامل تھے
-

گوہر رشید اور کبریٰ خان رشتہ ازدواج میں منسلک، خانہ کعبہ سے تصویر شیئر کردی
جدہ (کنزیو مر واچ نیوز)پاکستان شوبز کے معروف اداکار مرزا گوہر رشید اور اداکارہ کبریٰ خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔گوہر رشید اور کبریٰ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر نکاح کے بعد عمرے کی ادائیگی کی تصاویر شیئر کی ہیں۔تصویر میں گوہر اور کبریٰ خان کو خانہ کعبہ کے غلاف کو ہاتھ لگاتے اور خانہ کعبہ کے سامنے ایک دوسرے کو مسکراتے ہوئے دیکھ کر تصویر بنواتے دیکھا جاسکتا ہے۔گوہر رشید اور کبریٰ خان کے مداح اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے تبصرے میں انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس خوبصورت جوڑے کے مداح ان سے محبت اور نیک تمناوں کا اظہار کر رہے ہیں۔
-

مجھے کیوں نکالا؟ شیر افضل مروت نے سوال اٹھا دیا
اسلام آباد:(کنزیو مر واچ نیوز)قومی اسمبلی اجلاس میں تحریک انصاف کے ایم ان اے شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے پر سوال اٹھادیا۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسیوں کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف سے نکالا گیا اور انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی کہا جائے گا۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں شیر افضل مروت کی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے جس پر اسپیکر نے مسکراتے ہوئے لقمہ دیا کہ آپ لوگ مروا نہ دینا ان کو۔پی ٹی آئی ارکان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں ایوان پہنچے تو پی ٹی آئی ارکان کے ایوان میں آتے ہی شیر افضل مروت نے مجھے کیوں نکالا کے نعرے لگائے۔حکومتی ارکان نے بھی ‘مروت کو کیوں نکالا جواب دو’ اور ‘ظالمو جواب دو مروت کا حساب دو’ کے نعرے بلند کیے۔بیرسٹر گوہر نے اپنے مائیک کے سامنے بانی پی ٹی آئی کی تصویر رکھ لی۔پی ٹی آئی ارکان بانی پی ٹی آئی کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے، پی ٹی آئی ارکان پلے کارڈز ڈیسک پر رکھ بیٹھ گئے۔شیر افضل مروت نے مختصر نکتہ اعتراض پر کہا کہ میرا سوال اپنے ہی دوستوں سے ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟ شیر افضل مروت کے سوال پر حکومتی ارکان مسکرا دیے جبکہ تحریک انصاف اراکین خاموش رہے۔بیرسٹر گوہر نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کا مطالبہ کیا تو شاہد خٹک نے کورم کی نشاہدہی کردی، گنتی پر کورم نامکمل نکلا جس پر قومی اسمبلی کا اجلاس سوموار کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
-

ہرنائی، بم دھماکا ، جاں بحق مزدور وں کی تعداد 11ہوگئی
کوئٹہ:(کنزیو مر واچ نیوز)ہرنائی کول مائنز ایریا میں بم دھماکے میں 11 مزدور جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے کول مائنز ایریا میں پک اپ گاڑی پر بم دھماکا ہوا ہے، جس میں 11مزدور جاں بحق اور 6زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق سوات سے ہے۔ ڈی سی ہرنائی حضرت ولی کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتے تھے۔ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو بی ایچ یو شاہرگ منتقل کردیا گیا ہے دھماکا اس وقت ہوا جب مزدور گاڑی میں کان سے بازار کی جانب جا رہے تھے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے علاقے کی ناکا بندی کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
-

ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی،آرمی چیف
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام خصوصاً نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ سے خطاب کے دوران نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور اختراعی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے طلبہ سے خطاب کے دوران پاکستان پر بیرونی ماحول کے اثرات خصوصاً سرحد پار سے دہشت گردی کے خطرات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پاک فوج کے سربراہ نے نوجوانوں کو پاکستانیت کا جذبہ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور جدت پسندی کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے ملکی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے میں قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام خصوصاً نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی۔
-

تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنیوالے اپوزیشن رہنماو ں کے نام سامنے آگئے
اسلام آباد: ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے معاملے پر تمام ایوان یکجا ہو گیا، تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والے اپوزیشن ارکان کے نام سامنے آگئے۔پاکستان تحریک انصاف، سنی اتحاد کونسل اور آزاد ارکان نے بھی تنخواہوں میں اضافے کا لکھ کر دیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی سمیت تمام ارکان تنخواہ بڑھانے کے حامی ہیں۔ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا ترمیمی بل منظور، اب کتنی تنخواہ لیں گے؟پیپلزپارٹی، ن لیگ،جے یو آئی، نیشنل پارٹی سمیت تمام جماعتوں کے ارکان تنخواہ بڑھانے پر متفق ہو گئے، اپوزیشن ارکان نے پہلے اضافے کا مطالبہ کیا، ایوان میں تنقید کرنے لگے تنخواہوں میں اضافے کو حرام قرار دینے والے شاہد خٹک دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں۔تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والوں میں چیئرمین پی اے سی جنید اکبر، انور تاج، عبدالطیف، شاہ احد علی کا نام بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ عادل بازئی، شفقت عباس، امجد علی خان، یوسف خان، سلیم الرحمان بھی اضافے کے حامی نکلے۔حمید حسین، شیر علی ارباب، مبین عارف، سہیل سلطان نے بھی تنخواہوں میں اضافے کے لیے دستخط کیے۔
-

لیبیا کشتی حادثے میں 7 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے7 کے پاکستانی شہری ہونے کی تصدیق کردی۔ایف آئی اے کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 16 افراد میں سے7 افراد پاکستانی تھے جن کی شناخت ان کے پاسپورٹ سے ہوئی۔ ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ حادثے میں جاں بحق 7 پاکستانی خیبر پختونخوا کے رہائشی ہیں جن میں سے 6 کا تعلق کرم اور ایک کا باجوڑ سے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے نے بتایا تھا کہ 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی گئی تھی۔ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حادثے میں 16 پاکستانی جاں بحق ہوئے تاہم گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے صرف 10 افراد کی لاشیں نکالی گئی تھیں۔
-

لیبیا میں پاکستانی شہریوں کو لیجانے والی ایک اور کشتی حادثے کا شکار، 10 لاشیں نکال لی گئیں
لیبیا میں پاکستانی شہریوں کو لے جانے والی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا میں ایک اور کشتی حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی شہریوں کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوئی ہے۔لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم زاویہ اسپتال روانہ کر دی گئی ہے، پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم مقامی حکام کی معاونت کرے گی۔وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کرائسز مینجمنٹ یونٹ متحرک کر دیا گیا ہے اور کشتی حادثے میں متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مرسا ڈیلا بندرگاہ سے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے بعد 10 لاشیں نکالی گئیں۔لیبیا ہلال احمر کے مطابق زاویہ شہر میں مرسا ڈیلا بندرگاہ سے تارکین وطن کی لاشیں جمعرات کو نکالی گئیں، تارکین وطن کی لاشوں کوقانونی کارروائی کےلئےمقامی حکام کےسپرد کر دیا گیا ہے۔لیبین میڈیا کے مطابق ہلال احمر نے کشتی ڈوبنے کی وجہ اور مسافروں کی شناخت نہیں بتائی۔
-

نئے ججز کی تقرری کیخلاف وکلا کا احتجاج، پولیس سے جھڑپیں، سری نگر ہائی وے بلاک کردی
اسلام آباد: نئے ججز کی تقرری کے خلاف وکلا کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کیا جا رہا ہے اور اس دوران وکلا اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ وکلا کے احتجاج کے پیش نظر سپریم کورٹ کے احاطے میں بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور سپریم کورٹ جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا رکھا گیا ہے۔ریڈ زون کے داخلی راستے بند ہونے کے باعث کشمیر چوک میں شدید ٹریفک جام ہے، سرینا چوک، نادرا، میریٹ، ایکسپریس چوک اورٹی کراس بری امام بھی بند ہیں جبکہ جناح انڈر پاس بھی کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے۔سرینا چوک پر وکلا اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی جبکہ ریڈ زون میں داخلہ نہ ملنے پر وکلا نے سری نگر ہائی وے بلاک کر دی۔ادھر پولیس نے سپریم کورٹ میں داخلے کیلئے وکلا کیلئے مختص داخلی دروازہ بندکر دیا اور پولیس اہلکاروں کا وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا ہمیں آرڈر ہے کہ اندر نہیں جانے دینا، پولیس نے فاروق ایچ نائیک کو تالا کھول کرخصوصی طور پر اندر آنے کی اجازت دی۔احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کے آپریشن کو بھی محدود کر دیا گیا ہے، میٹرو بس سروس فیض احمد فیض اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند ہے۔میٹرو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی صدر اسٹیشن سے فیض احمد فیض اسٹیشن تک بس سروس بحال ہے، اسلام آباد میں میٹرو بس سروس سکیورٹی وجوہات کے باعث بند کی گئی ہے۔
