Blog

  • بھارت کے7 طیارےگرائے گئے تھے، ٹرمپ نے پھر مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا

    بھارت کے7 طیارےگرائے گئے تھے، ٹرمپ نے پھر مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا

    واشنگٹن(کنزیومرواچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حالیہ کشیدگی میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کے 7 طیارے گرنےکا ذکر کردیا۔امریکی صدر نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 8 جنگیں رکوا چکا ہوں۔ بھارت اور پاکستان جوہری جنگ کے بہت قریب تھے، پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرائے گئے تھے۔صدر ٹرمپ کاکہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے کہا کہ آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائی ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا اشارہ اُس ممکنہ ایٹمی جنگ کی جانب تھا جو بھارت اور پاکستان کے درمیان چھڑنے کے قریب تھی۔امریکی صدر نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے بعد وائٹ ہاؤس میں بال روم پروجیکٹ کے عشائیے سے خطاب کے دوران بھی پاک بھارت جنگ روکنا کا ذکر کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ مجھے جنگیں روکنا پسند ہے، تجارت کو جنگیں روکنے کے لیے استعمال کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 8 ماہ میں 8 جنگیں روکیں مگر پھر بھی نوبیل انعام نہیں ملا، ہوسکتا ہے اگلاسال بہتر ہو۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ یوکرین جنگ بھی ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں

  • ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں31 اکتوبر تک  توسیع کر دی

    ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں31 اکتوبر تک توسیع کر دی

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید 16 دن کی توسیع کر دی ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے 31 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ایف بی آر نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر 2025 تک توسیع کی گئی ہے اور ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع ٹیکس بار ایسوسی ایشنز، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور تاجر تنظیموں کی درخواست پر کی گئی ہے۔ذرائع ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ابھی تک 51 لاکھ لوگوں نے ٹیکس ریٹرنز فائل کیے ہیں،گزشتہ سال 15 اکتوبر تک 46لاکھ افراد نے ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل 30ستمبر کو ایف بی آر نے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15دن کی توسیع کی تھی تاہم ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور شہریوں نے تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • کل سے پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    کل سے پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 اکتوبر سے کمی کا امکان ہے۔پیٹرولیم سیکٹر کے ذرائع کے مطابق 16 اکتوبر سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6.10 روپے تک کی کمی متوقع ہے۔توقع ہے کہ اس اقدام سے مسلسل مہنگائی سے نبرد آزما صارفین کو معمولی راحت ملے گی۔دوسر ی جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو جمع کرائے گئے صنعت کی قیمتوں کے حسابات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 97 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

  • اٹلی نے اسرائیل کو فیفا ورلڈکپ سے باہر کردیا

    اٹلی نے اسرائیل کو فیفا ورلڈکپ سے باہر کردیا

    لندن (کنزیو مرواچ نیوز)اٹلی نے اسرائیل کو فیفا ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی میچ میں شکست دیدی۔فیفا ورلڈکپ 2026 کے کوالیفائی میچ میں اٹلی نے اسرائیل کو 0۔3سے شکست دے کر باہر کردیا۔میچ سے قبل اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔دوسری جانب اطالوی پولیس نے اسرائیل مخالف مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن بھی کیا۔اس سے قبل اسپین نے اسرائیل کی شرکت پر فیفا ورلڈکپ 2026 کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔

  • پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے، شادی غیر ملکی سے کروں گی: سعیدہ امتیاز

    پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے، شادی غیر ملکی سے کروں گی: سعیدہ امتیاز

