Blog

  • پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہے،فیلڈ مارشل

    پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہے،فیلڈ مارشل

    کو ئٹہ(کنزیومر واچ نیوز) فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر کا کہنا ہے پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہے، صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا جس دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو صوبے میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن اور مختلف پروجیکٹس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے اچھی طرز حکمرانی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ سول و عسکری اداروں کے تعاون کو بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ضروری قرار دیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے جنوبی بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہے، فوج پائیدار امن اور ترقی کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قیام امن کے لیے فوجی جوانوں کے کردار کی تعریف بھی کی۔

  • کراچی میں بارش، 27 اگست سے ایک اور سسٹم آنے کا امکان

    کراچی میں بارش، 27 اگست سے ایک اور سسٹم آنے کا امکان

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)ٰمحکمہ موسمیات نے 27 اگست سے ایک اور مون سون سسٹم کے کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں پر اثرانداز ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں کہیں بوندا باندی تو کہیں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔کراچی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، بورڈ آفس، حیدری، اسکیم 33، صدر اور شارع فیصل سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے27 اگست کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، ایک اور مون سون سسٹم 27 اگست سےکراچی سمیت سندھ کے بیشتر حصے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام کا بتانا ہے کہ مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، 27 سے 29 اگست کے دوران سندھ اوربلوچستان میں بارش ہو سکتی ہے، وادی نیلم، مظفر آباد، راولا کوٹ اور دیگر مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بھی تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ دیر، چترال، سوات کوہستان، شانگلہ، کوہاٹ اور پشاور میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے جبکہ آج شام یا رات سے مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میر پورخاص میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

  • کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

    کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

    کراچی(کنزیومر واچ نیوز) پاکستان کے تفتیشی اداروں نے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ اور ڈی آئی جی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 18 مئی 2025 کو بدین کے ماتلی میں ایک شہری کا قتل ہوا، مرحوم علاقے فلاحی کاموں کے حوالے سے جانے جاتے تھے۔اے آئی جی آزاد خان نے بتایا کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں 3 ملزمان کو دیکھا گیا، عینی گواہوں نے بھی ملزمان کو دیکھا، قتل کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش اس بات کا انکشاف ہوا قتل کی منصوبہ بندی سنجے نامی بھارتی ایجنٹ نے کی، حملے کا ماسٹر مائنڈ سنجے سنجیو کمار عرف فوجی ایک خلیجی ریاست میں رہائش پزیر ہے جس نے شیخوپورہ کے رہائشی سلمان کو ہائر کیا۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے بتایا کہ را نے اس واردات کے لیے خطیر رقم خرچ کی اور سنجے نے اس قتل کو بیرون ملک سے ہینڈل کیا، اس قتل پر بھارتی میڈیا نے جشن بھی منایا۔

  • صوابی  سیلاب ،ملبے سے نکالی لاشوں میں بچوں کے ہاتھ میں پراٹھے تھے،

    صوابی سیلاب ،ملبے سے نکالی لاشوں میں بچوں کے ہاتھ میں پراٹھے تھے،

    پشاور (کنزیومر واچ نیوز)15 اگست کو خیبر پختونخوا( کے پی) میں ہونے والی طوفانی بارشیں، بادل پھٹنے کے واقعات اور سیلابی ریلے بونیر اور صوابی میں کئی دل دہلا دینے والے واقعات کا سبب بن گئے۔ان حادثات میں سیکڑوں افراد جان سے گئے تو درجنوں مکانات تباہ اور مال مویشی سیلاب کی نذر ہوگئے، کئی مقامات پر شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، ایسے ہی کچھ دل کو چیر دینے والے واقعات کا انکشاف اردو نیوز سے گفتگو کے دوران بونیر اور صوابی کے علاقہ مکینوں نے کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق صوابی کے علاقے دالوڑی گدون میں سیلاب سے متاثرہ درجنوں گھروں میں پہاڑ پر بنا ایک ایسا گھر بھی شامل تھا جس میں رہنے والی ماں اور اس کے 4 بچے ناشتہ کرتے ہوئے گھر کے ملبے تلے دب گئے تھے۔ اس حوالے سے متاثرہ علاقوں میں شامل ایک رضاکار نے بتایا کہ ’ ملبے سے اس گھر کے 4 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، ان لاشوں میں شامل بچوں نے ہاتھوں میں پراٹھے پکڑے ہوئے تھے، ان بچوں کا والد بیرون ملک روزگار کیلئے گیا ہوا تھا، واپسی پر بچوں اور اہلیہ کی لاشیں دیکھ کر سکتے میں آگیا’ ۔دوسری جانب رپورٹ میں ضلع بونیر کے علاقے گوکند کے جنید خان کی شادی کی کہانی بھی بیان کی گئی ہے، جنید خان کے مطابق آج 22 اگست کے روز ان کا ولیمہ ہونا تھا جس میں شرکت کیلئے ان کی خالہ زاد بہن بھی ان کے گھر آئی ہوئی تھی۔جنید خان نے بتایا کہ 15اگست کی صبح ضلع بونیر میں آئے سیلاب نے ان گھر میں شادی کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا، یہ سیلاب ان کے گھر کے 8 افراد کو بہا لے گیا، ان افراد میں ان کی والدہ، 2 بہنیں، چھوٹا بھائی، بھابھی اور ان کے دو بچے اور ایک خالہ زاد بہن بھی شامل ہیں۔جنید خان کے مطابق خوش قسمتی سے وہ اس واقعے میں محفوظ رہے لیکن اس واقعے کا خوف آج بھی انھیں راتوں کو سونے نہیں دیتا۔یاد رہے کہ کے پی میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 300 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، اس دوران سب سے زیادہ تباہی ضلع بونیر میں ہوئی جہاں مقامی افراد اپنے پیاروں کو کھونےکے بعد نفسیاتی مسائل سے بھی دوچار ہونے لگے ہیں ۔

