Blog

  • ایشیاکپ ٹرافی تنازع، آئی سی سی کی بڑی پیشکش

    ایشیاکپ ٹرافی تنازع، آئی سی سی کی بڑی پیشکش

    دبئی (کنزیومرواچ نیوز)آئی سی سی نے ایشیا کپ ٹرافی تنازع کے حل میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔گزشتہ روز دبئی میں بورڈ میٹنگ کے دوران وقفے میں ارکان نے اس حوالے سے بات کی۔ یہ معاملہ باقاعدہ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا لہذا میٹنگ میں اس پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ سائیڈ لائنز پر چند رکن ممالک نے کہا کہ ایشیا کپ ٹرافی کا تنازع حل ہونا چاہیئے،صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے بھی حل پر آمادگی ظاہر کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے طے ہو۔ذرائع نے بتایا کہ ایشیا کپ ٹرافی کے لیے کوئی کمیٹی تشکیل نہیں کی گئی۔

  • مشہور انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا رشتہ ازدواج میں منسلک، طارق جمیل نے نکاح پڑھایا،

    مشہور انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا رشتہ ازدواج میں منسلک، طارق جمیل نے نکاح پڑھایا،

    لاہور (کنزیومرواچ نیوز)کلینیکل سائیکولوجسٹ، سابق نیوز اینکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا علی خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ماضی میں اپنے کچھ بیانات اور ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہنے والی ڈاکٹر نبیہا نے اپنے قریبی دوست حارث کھوکھر سے نکاح کر لیا جس تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ڈاکٹر نبیہا علی کے نکاح کی تقریب مولانا طارق جمیل کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جہاں مولانا طارق جمیل نے خود ان کا نکاح پڑھایا۔تقریب میں محدود مہمان شریک ہوئے جن میں فرح اقرار اور دیگر مشہور شخصیات بھی شامل تھیں۔ڈاکٹر نبیہا نے آف وائٹ رنگ کا سادہ مگر پروقارعروسی لباس زیب تن کیاجبکہ ان کے ہمسفر حارث نے بھی اسی رنگ کی شیروانی پہن کر ہم آہنگی برقرار رکھی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نبیہا نے قیمتی زیورات پہنے جن کی مالیت ایک کروڑ روپے ہے جبکہ ان کا لباس بھی معروف ڈیزائنر حنا سلمان کا تیار کردہ تھا جس کی قیمت بھی تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ڈاکٹر نبیہا کے مطابق انہیں پہلے معلوم نہیں تھا کہ مولانا طارق جمیل نکاح پڑھائیں گے، یہ فیصلہ خود مولانا کی جانب سے دو روز قبل کیا گیا جس پر وہ بےحد خوش ہوئیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی

    اسلام آباد (کنزیو مرواچ نیوز)وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں ترمیم پر کابینہ کو بریفنگ دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر باکو سے بذریعہ ویڈیو لنک وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی اور اسکا بھرپور خیرمقدم کیا، وزیر اعظم نے اجلاس میں کابینہ ارکان کا خیر مقدم کیا اور اتحادی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ قانون و انصاف نے میڈیا کو ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی، کابینہ کی منظوری کے بعد ترمیم کے مسودے کو پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاق کے صوبوں کے ساتھ رشتے کی مضبوطی اور ملک کے وسیع مفاد میں 27ویں آئینی ترمیم کیلئے سب نے مل کر کوشش کی، جس کیلئے وزارت قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور انکی ٹیم لائق تحسین ہے، 27 ویں آئینی ترمیم پر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو اعتماد میں لیا اور ان سے اس پر رہنمائی حاصل کی جس پر انکا تہہ دل سے مشکور ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور انکی رضامندی پر انکے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہان بالخصوص، بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالد حسین مگسی اور چوہدری سالک حسین کا شکر گزار ہوں جن سے ان کی جماعتوں کے وفود کے ہمراہ بذات خود مشاورت کی اور انہوں نے اس مسودے کی بھرپور تائید کی۔انہوں نے کہا کہ ایمل ولی خان، اعجاز الحق اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی مشاورت کی اور انہیں آئینی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا، اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔قبل ازیں ذرائع نے کہا تھا کہ اجلاس میں تین ترامیم کی منظوری دی جائے گی، ترامیم میں آئینی کورٹ بنانے، ججز کی ٹرانسفر اور آرٹیکل 243میں تبدیلی ہوگی، 27ویں ترمیم میں آئین کی مختلف شقوں میں کل 46ترامیم کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق آرمی، ایئرفورس اورنیوی کے بعد اب چوتھی فور س” آرمی راکٹ فورس“ (اے آر ایف سی) ہوگی، چیف آف آرمی اسٹاف ”کمانڈر آف ڈیفنس فورسز بھی کہلائیں گے، تمام کوآرڈینیشن چیف آف آرمی اسٹاف خود بلحاظ کمانڈر آف ڈیفنس فورسز کیا کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راکٹ فورس میں اسٹرٹیجک پلان ڈویژن ( ایس پی ڈی) بھی شامل ہے، ایس پی ڈی پہلے چیئرمین جوائنٹ آف اسٹاف کے ماتحت کام کرتی تھی، اب چیئرمین جوائنٹ آف اسٹاف کاعہدہ ختم ہوجائے گا اور اس کی جگہ اب کمانڈر آف ڈیفنس فورسز آجائے گی۔ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس سے آج منظوری کے بعد ترامیم کو سینٹ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔سینیٹ میں پیش کرنے کے بعد سینٹ اورقومی اسمبلی کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹی قائم ہوجائے گی جواس پر غور کرے گی، کمیٹی تمام ترامیم پر اپنی رپورٹ دے گی کمیٹی میں مختلف نمائندوں کوخصوصی طور پر شامل بھی کیاجائے گا۔

