Blog

  • راوی اور ستلج میں سیلاب سے متعدد دیہات زیرآب

    راوی اور ستلج میں سیلاب سے متعدد دیہات زیرآب

    لاہور (کنزیومر واچ نیوز)بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب کے دریاؤں ستلج، راوی اور چناب میں سیلابی صورتحال سنگین رخ اختیار کر گئی جبکہ آبپاشی اسٹرکچر کو بچانے کے لیے چناب میں ہیڈ قادرآباد بند دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
    بھارت نے دریاؤں میں مزید سیلاب کی وارننگ بھی جاری کر دی ہے اور اس حوالے سے بھارتی ہائی کمیشن نے آگاہ کیا کہ دریائے ستلج فیروزپور کے مقام سے سیلابی ریلا داخل ہو سکتا ہے اور راوی میں مدھوپور سے سیلابی ریلا آنے کا امکان ہے، چناب میں اکھنور کے مقام سے سیلابی ریلے کے داخل ہونے کی توقع ہے۔
    تینوں دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔ بھارتی اطلاع پر انڈس واٹر کمیشن نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا۔
    ڈی پی ڈی ایم اے پنجاب بریفنگ
    ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ کا کہنا ہے کہ اگلے 48 گھنٹے راوی اور چناب کے لیے نہایت نازک ہیں، تاہم بارشوں کا موجودہ اسپیل ختم ہو رہا ہے اور آئندہ دنوں میں نسبتاً کم بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
    ڈی جی پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیڈ مرالہ کا ڈھانچہ محفوظ ہے اور وہاں سے گزرنے والا ریلہ اب خانکی ہیڈ ورکس سے ہوتا ہوا نیچے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق امید ہے کہ یہ ریلہ کسی بڑے نقصان کے بغیر پنجند کے مقام تک پہنچ جائے گا۔
    انہوں نے کہا کہ دریائے راوی میں جسر کے مقام پر پانی کا بہاؤ دو لاکھ 10 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جو آج رات 9 سے 10 بجے کے درمیان قریبی علاقوں سے گزرے گا۔ لاہور کے قریب شاہدرہ بیراج کی گنجائش اڑھائی لاکھ کیوسک ہے اور وہاں سے اندازاً ایک لاکھ 80 سے 90 ہزار کیوسک پانی گزرنے کی توقع ہے۔
    عرفان کاٹھیا کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ دو لاکھ 45 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا، تاہم آنے والے گھنٹوں میں اس کی سطح نیچے آنا شروع ہو جائے گی۔
    دریائے چناب میں پانی کی سطح 9 لاکھ 2 ہزار کیوسک تک جا پہنچی ہے جس کے باعث 128 دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے سات اضلاع میں پاک فوج کو طلب کیا گیا ہے۔ نالہ ڈیک اور نالہ بلستر میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، تاہم حکام کے مطابق پانی کے انخلا کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلابی خطرات کے پیش نظر 900 ملین روپے متاثرہ اضلاع کے لیے جاری کر دیے گئے ہیں اور ریلیف کیمپس میں کھانے پینے کی اشیا اور ادویات دستیاب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بروقت ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا اور اب تک بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
    دریائے چناب اور ملحقہ علاقے
    پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق قادر آباد کے رائٹ مارجنل بند میں بریچنگ کر دی گئی ہے، ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر بریچنگ سیکشن کیا گیا ہے۔
    قادر آباد ہیڈ ورکس کی موجودہ صلاحیت 8 لاکھ کیوسک کی ہے اور آبپاشی اسٹرکچر کو بچانے کے لیے بریچ ناگزیر تھی۔
    قادر آباد ہیڈ ورکس میں پانی کا آمد 9 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے، جس انتہائی خطرناک اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
    گجرات میں دریائے چناب کے کری شریف حفاظتی بند کے اوپر سے پانی گزرنا شروع ہو چکا ہے، سیلابی ریلا بند کو توڑتا ہوا سڑکوں پر آگیا، جہاں ٹریفک معطل اور ملحقہ دیہاتوں کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
    ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ساڑھے 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے، جو کہ 2014 کے تباہ کن سیلاب کی یاد دلا رہا ہے، جب تقریباً 50 ہزار افراد متاثر ہوئے تھے۔
    منڈی بہاالدین، سیالکوٹ اور حافظ آباد سے ریسکیو ٹیموں کو نارووال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گجرات شہر میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔ بیشتر علاقوں میں تاحال نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہیں کیے جا سکے۔
    دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 10 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ ہیڈ ورکس کی ڈیزائن کردہ گنجائش 8 لاکھ کیوسک ہے۔ شدید سیلابی ریلے کے باعث ہیڈ ورکس کے ہائیڈرولک ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
    بھمبر نالے میں طغیانی سے نواحی دیہات دادو برسالہ، گوجر کوٹلہ اور پلاوڑی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، جہاں پانی کا کٹاؤ جاری ہے اور دیہاتوں کا فاصلہ محض 15 فٹ تک رہ گیا ہے۔
    دریائے راوی اور ملحقہ علاقے
    شکر گڑھ میں سیلاب کے باعث دریائے راوی کا حفاظتی بند بھیکو چک کے مقام پر ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔شکرگڑھ کے گاؤں جرمیاں جھنڈا سے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان عاطف اور ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔شدید بارش کے باعث ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اب تک 294 افراد کو دریائے راوی سے بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 2ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔
    دریائے ستلج اور ملحقہ علاقے
    دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔سلیمانکی کے مقام پر حالیہ بہاؤ 1لاکھ 355 کیوسک سیلابی ریلہ برقرار ہے۔