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)پاکستانی اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا ہےکہ ان کے خیال میں پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے وہ شادی کسی غیر ملکی سے کریں گی۔ اداکارہ سعیدہ امتیاز حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے اپنے مستقبل کے شریک حیات سے متعلق خیالات اور مردوں کے غیر ازدواجی تعلقات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
    پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے: سعیدہ امتیاز
    اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا کہ ’میرے نزدیک ارینج میرج ڈراؤنی ہے، شادی کیلئے 2 لوگوں میں ہم آہنگی ہونی چاہیے‘۔
    سعیدہ امتیاز نے اپنی شادی سے متعلق سوال پر جواباً کہا کہ ’میں لو پلس ارینج میرج کروں گی، میری خواہش ہے کہ میری شادی پاکستانی مرد سے نہ ہو اس کے بجائے غیر ملکی شخص سے ہو‘۔
    سعیدہ امتیاز نے غیر ملکی شخص سے شادی کی خواہش کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے، اس کے برعکس دوسرے ممالک کے مر دحضرات میں بے وفائی کم پائی جاتی ہے، میرے بھائی اور بہنیں نیویارک میں رہتے ہیں، وہاں مردوں کو ایک شادی کے ساتھ دوسری شادی کی اجازت نہیں‘۔
    اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے ایسی بھی کہانیاں سنی ہیں جہاں ایک بہن نے اپنی ہی بہن کے منگیتر سے شادی کرلی لہٰذا لڑکیوں کو شادی شدہ مردوں کے بجائے کنوارے لڑکوں سے تعلقات استوار کرنے چاہئیں تاکہ کسی دوسری لڑکی کا گھر نہ خراب ہو ۔
    اگر کوئی شادی شدہ مرد اداکارہ کو پیغام بھیجے تو وہ کیا کرتی ہیں؟
    اس حوالے سے اداکارہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’ اگر کوئی شادی شدہ مرد مجھے میسیجز بھیجے تو میرا ان کو یہی جواب ہوتا ہے کہ میں ان پیغامات کے اسکرین شاٹس آپ کی بیگم کو بھیج دوں گی اس کے بعد وہ مرد حضرات ڈر جاتے ہیں‘۔

  • بھارتی  اشتعال انگیز بیانات سے امن کو سنگین خطرات ہیں : پاک فوج

    بھارتی اشتعال انگیز بیانات سے امن کو سنگین خطرات ہیں : پاک فوج

    راولپنڈی (کنزیومرواچ نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے بھارتی فوجی قیادت نے من گھڑت اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی گھمنڈ اور اشتعال انگیز بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انتہائی تشویش کے ساتھ نوٹس کیا گیاکہ بھارتی فوجی قیادت نے وہی من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈا دہرانا شروع کر دیا ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معرکہِ حق کے 5 ماہ بعد بھارتی فوجی قیادت نے پروپیگنڈہ دہرانا شروع کیا، بھارتی فوجی قیادت کا من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈہ دہرانا انتہائی تشویشناک ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے پیش نظر بھارتی نے یہ پروپیگنڈہ دہرانا شروع کیا، ایسا لگتا ہے بھارتی فوج اور اسکی سیاسی قیادت معرکہ حق کی شکست تسلیم نہیں کر پائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اس حقیقت کو ہضم نہیں کر پائی کہ انہیں معرکہ حق میں فیصلہ کن شکست ہوئی، بھارت کی جھوٹ کی پرتیں بے نقاب ہو چکی ہیں، دنیا اب بھارت کو سرحد پار دہشتگردی کا اصلی چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز مانتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اپنے عوام اور پڑوسیوں کے مفاد کے منافی مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر اڑا ہوا ہے، پاکستانی عوام اور افواج اپنی دھرتی کے ہر انچِ کے دفاع کے لیے پوری صلاحیت اور پختہ عزم رکھتے ہیں۔شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلح افواج اور اس کے سیاسی آقاؤں کو پاکستانی صلاحیت اور عزم کو سمجھ لینا چاہیے، ہر جارحیتی اقدام کا جواب تیز، پختہ اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا،جو اگلی نسلیں یاد رکھیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی عوام اور بین الاقوامی برادری کو جھوٹ باور کروائے جا رہےہیں، ہرپیشہ ور فوجی جانتا ہوگا کہ غیرضروری گھمنڈ اوربےجا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتےہیں، ایسےعمل سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

  • پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بنادیا، 20  ہلاک

    پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بنادیا، 20 ہلاک

    راولپنڈی:(کنزیومرواچ نیوز) پاک فوج نے اسپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 20 طالبان کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے بلوچستان کے علاقے اسپن بولدک میں 4 مقامات پر حملے کیے گئے تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی نے افغان طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا جب کہ پاک فوج کی کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد دیہات اور معصوم لوگوں کو بطورڈھال استعمال کررہے ہیں، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی طرف سے اڑا دیا، یہ عمل ان کے تجارتی و قبائلی تعلقات کے بارے میں ناپختہ سوچ ظاہر کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی صورتحال اب بھی کشیدہ اور غیر یقینی بتائی جا رہی ہے، اطلاعات ہیں کہ فتنہ الخوارج اور طالبان مزید حملوں کی تیاری میں ہیں اور یہ حملہ اسپن بولدک تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع منصوبے کا حصہ تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک فوج نے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کےکل رات کرم سیکٹر پر حملے کی کوشش بھی ناکام بنائی، جوابی حملے میں افغان طالبان کی 8 پوسٹیں، 6 ٹینک بمعہ عملہ تباہ کیں اور 25 سے 30 طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجو ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کہنا کہ حملہ پاکستان نے شروع کیا، سراسر جھوٹ اور بے بنیاد دعویٰ ہے، طالبان حکومت کے جھوٹے دعوے معمولی حقائق سے بھی غلط ثابت کیے جاسکتے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان پر کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

  • پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے

    پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور طویل عرصے تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہنے والے آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور پھر چند روز قبل دوبارہ ان کی طعیبت خراب ہو گئی تاہم آج ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔ایوان صدر کی جانب سے بھی آغا سراج درانی کے انتقال کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

  • مضبوط فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی، وزیراعظم

    مضبوط فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی، وزیراعظم

    قاہرہ (کنزیومرواچ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ اور القدس الشریف کے بطور اس کے دار الخلافہ، ایک مضبوط اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام، پاکستان کی مشرق وسطیٰ کی پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی۔
    وزیراعظم شہباز شریف اپنا 2 روزہ دورہ شرم الشیخ مکمل کرکے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے، وزیرِ اعظم نے شرم الشیخ، مصر میں منعقدہ غزہ امن سربراہ اجلاس میں شرکت کی، مصر کے وزیرِ ثقافت احمد فواد ھنو نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
    اپنی روانگی سے قبل ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب جب میں شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے لیے ہوائی جہاز پر سوار ہو رہا ہوں، میں ممکنہ طور پر اس بڑی تبدیلی کی نوعیت کے بارے میں اپنے کچھ تاثرات بتانا چاہتا ہوں کہ یہ کیسے ممکن ہوا اور پاکستان کا کیوں اس سے بہت گہرا تعلق رہا ہے۔
    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ پر مسلط کی گئی نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکنا تھا، دیگر برادر اقوام کے ساتھ مل کر اس ترجیح کو تسلسل کے ساتھ بیان کیا گیا اور تقویت دی گئی، صدر ٹرمپ کے لیے ہمارا شکریہ اس بات کی بنا پر ہے کہ وہ اسے روکیں گے، اور اس وعدے کو پورا کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم امن کے لیے صدر ٹرمپ کے منفرد کردار کی تعریف کا اظہار کرتے رہیں گے، فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور خوشحالی پاکستان کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ انشاء اللہ، 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ اور القدس الشریف کے بطور اس کے دار الخلافہ، ایک مضبوط اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام، پاکستان کی مشرق وسطیٰ کی پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

    انسداد دہشت گردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

    راولپنڈی:(کنزیومرواچ نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔واضح رہے کہ تھانہ صادق آباد احتجاج کیس میں آج علیمہ خان پر فرد جرم عائد ہونا تھی، تاہم علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی اور وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے علیمہ خان کو گرفتار کرکے کل بدھ 15 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ طلبی کے باوجود بار بار پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالنا ہوتا ہے۔عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے آرڈرز فوری تفتیشی آفیسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے ساتھ پولیس ٹیم اڈیالہ جیل جائے گی۔ علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ رہی ہیں۔ جیل سماعت کے بعد علیمہ خان کی گرفتاری یا وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