  • دنیا کا سب سے وزنی قیدی کس جیل میں قید ہے؟

    دنیا کا سب سے وزنی قیدی کس جیل میں قید ہے؟

    ویانا (کنزیومر واچ نیوز)یورپی ملک آسٹریا میں 300 کلوگرام وزن رکھنے والے سزا یافتہ قیدی نے جیل انتظامیہ کیلئے مشکل کھڑی کردی۔رپورٹ کے مطابق اس قیدی کو گھر سے 45 کلوگرام ماری جوانا، 2 کلو کوکین، تقریباً 2 کلو ایمفیٹامین اور 2000 سے زائد ایکسٹسی گولیاں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار کرکے پہلے ویانا کی جوزفسٹڈ جیل میں رکھا گیا تھا۔لیکن اپنے بھاری بھرکم وزن کے باعث اس قیدی نے جیل کا بیڈ توڑڈالا جس کے بعد اسے 15 کلومیٹر دور کورنیوبرگ منتقل کر دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 29 سالہ قیدی کا وزن تقریباً 300 کلو گرام ہے، یہی وجہ ہے کہ ریاست کو اس قیدی پر ایک اوسط قیدی کی دیکھ بھال سے 10 گنا زیادہ خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔میڈیا رپورٹ کا بتانا ہے کہ اس قیدی کیلئے جیل میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس میں اس کی اپنی مرضی کے مطابق ویلڈڈ چارپائی اور بلائی گئی نرسز کی جانب سے 24 گھنٹے نگرانی شامل ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق اس قیدی کی دیکھ بھال پر روزانہ تقریباً 1800 یورو خرچ ہوتے ہیں یہ رقم ایک اوسط قیدی کی دیکھ بھال سے 10 گنا زیادہ بنتی ہے۔منشیات کی اسمگلنگ کے مجرم قیدی کی دیکھ بھال پر اتنی رقم کے انکشاف پر آسٹریائی عوام کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔عوام کی جانب سے سوال اٹھایاجارہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کے پیسے منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں سزا یافتہ شخص پر خرچ کیوں کیے جا رہے ہیں؟

  • غزہ میں یتیم فلسطینی بچوں کے گریجویشن کی تقریب میں رقت آمیز مناظر

    غزہ میں یتیم فلسطینی بچوں کے گریجویشن کی تقریب میں رقت آمیز مناظر

    غزہ (کنزیومر واچ نیوز) یتیم فلسطینی بچوں کے گریجویشن کی تقریب کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔غزہ میں یتیم بچوں کے گریجویشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سفید رنگ کا لباس اور ٹوپی پہنے بچوں نے شرکت کی لیکن معصوم چہروں پر اداسی نظر آئی۔فلسطینی بچے اسر ائیلی حملوں میں اپنے والدین کو کھونے پر اداس اور ماں باپ کو یا د کرکے رونے لگے۔فلسطینی مرکزی بیورو شماریات کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک 39 ہزار سے زائد فلسطینی بچوں نے اپنے ایک یا دونوں والدین کو کھودیا ہے۔اس کے علاوہ غزہ کے بچوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف سوئیڈن کے شہر گوٹن برگ ‘Gothenburg’ میں بچوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ریلی کے دوران بچوں نے فلسطینی پرچم لہرائے اور غزہ کے بچوں کی تصاویر اٹھا کر فلسطین کے حق میں نعرے بھی لگائے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ معذور افراد اب غزہ میں موجود ہیں، صرف حالیہ جنگ کے دوران تقریباً 4 ہزار 800 افراد کے اعضا کاٹنے پڑے جن میں سب سے زیادہ متاثر بچے ہیں جب کہ جنگ سے پہلے غزہ میں 2 ہزار سے زائد افراد معذوری کی زندگی گزار رہے تھے۔