  • ایف بی آر نے برآمدات پر ودہولڈنگ ٹیکس کی نئی شرحیں جاری کر دیں

    ایف بی آر نے برآمدات پر ودہولڈنگ ٹیکس کی نئی شرحیں جاری کر دیں

    اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز) وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2025-26 کے لیے برآمدات پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں کا اعلان کر دیا۔ یہ شرحیں فنانس ایکٹ 2025 کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں کی گئی حالیہ ترامیم کے تحت مقرر کی گئی ہیں۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ودہولڈنگ ٹیکس کارڈ کے مطابق، ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ (ATL) میں شامل ٹیکس دہندگان کے لیے برآمدات پر انکم ٹیکس کی شرح 1 فیصد ہوگی، جبکہ ATL میں شامل نہ ہونے والے افراد و کاروبار پر یہ شرح بڑھا کر 2 فیصد کر دی گئی ہے۔ایف بی آر کے مطابق یہ کٹوتیاں انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 154 کے تحت کی جائیں گی۔ اس قانون کے تحت:مجاز فارن ایکسچینج ڈیلر برآمدی زرمبادلہ کی وصولی پر ٹیکس منہا کرے گا۔بینکنگ کمپنیاں بیک ٹو بیک لیٹر آف کریڈٹ یا دیگر انتظامات کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم پر ٹیکس کاٹیں گی۔ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی (EPZA) بھی برآمدی یونٹس کی مد میں ٹیکس کٹوتی کی ذمہ دار ہوگی۔مزید برآں، ایکسپورٹ ہاؤسز جو ڈیوٹی اینڈ ٹیکس ریمیشن فار ایکسپورٹس رولز 2001 یا ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم 2021 کے تحت رجسٹرڈ ہیں، وہ ان ڈائریکٹ ایکسپورٹرز کو کی جانے والی ادائیگیوں پر ٹیکس منہا کریں گے۔ اسی طرح کسٹمز حکام برآمدی مال کی کلیئرنس کے وقت ٹیکس وصول کریں گے۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ سیکشن 154 کے تحت کٹوتی کیا گیا ٹیکس برآمدی آمدن پر کم از کم ٹیکس تصور ہوگا، جسے بعد میں ایڈجسٹ یا ریفنڈ نہیں کرایا جا سکے گا۔