  • ہانگ کانگ سکسز: پاکستان نے  جنوبی افریقا کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

    ہانگ کانگ سکسز: پاکستان نے جنوبی افریقا کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

    وکٹوریہ (کنزیومروان نیوز)ہانگ کانگ سکسز کے دوسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان کے کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے۔
    جنوبی افریقا کی جانب سے جورک وین نے 40 رنز بنائے جب کہ عبد اللہ بیومی اور کپتان جارڈن مورس ایک، ایک رن بنا سکے جبکہ بلکی سمجمن اور یتھن جان بالترتیب 26 اور 29 رنز کے ناٹ آؤٹ رہے۔
    پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد نے 3 وکٹ اپنے نام کی۔
    ہدف کے تعاقب میں پاکستان 3.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 105 رنز بنا کر میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔ اوپننگ بیٹر عبد الصمد نے 10 گیندوں میں 6 چھکوں کی بدولت 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
    وکٹ کیپر بیٹر خواجہ نافع 36 رنز بنا سکے جبکہ کپتان عباس آفریدی نے 2 گیندوں میں 2 چھکوں کی بدولت 12 رنز بنائے۔

  • نابینا نجومی بابا وانگا کی 2026 کیلئے کی جانیوالی بڑی پیشگوئیاں سامنے آگئیں

    نابینا نجومی بابا وانگا کی 2026 کیلئے کی جانیوالی بڑی پیشگوئیاں سامنے آگئیں

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)مشہورِ زمانہ نابینا نجومی بابا وانگا کی جانب سے آئندہ سال کے لیے ماضی میں کی جانے والی پیشگوئیاں سامنے آگئیں۔
    بابا وانگا کا تعارف:
    بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی معروف خاتون نابینا نجومی آنجہانی بابا وانگا کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے دنیا بھر کے تاریخی اور افسوسناک واقعات سے متعلق سچ پیشگوئیاں کی تھیں۔
    بابا وانگا کی پیدائش 1911 میں اور موت 1996 میں ہوگئی تھی، اس وقت ان کی عمر 85 برس تھی، لیکن مرنے سے قبل وہ دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے واقعات کی پیشگوئیاں کرگئی تھیں ، ان میں سے ایک 9/11 کی مبینہ پیشگوئی بھی تھی۔
    نابینا بابا وانگا اور فرانسیسی نجومی کی 2025 کیلئے کی گئی خطرناک پیشگوئیاں
    بابا وانگا کی پرورش رومانیہ میں ہوئی تاہم جب وہ 12 برس کی تھیں تو رومانیہ میں شدید مٹی کا طوفان آیا جس میں وہ نابینا ہوگئیں۔
    یہ ناصرف جڑی بوٹیوں کی حکیم بلکہ مذہبی پیشوا بھی تھیں جنہوں نے سال 5079 تک کی پیشگوئیاں کی ہیں کیونکہ ان کا خیال تھا کہ اس کے بعد دنیا کا اختتام ہوجائے گا۔
    نابینا بابا وانگا نے 2026 کے لیے کیا پیشگوئیاں کیں؟
    1) تباہ کن قدرتی آفات
    کئی مرتبہ بابا وانگا کی یہ پیشگوئی سامنے آئی کہ دنیا قدرتی آفات کے گھیرے میں رہے گی اور کئی بار ایسا ہوا لیکن اب 2026 کے لیے کی گئی بابا وانگا کی پیشگوئی میں ہے کہ اس سال بڑے پیمانے پر زلزلے، آتش فشاں پھٹنے اور موسم کی شدت زمینی رقبے کے 7 سے 8 فیصد حصے کو تباہ کردے گی۔
    یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یورپ میں ریکارڈ گرمی کی لہر، آسٹریلیا اور کینیڈا میں تباہ کن جنگلات کی آگ اور میانمار جیسی جگہوں پر آنے والے زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کو دیکھتے ہوئے، قدرتی آفات کی اس مخصوص پیشگوئی نے بہت زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔
    2) عالمی طور پر بڑھتے ہوئے تنازعات کا سال
    بابا وانگا کا نام بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات کی پیشگوئیوں کے ساتھ بھی منسلک ہے، جیسے ان کی 9/11 کی مبینہ پیشگوئی سچ ثابت ہوئی، اس کے علاوہ انہوں نے ورلڈ وار 3 کی پیشگوئی بھی کررکھی ہے اور اس حوالے سے 2026 اہم ہے۔
    بابا وانگا کے مطابق 2025 سے انسانیت کا زوال شروع ہوجائے گا اور 2026 میں عالمی طاقتوں چین ، روس اور امریکا میں تنازعات پیدا ہوسکتے ہیں۔
    کچھ رپورٹس میں ہے کہ چین کی جانب سے تائیوان پر قبضہ کرنے کی کوشش اور روس، امریکا کے درمیان براہ راست تصادم ہوسکتا ہے۔
    3) 2026 میں دوسری تہذیبوں سے رابطہ:
    بابا وانگا نے اس سال سے متعلق ایک پیشگوئی یہ بھی کی ہے کہ انسانوں کا دوسری مخلوق یا تہذیبوں کے ساتھ پہلی بار رابطہ ہوسکتا ہے۔
    کچھ رپورٹس کے مطابق 2026 میں ایک بڑا خلائی جہاز زمین کے قریب آسکتا ہے، ایک وسیع خلائی جہاز زمین کی جانب بڑھ رہا ہے اور اسے Interstellar سے جوڑا جارہا ہے۔
    4) عالمی معیشت کے لیے ایک مشکل سال:
    بابا وانگا کی ایک پیشگوئی یہ بھی ہے کہ عالمی معیشت کے لیے آنے والا سال انتہائی مشکل ہوسکتا ہے۔
    5) AI ٹرننگ پوائنٹ:
    وانگا کے مطابق مصنوعی ذہانت 2026 میں دنیا کے بڑے اور اہم شعبوں پر غلبہ حاصل کرلے گی جس سے نہ صرف ملازمت میں خلل پڑے گا بلکہ سنگین مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

    مزید خبریں :

  • نیو یارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی رمیز راجہ کے مداح نکلے، ویڈیو وائرل

    نیو یارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی رمیز راجہ کے مداح نکلے، ویڈیو وائرل

    نیویارک (کنزیومرواچ نیوز)ڈیموکریٹک سوشلسٹ ظہران ممدانی سابق پاکستاسنی کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ کے مداح نکلے۔34 سالہ ظہران ممدانی منگل کے روز نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوئے جس کے بعد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر کی الیکشن مہم کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جسے اب رمیز راجہ نے بھی ری شیئر کیا ہے۔وائرل ویڈیو میں ظہران کو اپنی ٹیم سے خطاب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، انہوں نے اپنے ساتھیوں کا جوش بڑھانے کے لیے رمیز راجہ کا حوالہ دیا اور ان کی لائنز (To snatch defeat from the jaws of victory) دہرائیں۔تاہم سابق پاکستانی کرکٹر رمیز راجہ نے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر کی الیکشن مہم کی مذکورہ ویڈیو مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ری شیئر کی اور انہیں مبارکباد بھی دی۔انہوں نے کہا کہ بہت بہت مبارک ہو مسٹر ممدانی اور کمنٹری کے شوقین ہونے کا شکریہ، آپ نے سیدھے بلے سے کھیل کر ان لوگوں کو بے نقاب کیا جو کرکٹ نہیں کھیلتے، آپ پر بہت فخر ہے۔

