Blog

  • آپ کو خوبصورت کہنے پر کوئی اعتراض تو نہیں؟ ٹرمپ کی اطالوی خاتون وزیراعظم سے گفتگو وائرل

    آپ کو خوبصورت کہنے پر کوئی اعتراض تو نہیں؟ ٹرمپ کی اطالوی خاتون وزیراعظم سے گفتگو وائرل

    قاہرہ (کنزیو مرواچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اطالوی خاتون وزیراعظم جارجیا میلونی کیلئے تعریفی الفاظ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن اجلاس کے دوران اس وقت ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے جب انہوں نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کی تعریف کیلئے یہ الفاظ کہے کہ ’ ہمارے پاس ایک خاتون ہیں، امریکا میں مجھے یہ کہنے کی اجازت تو نہیں کیونکہ یہ الفاظ آپ کے سیاسی کیرئیر کا اختتام ہوسکتے ہیں لیکن میں پھر بھی چانس لوں گا اور کہوں گا کہ وہ ایک نوجوان خوبصورت خاتون ہیں‘۔دوران گفتگو ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم کو ڈھونڈھتے ہوئے سوال کیا کہ وہ کہاں ہیں؟ اس دوران وزیراعظم جارجیا میلونی ٹرمپ کے پیچھے کھڑی مسکراتی رہیں۔اس کے بعد ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم کو پیچھے دیکھ کر سوال کیا کہ آپ کو اگر خوبصورت کہا جائے تو آپ کو اعتراض تو نہیں کیوں کہ آپ (خوبصورت ) ہیں۔بعدازاں ٹرمپ نے ان کی سیاسی کامیابیوں سے متعلق یہ بھی کہا کہ ’ وہ یہاں آنا چاہتی تھیں، ہم ان کی اٹلی میں موجودگی کا احترام کرتے ہیں، وہ ایک بے حد کامیاب سیاستدان ہیں جن کی یہاں آمد پر شکر گزار ہیں‘۔

  • امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

    امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

    واشنگٹن:(کنزیومرواچ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا سے کامیاب ٹیرف مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے وزیر خزانہ واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں ان کی امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئیں۔وزیر خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر امریکی حکام سے بات کی، پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات ہوئے جس پر وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب نے امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اعلامیے کے مطابق امریکی حکام سے تجارتی معاہدہ پاکستان کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے جب کہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری و نجی سطح پر تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خزانہ سے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں اور ارکان نے بھی ملاقات کی جس دوران محمد اورنگزیب نے معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔اس کے علاوہ وزیر خزانہ سے سٹی بینک کے نمائندوں، آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر ریکارڈو پولیتی سے بھی ملاقات ہوئی جس دوران ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی معاملات جلد طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر نے بھی ملاقات کی جس دوران محمد اورنگزیب نے ایم 6 موٹر وے کے 2 حصوں کے لیے فنانسنگ کی منظوری پر اظہار تشکر کیا جب کہ پولیو کے خاتمے اور تیل فنانسنگ سہولت میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا سراغ لگالیا

    قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا سراغ لگالیا

    لاہور:(کنزیومرواچ نیوز) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا سراغ لگالیا۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالےاداروں نے سعدرضوی اور انس رضوی کا سراغ لگالیا ہے اور دونوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد اور انس رضوی کے زخمی ہونے کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، اگر وہ زخمی ہیں تو انہیں فوراً خود کو قانون نافذکرنے والےاداروں کے حوالے کر دینا چاہیے تاکہ ان کا علاج کرایا جا سکے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق مریدکے میں ٹی ایل پی کے پر تشدد احتجاج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کے بعد انتشار پسند مظاہرین کو منتشر کردیا گیا ہے جب کہ پر تشدد احتجاج میں ایک پولیس افسر شہید اور ایک درجنوں اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ 12/13 اکتوبر کی درمیانی رات پیش آیا، انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور احتجاج کو کم متاثرہ مقام پرکرنے کی ہدایت کی، مذاکرات کے دوران احتجاج کی قیادت نے ہجوم کو اکسانا جاری رکھا، ہجوم نے پتھراؤ، کیلوں والے ڈنڈے اور پیٹرول بموں سمیت تشدد آمیز ہتھکنڈے استعمال کیے، پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھینا گیا اور اسی چھینے گئے اسلحہ سے فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور ابتدائی معائنےکے مطابق فائرنگ میں استعمال گولیاں چھینےگئے اسلحے کی تھیں،
    پولیس ذرائع کے مطابق کم از کم 40 سرکاری و نجی گاڑیاں جلا دی گئیں اور کئی دکانیں بھی نذرِ آتش ہوئیں، تشدد کے دوران 48 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں 17 کو گن شاٹ کے زخم آئے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کرکے ان کا علاج جاری ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق تصادم میں 3 ٹی ایل پی کارکن اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوئے جب کہ 30 کے قریب شہری زخمی ہوئے،مظاہرین نے یونیورسٹی کی بس سمیت متعدد گاڑیاں اغوا کرکے احتجاج میں استعمال کیں، عینی شاہدین کے مطابق بعض گاڑیاں عوام کو کچلنے کے لیے بھی چلائی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق شر پسند عناصر نے پولیس پر پتھر، پیٹرول بم اور کیلوں والے ڈنڈوں سے منظم حملے کیے، متعدد مقامات سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، پولیس نے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
    پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ کارروائی منظم تشدد کا حصہ تھی جس میں قیادت نے ہجوم کو اکسانے کا کردار ادا کیا، قیادت نے خود فرار ہو کر شہریوں اور ریاست کو خطرے میں ڈال دیا، ہتھیار چھیننا، پیٹرول بم اور گاڑیاں جلانا کسی بھی طرح پرامن احتجاج نہیں کہلاتا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کو قانون کے مطابق جواب دہ ٹھہرایا جائے گا، بےگناہ راہ گیر کی ہلاکت قومی لمحہ فکریہ ہے، ریاست کی ذمہ داری شہری جان و املاک کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہے۔