  • ٹیکس دہندگان کے لیے کیو آر کوڈ کے ذریعے آئرس سسٹم میں لاگ اِن کرنے کی شرط معطل

    ٹیکس دہندگان کے لیے کیو آر کوڈ کے ذریعے آئرس سسٹم میں لاگ اِن کرنے کی شرط معطل

    پشاور (کنزیو مر واچ نیوز)ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے ریجنل سیکریٹریٹ پشاور کو اپنے خلاف دائر شکایت کے ازالے کے لیے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ٹیکس ماہرین کے مطابق شکایت آئرس سسٹم میں کیو آر کوڈ کے ذریعے لاگ اِن سے متعلق تھی۔ بتایا گیا ہے کہ کیو آر کوڈ کی شرط معطل کردی گئی ہے اور ممکنہ طور پر شکایت بھی حل ہوگئی ہے۔ایف بی آر کے وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) ریجنل سیکریٹریٹ پشاور کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ آئرس سسٹم میں کیو آر کوڈ کے ذریعے لاگ اِن کی شرط اب معطل کر دی گئی ہے۔

  • اے آئی پر مبنی رسک مینجمنٹ سسٹم جلد فعال کرانے کا فیصلہ

    اے آئی پر مبنی رسک مینجمنٹ سسٹم جلد فعال کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)پاکستان اپنے کسٹمز کلیئرنس عمل میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی رسک مینجمنٹ سسٹمز متعارف کرانے جا رہا ہے یہ پیشرفت منگل کو کسٹمز انسپکشن اور فیس لیس نظام کے جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔وزیراعظم نے کہا کہ کسٹم کے نظام کی بہتری اور جدت کا مقصد برآمدات اور درآمدات سے منسلک کاروباری افراد کو سہولت بہم پہنچانے کے ساتھ ملکی محاصل میں اضافہ کرنا ہے۔ کسٹم جانچ پڑتال اور جائزہ نظام کیلئے انتظامی کارروائیوں میں درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت دی کہ کسٹمز اسیسمنٹ پر تاجروں کی جانب سے دائر کی جانے والی نظرثانی کی اپیلوں کی سماعت کے لیے غیر جانبدار افسران کی خدمات حاصل کی جائیں۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو کسٹمز انسپکشن اور اسیسمنٹ میں اب تک کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔انہیں بتایا گیا کہ جلد ہی اے آئی پر مبنی رسک مینجمنٹ سسٹم بھی فعال کردیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹم کے اسکینرز کے ذریعے جانچ پڑتال میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے کسٹم کلیئرنس میں درکار وقت میں کمی آرہی ہے۔

  • پی آئی اے کی نجکاری، حتمی بولی کا عمل اکتوبر تک مکمل ہونے کا امکان

    پی آئی اے کی نجکاری، حتمی بولی کا عمل اکتوبر تک مکمل ہونے کا امکان

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں پیر کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے حتمی بولی کا عمل ممکنہ طور پر اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا جبکہ تین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں ڈسکوز – آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کے مالی آڈٹس 30 اگست تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

  • پی ٹی آئی کی ٹوٹ پھوٹ نئی انتہا کی طرف

    پی ٹی آئی کی ٹوٹ پھوٹ نئی انتہا کی طرف

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)کروڑوں کی پریکٹس گنوا کر تحریک انصاف کے عہدیدار بنے راجہ سلمان اکرم بے نیل و مرام پارٹی سے نکل گئے۔بشریٰ بی بی کے ہتک آمیز رویے پر برا فروختہ راجہ سلمان دوسری اور حریف خاتون علیمہ خانم کی تلخ نوائی کی تاب نہ لا سکے جو ان کی ممدوح تھی۔تحریک انصاف کی ٹوٹ پھوٹ نئی انتہا کی طرف جا رہی ہے، نئے سیکرٹری جنرل کے لیے کئی نام سامنے آگئے اور سردار لطیف کھوسہ دوڑ میں آگے ہیں۔حماد اظہر کے دستبردار ہونے سے لاہور کے حلقہ 129 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے لیے ضمنی انتخاب آسان ہوگیا، علیمہ کے بیٹوں کی گرفتاری پر جمائما گولڈ سمتھ کا خوف بھرا ٹوئٹ اور پھر عمران کے بیٹوں کی آمد کا باب بند ہوگیا۔تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی ممدوح عمران خان کی بہن علیمہ خانم نے انہیں تنقید کا نشانہ بنا کر صدمے سے دوچار کردیا جسے وہ برداشت نہیں کرسکے۔اس طرح وہ تحریک انصاف سے نکل گئے، اس پارٹی میں بشریٰ بی بی نے قیادت پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے مقابلے میں علیمہ خانم آگئی تھیں جن کا سلمان اکرم راجہ نے بھرپور ساتھ دیا تھا جو ان کے بڑے قانونی تعاون تھے۔جنگ ، دی نیوز کو حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ سلمان اکرم راجہ سیاست سے الگ ہورہے ہیں اب وہ اپنی تمام تر توجہ وکالت پر مرتکز کریں گے۔ْانہیں تحریک انصاف کی سیاست میں حصہ لینے کے باعث سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا تھا جس کا ان کے افراد خانہ اور قریب ترین افراد کو بہت قلق تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کی شدت بڑھ رہی ہے۔