  • میکسیکن صدر کو ہراسانی کا سامنا، مجمعے میں موجود شخص کی بوسہ لینے کی کوشش

    میکسیکن صدر کو ہراسانی کا سامنا، مجمعے میں موجود شخص کی بوسہ لینے کی کوشش

    میکسیکو سٹی (کنزیومرواچ نیوز)میکسیکو کی خاتون صدر کلاڈیا شین بام کے ساتھ حامیوں سے ملاقات کے دوران ہراسانی کا واقعہ پیش آیا۔اقوام متحدہ کی خواتین سے متعلق ایجنسی (یو این ویمن) کے اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی تقریباً 70 فیصد خواتین اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جنسی ہراسانی کا سامنا کرتی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی صدر کے ساتھ ہراسانی کا یہ واقعہ منگل کو پیش آیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔شین بام صدارتی محل کے قریب ایک تقریب کے لیے جا رہی تھیں کہ راستے میں ان کے حامی ملے، وہ حامیوں سے ہاتھ ملا رہی تھیں جب کہ انہوں نے تصاویر بھی بنوائیں، اس دوران ایک شخص پیچھے سے آیا اور اس نے غیر اخلاقی انداز میں صدر کو چھوتے ہوئے گردن پر بوسہ لینے کی کوشش کی۔رپورٹ کے مطابق صدارتی سکیورٹی ٹیم کے ایک اہلکار نے فوری طور پر اُس شخص کو پیچھے ہٹا دیا جب کہ اس شخص کو نشے میں دھت بتایاگیا ہے۔اس رویے کے باوجود کلاڈیا شین بام نے اس شخص سے مہذب انداز میں برتاؤ کیا اور اس کے ساتھ تصویر بنوانے پر رضامندی ظاہر کی تاہم بعد میں سکیورٹی حکام نے اطلاع دی کہ اُس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔وزارت خواتین کی سربراہ نے اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج اپنی صدر کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

  • کراچی میں ای چالان کا نظام بے قابو، شہری کو ایک ہی روز میں 50 ہزار کے چالان مل گئے

    کراچی میں ای چالان کا نظام بے قابو، شہری کو ایک ہی روز میں 50 ہزار کے چالان مل گئے

    کراچی:(کنزیومرواچ نیوز) شہر قائد میں ای چالان کا نظام بے قابو ہوگیا اور شہری کو ایک ہی روز میں 5 چالان مل گئے۔حکیم اللہ کے مطابق اسے پانچوں ای چالان 30 اکتوبر کو کیے گئے جن میں سے چالان ایک ہی مقام پر اور2 دوسرے مقام پر ہوئے۔شہری کا بتانا ہے کہ پہلے 3 چالان 12:03 منٹ پر ماڑی پور میں ہوئے، چوتھا اور پانچواں چالان 12 بجکر 13 منٹ پر حسن اسکوائر پر ہوا جب کہ تمام چالان سیٹ بیلٹ نہ پہنے پر کیے گئے۔شہری نے کہا ہےکہ موصول شدہ چالان پر تاریخ بھی درج ہے جب کہ 50 ہزار کے چالان موصول ہونے پر شہری نے سر پکڑ لیا ۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہری سے رابطہ ہو گیا ہے اسے سہولت سینٹر جانے کا کہا گیا ہے،یہ چالان ری ویو ہو جائیں گے اور چونکہ ان کا پہلا چالان تھا اس لیے وہ بھی معاف ہو جائے گا۔

  • امریکی صدر نے پاک بھارت جنگ میں 8 طیارے گرائے جانے کا دعویٰ کردیا

    امریکی صدر نے پاک بھارت جنگ میں 8 طیارے گرائے جانے کا دعویٰ کردیا

    میامی:(کنزیومرواچ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ میں 7 کے بجائے 8 طیارے گرنے کا دعویٰ کردیا۔میامی میں بزنس فورم سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران میں نے سنا کچھ اخبارات میں آیا کہ 7 یا 8 طیارے گرائے گئے، ایک اخبار نے لکھا کہ 7 طیارے گرائے گئے، ایک کونقصان پہنچا،کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا، زیادہ ترجھوٹی خبریں دیتے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ مگر حقیقت میں پاک بھارت جنگ کےدوران 8 طیارے گرائےگئے۔ امریکی صدر نے ایک بار پھر جنگ رکوانے کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا کہ دونوں ایٹمی مما لک کی جنگ ٹیرف کی مدد سے روکی۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر متعدد پلیٹ فارمز پر پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرائے جانے کا ذکر کرچکے ہیں۔

  • ایم کیو ایم نے 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کیلئے اختیارات مانگ لیے

    ایم کیو ایم نے 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کیلئے اختیارات مانگ لیے

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کردیا۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس دوران 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ایم کیو ایم وفد میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار شامل تھے۔ذرائع کے مطابق ایم کو ایم رہنماؤں نے وزیراعظم سے 27 ویں آئینی ترمیم میں مقامی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومتی اتحاد 27 ویں آئینی ترمیم پیش کرنے کی تیاری میں ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ویں ترمیم رواں ماہ ہی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرائی جائے گی۔