راولپنڈی (کنزیومر واچ نیوز)جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کو مختصر کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر عامر جمال اور اسپنر فیصل اکرم کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 18 سے کم کرکے 16 کردی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کے تحت جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔جنوبی افریقا پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔جنوبی افریقہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا فاتح ہے۔
Blog
-

شعیب ملک سے علیحدگی کی خبریں: ثنا جاوید کی انسٹا اسٹوری وائرل
لاہور (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی جانب سے اداکارہ ثنا جاوید سے علیحدگی کی خبروں کو غلط قرار دیے جانے کے بعد ثنا کی انسٹا اسٹوری بھی وائرل ہوگئی۔شعیب ملک ان دنوں اپنی اہلیہ ثنا جاوید سے علیحدگی کی افواہیں سامنے آنے کے بعد خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔حال ہی میں شعیب ملک نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سب بکواس ہے، الحمد اللہ میری ازدواجی زندگی بہت اچھی اور خوشگوار گزر رہی ہے، میرا بیٹا دبئی میں ہوتا ہے اور میری والدہ سیالکوٹ میں رہتی ہیں، میں کراچی میں رہتا ہوں، پروفیشنل ذمہ داریوں کی وجہ سے مصروفیت رہتی ہے لیکن اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔شعیب ملک کا یہ بیان جنگل میں آگ کی طرح میڈیا میں پھیل گیا جب کہ بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پیجز بھی شعیب ملک کے بیان کو شیئر کرنے لگے۔حال ہی میں ثنا جاوید نے ایک فیشن پیج پر شیئر انسٹا اسٹوری کو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔اسٹوری میں شعیب کے ثنا سے متعلق بیان پر جوڑے کو نظر بد سے بچائے رکھنے کیلئے کی دعا کی گئی تھی۔اداکارہ ثنا نے اسکرین شاٹ پر کیپشن درج کرتے ہوئے آمین ثم آمین لکھ کر خوشی کااظہار کیا۔
واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی گزشتہ سال جنوری میں ہوئی تھی جس کا اعلان دونوں نے مشترکہ پوسٹ کے ذریعے 20 جنوری کو کیا تھا۔
جوڑے نے دو تصاویر شیئر کیں اور پوسٹ کے کیپشن میں ‘الحمداللہ’ لکھا اور ساتھ ہی قرآن شریف کی آیت لکھی تھی۔ -

کراچی میں بھتہ خوری ، کے سی سی آئی کا ارکان کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری
(KCCI) نے اپنے اراکین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری اور دھمکی آمیز کارروائیوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چیمبر کے مطابق متعدد تاجروں کو گولیوں کے ساتھ بھتہ طلب کرنے والے خطوط موصول ہو رہے ہیں، جس سے کاروباری برادری میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔کے سی سی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تشویشناک رجحان نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ شہر کے امن و امان کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ اس سلسلے میں تمام ارکان کو فوری طور پر اپنے کاروباری مراکز اور رہائش گاہوں پر اعلیٰ معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ریکارڈنگ سے مجرموں کی نشاندہی میں مدد مل سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی واقعہ پیش آئے تو متعلقہ فوٹیج کے سی سی آئی کے ساتھ شیئر کی جائے تاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹھوس شواہد فراہم کیے جا سکیں، جس سے مجرموں کی فوری گرفتاری ممکن ہو سکے۔
سیکریٹری جنرل ایس۔ایم۔ایچ رضوی نے کہا کہ چیمبر اپنے اراکین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ان کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ “اتحاد، ہوشیاری اور تیاری کے ذریعے ہم اس خطرناک صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں۔”
-

فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (کنزیومرواچ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے قریب پہنچ چکے ہیں، پاکستان فلسطینیوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الحمدللہ، ہم اس نسل کشی کے آغاز کے بعد فلسطینی عوام کے لیے جنگ بندی کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔شہبا زشریف نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں صدر ٹرمپ کے ساتھ ساتھ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادت کا، جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ٹرمپ سے فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ حماس کے مثبت بیان سے جنگ بندی اور امن کے قیام کے لیے ایک موقع پیدا ہوا ہے، جسے ہمیں ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ ان شا اللہ، پاکستان اپنے تمام شراکت داروں اور برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں دائمی امن کے لیے کام جاری رکھے گا۔
-

تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے سوئے افراد کو روند ڈالا، 7 افراد جاں بحق
شکارپور (کنزیومرواچ نیوز)شکارپور کے قریب قومی شاہراہ بائی پاس کے مقام پر ٹرک حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق سبزی سے لدے ٹرک نے سڑک کنارے سوئے ہوئے افراد کو روند ڈالا، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے ابتدائی طور پر حادثہ تیز رفتاری کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم ٹرک کو تحویل میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں
-

دھماکا خیز ریموٹ کنٹرول گاڑیوں سے غزہ کی بستیاں تباہ کردیں
غزہ سٹی (کنزیومر واچ نیوز)حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر جواب جمع کرانے کے باوجود بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت نہ تھم سکی، صیہونی فوج نے غزہ میں مزید 72 فلسطینی شہید کردیے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے غزہ سٹی میں پناہ گزین کیمپوں سمیت مختلف رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔صیہونی فوج نے فلسطینیوں کو شہید کرنے کا نیا حربہ اپنا لیا، قابض فوج نے فضائی حملوں کے بعد اب غزہ شہر میں بستیوں کو تباہ کرنے کےلیے دھماکا خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول گاڑیوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے محصور فلسطینیوں کو علاقہ خالی کرنے کے لیے آخری موقع دیا گیا تھا تاہم اب بھی لاکھوں افراد وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق غزہ شہر کے الحلو انٹرنیشنل اسپتال میں ایک نومولود بچہ جان کی بازی ہار گیا، رپورٹ کے مطابق اس وقت اسپتال سے بچوں کو اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے کے باعث منتقل کیا جا رہا ہے۔طبی ذرائع کے مطابق اسپتال سے تین قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ مزید 10 بچوں کو فوری طور پر نکالنے کی ضرورت ہے۔
-

سمندری طوفان ’ شکتی ‘ کراچی سے 360 کلومیٹر دور، آج بارش کا امکان
کراچی (کنزیومرواچ نیوز)شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ڈیپ ڈپریشن طوفان میں تبدیل ہوگیا جس کا نام ’شکتی‘رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق طوفان کیلئے شکتی نام سری لنکا کا تجویز کردہ ہے جس کا مطلب طاقت ہے۔ سمندری طوفان ’شکتی‘ کے 24 گھنٹوں کے دوران شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ طوفان کے مرکز میں ہوا کی رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی، سمندری طوفان ’ شکتی ‘ بحیرہ عرب میں 6 اکتوبر تک رہ سکتا ہے۔بحیرہ عرب میں موجود سسٹم کے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونیکا امکان، مجوزہ نام بھی سامنے آگیاسمندری طوفان ’ شکتی ‘ کراچی کے جنوب میں 360 کلومیٹر دور ہے ، طوفان کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب طوفان کے دوران سمندر میں طغیانی بھی رہے گی، ماہی گیروں کو 5 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
-

میوزک کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان آئیڈل کا باقاعدہ آغاز آج ہوگا
کراچی (کنزیومر واچ نیوز)میوزک کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان آئیڈل کا باقاعدہ آغاز آج ہوگا۔ میوزک کا یہ سب سے بڑا مقابلہ سب سے پہلے ‘جیو’ پر نشر ہوگا۔پاکستان آئیڈل کے ترجمان نے بتایا کہ سکھر، ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف شہروں سے ہزاروں نوجوانوں نے آڈیشنز میں اپنی سریلی آوازوں سے ججز کو متاثر کیا اور پاکستان کے سب سے بڑے میوزک اسٹیج پر جگہ بنائی۔ ہزاروں میں سے منتخب ہونے والے سیکڑوں گلوکار اب آپس میں مقابلہ کریں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ آڈیشنز میں معذور نوجوانوں نے بھی اپنی شاندار لگن اور موسیقی سے محبت کا اظہار کیا۔اس بار ججز کے پینل میں ملک کے مایہ نازگلوکار و قوال استاد راحت فتح علی خان، فواد خان، زیب بنگش اور بلال مقصود شامل ہیں جبکہ پروگرام کی میزبانی مزاحیہ شگفتگی کے لیے مشہور شفاعت علی کریں گے۔ شاندار شو آج سے جیو ٹی وی پر رات 8 بجے سے ہر ہفتہ اور اتوار کو نشر کیا جائے گا۔
-