  • یہودیوں پر حملوں کا الزام، آسٹریلیا کا ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    یہودیوں پر حملوں کا الزام، آسٹریلیا کا ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    سڈنی(کنزیومر واچ نیوز) آسٹریلیا نے یہودی مخالف حملوں میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ایرانی سفیرکو ملک بدر کرنے کا اعلان کردیا۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کی حکومت دو یہودی مخالف حملوں میں ملوث ہے اس لیے ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم کے طور پر نامزد کرنے کے لیے قانون سازی کریں گے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میلبرن اور سڈنی میں یہودمخالف حملوں میں ملوث ہونے پر ایران کے سفیر کو ملک بدر کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے آسٹریلوی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی سفیر اور 3 دیگر اہلکاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے7 دن کا وقت دیا ہے جب کہ آسٹریلیا نے تہران میں اپنے سفارت خانے کی کارروائیاں معطل کردی ہیں۔

  • ویڈیو: مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    ویڈیو: مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    جدہ (کنزیومر واچ نیوز)مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مدینہ منورہ میں بادل خوب برسے جس سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی باران رحمت جم کر برسا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہیں۔ویڈیو میں زائرین کو مسجد نبویﷺ میں دیکھا جاسکتا ہے جو موسم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اس خوبصورت مناظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کررہے ہیں۔اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

  • شادی کے بندھن سے پہلے شہادت،  شہید صحافی کا  خواب ادھورا رہ گیا

    شادی کے بندھن سے پہلے شہادت، شہید صحافی کا خواب ادھورا رہ گیا

    غزہ (کنزیومر واچ نیوز)اسرائیلی مظالم کا حال دنیا کو بتانے والوں کےخواب بھی اسرائیلی حملوں نے اُجاڑ دیے۔غزہ کے النصر اسپتال پر بمباری میں شہید ہونے والے الجزیرہ کے فوٹو جرنلسٹ محمد سلامہ چند دن بعد صحافی ہالا عصفور ‘Hala Asfour’سے شادی کے بندھن میں بندھنے والے تھے۔لیکن اسرائیلی بمباری نے زندگی بھر ساتھ نبھانےکا خواب پورا نہ ہونے دیا ا وریہ ساتھ شروع ہونے سے پہلے ہی ہمیشہ کے بچھڑنے میں بدل گیا۔صبر و ہمت کا پیکر بنی صحافی ہالا عصفور ‘Hala Asfour’ نے حوصلے سے زندگی کا ساتھی بننے والے کو سفر آخرت پر روانہ کیا۔یاد رہےکہ اسرائیلی فوج نےگزشتہ روز غزہ کے النصر اسپتال کو نشانہ بنایا اور اس حملے میں ڈیوٹی پر موجود 5 صحافیوں سمیت 20 افراد کی شہادت ہوئی۔شہید ہونے والے صحافیوں میں الجریزہ کے فوٹو جرنلسٹ محمدسلامہ، غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کے کیمرامین حسام المصری، امریکی خبرایجنسی ایسوسی ایٹڈپریس اور برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے نامہ نگار مریم ابودقہ، امریکی ٹی وی این بی سی نیٹ ورک کے صحافی ابوطحٰہ اور قدس نیوز کے احمد ابو عزیز شامل تھے۔

  • بونیر: گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچے سمیت 5 افراد جاں بحق

    بونیر: گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچے سمیت 5 افراد جاں بحق

    بونیر(کنزیو مر واچ نیوز)بونیر میں گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ بونیر کے علاقے گوکند غور درہ میں پیش آیا جہاں گاڑی کھائی میں جاگری ۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے سمیت 5 افراد شامل ہیں جب کہ حادثے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