  • غزہ سے کسی کو زبردستی نہیں نکالا جائے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

    غزہ سے کسی کو زبردستی نہیں نکالا جائے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن (کنزیومرواچ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ وہ اتوار کو مشرقِ وسطیٰ کے دورے پر روانہ ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پیر یا منگل کو یرغمالیوں کی رہائی کے موقع پر وہ اسرائیل میں موجود ہوں گے۔امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا غزہ سے کسی کو زبردستی نہیں نکالا جائے گا، غزہ امن منصوبہ سب کی حمایت سے طے پایاہے۔فن لینڈ کے صدر کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یرغمالی پیر یا منگل کو واپس آجائیں گے اور غالباً میں وہاں موجود رہوں گا۔ ہم اتوار کو روانہ ہونے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور میں اس کا منتظر ہوں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بعد دیکھیں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔ٹرمپ سے صحافی نے سوال کیاکہ اسرائیل آئندہ ایک سال کے اندر سعودی عرب سے تعلقات معمول پر لائے میں کامیاب ہوجائےگا؟ جس کا امریکی صدر نے جواب دینے سے گریز کیا۔نوبل امن انعام جیتنے کے امکان سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے دنیا بھر میں تنازعات کے حل کے لیے 8 معاہدے کرائے، جن میں غزہ میں ہونے والا جنگ بندی معاہدہ سب سے بڑا ہے۔

  • اورکزئی آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوان شہید، 19 خوارج ہلاک

    اورکزئی آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوان شہید، 19 خوارج ہلاک

    راولپنڈی:(کنزیومر واچ نیوز اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر سمیت 11 جوان شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 19 خوارج مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب کیا گیا، آپریشن کے دوران 11 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سیکنڈ ان کمانڈ میجر بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے پر کی گئی، اس دوران فورسز نے مؤثر کارروائی میں 19 بھارتی سرپرست خوارج ہلاک کیے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کررہے تھے، سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت نے بھی جام شہادت نوش کیا۔اس کے علاوہ شہید ہونے والے دیگر 9 جوانوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ اورکزئی کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستانی فورسز بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، شہدا کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

  • ایکواڈور کے صدر پر قاتلانہ حملہ، 500 سے زائد مظاہرین کا صدر کی گاڑی کو گھیر کر پتھراؤ

    ایکواڈور کے صدر پر قاتلانہ حملہ، 500 سے زائد مظاہرین کا صدر کی گاڑی کو گھیر کر پتھراؤ

    ایکوا ڈور(کنزیومر واچ نیوز)جنوبی امریکا کے ملک ایکواڈور میں صدر نوبوا (Noboa) ڈینئل پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایکواڈور میں صدر نوبوا قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے، صدر نوبوا کی گاڑی کو 500 سے زائد مظاہرین نے گھیر کر پتھراؤکیا۔ایک سینئر وزیر کے مطابق گولیاں بھی چلائی گئیں تاہم صدر محفوظ رہے، صدر کی گاڑی پرگولیاں لگنے کے واضح نشانات ہیں۔پولیس نے ڈینئل پر قاتلانہ حملے میں ملوث5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایکواڈور کے صدارتی آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملوث ملزمان کے خلاف دہشتگردی اور قاتلانہ حملے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔واضح رہے کہ صدارتی حکم نامے کے تحت 15 ستمبر سے ایکواڈو میں ڈیزل پر سبسڈی ختم کیے جانے کے بعد سے صدر نوبوا کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

  • میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    حیدرآباد(کنزیو مر واچ نیوز)گھوٹکی میں میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق طفیل رند بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی، طفیل رند پر میر پور ماتھیلو کے علاقے جروار روڈ مسو واہ پر فائرنگ کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے طفیل رند جاں بحق ہو گئے، ان کے جسد خاکی کو ڈی ایچ کیو اسپتال میرپورماتھیلو منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں صحافی طفیل رند کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر حملے آزادی صحافت پر حملے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

  • سونےکی قیمت عالمی سطح پر پہلی بار 4 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوزکرگئی

    سونےکی قیمت عالمی سطح پر پہلی بار 4 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوزکرگئی

    نیو یارک (کنزیومرواچ نیوز)سونےکی قیمت عالمی سطح پر تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوزکرگئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق سونےکی قیمت میں اضافہ عالمی اقتصادی اورجغرافیائی غیریقینی صورتحال کے باعث ہوا اور سرمایہ کاروں نے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونا خریدا ہے۔ امریکی فیڈرل ریزروکی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقعات کو بھی سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق 2025 میں اب تک سو نے کی قیمت عالمی سطح پر 52 فیصد بڑھ چکی ہے،2024 میں سونےکی عالمی سطح پر قیمت میں 27 فیصد اضافہ ہوا تھا۔پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز فی تولہ سونے کابھاؤ 1500 روپے اضافے سے 4 لاکھ 16 ہزار 778 روپے ہوگیا۔

  • سلمان کی قیادت پر مکمل اعتماد،  بابر اور رضوان کی واپسی ناممکن

    سلمان کی قیادت پر مکمل اعتماد، بابر اور رضوان کی واپسی ناممکن

    لاہور (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں وہ ہی گرین شرٹس کی قیادت کریں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور کوچ مائیک ہیسن کے درمیان جنوبی افریقا کے خلاف سیریز اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، کپتان اور کوچ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم کے کمبی نیشن کو مضبوط اور مستحکم کر نے کے خواہش مند ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے تھنک ٹینک کی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ جلد بیٹھک متوقع ہے، ممکن ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران وائٹ بال ٹیم کا کیمپ شروع کیا جائے گا جس کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام جلد سامنے آجائیں گے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکستان ٹی 20 ٹیم میں دو سابق کپتانوں بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی واپسی کا امکان نا ہو نے کے برابر ہے،کیونکہ پاکستان ٹی 20 کے کپتان سلمان علی آغا جن کی قیادت کے حوالے سے بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کو کسی قسم کے تحفظات نہیں ہیں وہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔پاکستان کے لیے 32 ٹی 20 میں 110.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 561 رنز بنانے والے دائیں ہاتھ کے بیٹر نے ایشیا کپ کے 7 میچوں میں صرف 72 رنز بنائے تھے، ان کی اس کارکردگی پر کپتان کو تنقید کا سامنا ہے۔ البتہ بورڈ اور ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کپتانی کی تبدیلی کے لیے تیار نہیں ہیں۔دوسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ایشیا کپ کے 7 میچوں میں چار بار صفر پر آؤٹ ہونے والے صائم ایوب جنھیں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے، وائٹ بال کرکٹ میں ان پر اعتماد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ وکٹ کیپر محمد حارث بھی خطرے میں نہیں ہیں، البتہ فاسٹ بولنگ میں حارث روف کی جگہ دیگر فاسٹ بولرز کو موقع دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا پاکستان ٹی 20 اسکواڈ کے ایشیا کپ فائنل میں شکست پرافسردہ ضرور ہیں لیکن وہ اس ٹیم کو تسلسل کے ساتھ موقع دینے کے حق میں ہیں، اور اس بات کے امکانات نا ہو نے کے برابر ہیں کہ سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمند رضوان کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ میں موقع دیا جائے گا۔

  • اسرائیل کا  فریڈم فلوٹیلا پر حملہ، 3 جہازوں پر قبضہ کرلیا

    اسرائیل کا فریڈم فلوٹیلا پر حملہ، 3 جہازوں پر قبضہ کرلیا

    غزہ( کنزیومرواچ نیوز)اسرائیل نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے فریڈم فلوٹیلا پر حملہ کر کے 3 جہازوں پر قبضہ کر لیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی بحریہ نے غزہ جانے والے فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے امدادی جہازوں پر اس جگہ حملہ کیا جو اسرائیلی ناکہ بندی کے مقام سے 120 ناٹیکل میل دور ہے۔سوشل میڈیا سائٹ ایکس پوسٹ میں فلوٹیلا منتظمین نے لکھا کہ غزہ سے تقریباً 120 ناٹیکل میل کے فاصلے پر اسرائیل نے ہمارے بحری قافلے پر حملہ کیا اور فی الحال کم از کم 3 کشتیوں پر سوار ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی حکام نے زیادہ تر لائیو نشریات بھی منقطع کردی ہیں۔ اس حوالے سے اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ فریڈم فلوٹیلا کی تمام کشتیوں اور ان میں سوارمسافر محفوظ ہیں، کشتیوں میں سوارتمام افراد کواسرائیلی بندرگاہ منتقل کر دیا گیا، کشتیوں میں سوارتمام افرادکو جلد ان کے وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔ خیال رہے چندروز قبل ہی اسرائیل نے غزہ جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر بھی حملہ کرتے ہوئے بحری قافلے میں سوار 500 سے زائد افراد کو حراست میں لیا تھا تاہم بیشتر افراد کو اب رہا کر دیا گیا ہے۔ رہائی پانے والوں میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