مریم نواز کے بیان کیخلاف پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ
اسلام آباد (کنزیومرواچ نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کے خلاف مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں پیپلز پارٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کے خلاف واک آؤٹ کیا۔اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کا کہنا تھا ہم نے یہاں احتجاج کیا تھا اس کے بعد حکومتی ٹیم آئی تھی جس سے مذاکرات ہوئے، آن گراؤنڈ حالات جوں کے توں ہیں اور کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہم اس وقت اس ایوان کا حصہ نہیں بن سکتے جب تک حالات تبدیل نہیں ہوتے، ہم ایوان سے بطور احتجاج واک آوٹ کرتے ہیں۔بعد ازاں حکومتی ارکان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو منا کر واپس قومی اسمبلی اجلاس میں لے آئے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا اگر کوئی پنجاب کے خلاف بات کرے گا تو بطور وزیر اعلیٰ خاموش نہیں بیٹھوں گی۔مریم نواز کا کہنا تھا سیلاب میں انہیں عالمی امداد مانگنے کا لیکچر دیا گیا لیکن وہ کبھی اپنے عوام کو کشکول پکڑنے کا نہیں کہیں گی، عزت نفس مجروح نہیں ہونے دیں گی، کسی سے معافی نہیں مانگوں گی۔دوسری جانب صحافیوں کی جانب سے بھی گزشتہ روز اسلام آباد پریس کلب میں پولیس کی جانب سے تشدد اور توڑ پھوڑ کی مذمت کی اور پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پولیس نے اندر گھس کر ناصرف صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ املاک کی توڑ پھوڑ بھی کی جس پر ملک بھر کی صحافتی تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
-

ای سی او اسمارٹ میڈیکل سٹی پراجیکٹ کا باضابطہ آغاز
یہ منصوبہ عالمی معیار کی صحت کی سہولتوں اور میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ارتھ کون سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے آر ایم آر ایس سی او (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اشتراک سے اسلام آباد کے روڈن انکلیو میں ای سی او اسمارٹ لائف اسٹائل پراجیکٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ جدید منصوبہ پاکستان میں پائیدار طرزِ زندگی، عالمی معیار کی صحت کی سہولتوں اور میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے لیے سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد صحت، تعلیم، تحقیق اور تفریح کو ایک ہی چھت تلے یکجا کرنا ہے تاکہ نہ صرف مقامی شہریوں کو بہتر اور جدید سہولتیں فراہم کی جا سکیں بلکہ غیر ملکی مریضوں اور سیاحوں کو بھی پاکستان کی جانب متوجہ کیا جا سکے۔پراجیکٹ میں کئی نمایاں پہلو شامل ہیں جن میں ای سی او تھراپی میڈیکل سٹی سرفہرست ہے، جو عالمی معیار کے اسپتالوں اور جدید علاج کی سہولتوں سے آراستہ ہوگا تاکہ مقامی اور غیر ملکی مریض استفادہ کر سکیں۔ اسی طرح ایک بحالی بلاک بھی قائم کیا جائے گا جو مریضوں کی دیکھ بھال اور صحت یابی کے لیے دنیا کے بہترین طریقہ کار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مزید برآں، منصوبے میں نالج ویلیج شامل ہے جو تعلیم اور تحقیق کا نیا مرکز ثابت ہوگا، جہاں سیکھنے اور علم کے تبادلے کے بے شمار مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ تفریح کے شائقین کے لیے پاکستان کا پہلا بڑا واٹر تھیم پارک بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگا جو عوام اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے نیا اور منفرد تفریحی مقام بنے گا۔کمپنی کے مطابق ای سی او اسمارٹ میڈیکل سٹی اسلام آباد کو صحت، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں ترقی کی نئی جہت دینے والا منصوبہ ہے۔ اس کے ذریعے مقامی عوام کو جدید سہولتیں میسر آئیں گی جبکہ دنیا بھر سے مریض اور سیاح پاکستان کا رخ کریں گے۔ ماہرین کے نزدیک یہ اقدام نہ صرف اسلام آباد بلکہ ملک کو بھی عالمی میڈیکل ٹورازم کے نقشے پر نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