  • عمران خان مستقبل قریب میں رہا ہوتے نظر نہیں آرہے: حکومتی شخصیات مطمئن

    عمران خان مستقبل قریب میں رہا ہوتے نظر نہیں آرہے: حکومتی شخصیات مطمئن

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز) حکومت کے متعلقہ حکام مطمئن ہیں کیونکہ وہ عمران خان کو مستقبل قریب میں جیل سے رہا ہوتا نہیں دیکھ رہے۔ جس وقت پی ٹی آئی سپریم کورٹ کی طرف سے 9 مئی سے متعلق 8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت پر خوشی منا رہی ہے، اس وقت دوسری جانب کے حالات پارٹی کیلئے باعثِ اطمینان نہیں ہیں۔پی ٹی آئی اور اس کے حامی بانی چیئرمین عمران خان کو جیل سے باہر دیکھنا چاہتے ہیں لیکن مستقبل قریب میں ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ یہ اپیلیں آئندہ سال سماعت کیلئے مقرر کی جائیں گی۔ قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی یہ ہدایت دے چکی ہے کہ مختلف نوعیت کی اپیلوں کو ترجیح دی جائے، جس سے عمران خان کے کیس کی فوری سماعت کا معاملہ غیر اہم ہو چکا ہے۔میڈیا کے ساتھ شیئر کی گئی تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں 279 فوجداری اپیلیں زیرِ التواء ہیں۔ ان میں 63 اپیلیں سزائے موت کیخلاف کیسز، 73 اپیلیں عمر قید سے متعلق، 88 اپیلیں (جن میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں بھی شامل ہیں) سات سال یا اس سے زائد سزا سے متعلق ہیں، اور 55 اپیلیں ان قیدیوں کی ہیں جنہیں سات سال تک کی قید سنائی جا چکی ہے۔القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اپیل، جس میں انہیں 14 سال کی سزا سنائی گئی تھی، تیسرے گروپ میں آتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، سب سے پرانا کیس، جو 2017 کا سزائے موت کیخلاف اپیل کے حوالے سے ہے، تاحال سماعت کا منتظر ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی پالیسی کے مطابق ہر کیس کو اسی ترتیب سے مقرر کیا جاتا ہے جو رجسٹرار آفس کی فہرست میں اس کے دائر ہونے کی تاریخ کے حساب سے طے کی جاتی ہے۔ اس میں لائن توڑنے کی گنجائش نہیں۔ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی (این جے پی ایم سی) کی واضح ہدایت یہ ہے کہ پرانے اور زیادہ سنگین سزاؤں والے کیسز پہلے نمٹائے جائیں۔این جے پی ایم سی کے 9 دسمبر 2022 کو ہونے والے 51 ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے 6 فروری 2023 کو ایک ’’فکسیشن پالیسی‘‘ مرتب کی تاکہ زیرِ التواء مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں۔قیدیوں کی اپیلوں کے حوالے سے، این جے پی ایم سی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنی ’’فکسیشن پالیسی‘‘ میں شامل کیا۔ کمیٹی نے اعلیٰ عدالتوں سے کہا تھا کہ دو سال سے زائد عرصے سے زیرِ التواء اپیلوں اور اَن کنفرم سزائے موت پانے والے قیدیوں کے مقدمات جلد نمٹائے جائیں۔کمیٹی نے مزید کہا تھا کہ قیدیوں کی پانچ سال سے زائد عرصے سے زیرِ التواء ایسی اپیلوں کے جلد فیصلے کیلئے خصوصی بنچ مقرر کیے جائیں اور ان مقدمات کو دو ماہ میں نمٹا دیا جائے۔عمران خان کی اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر کی گئی تھی۔ ایسی صورتحال میں، سرکاری ذرائع کو توقع ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں دائر کردہ اپیل کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت اور اس کافیصلہ آنے سے قبل مختلف عدالتوں میں عمران خان کیخلاف کئی مقدمات کا فیصلہ ہو جائے گا۔

  • فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان کی  حمایت جاری رکھنے کا عزم

    فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

    اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان کی خود مختاری کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ترقی اور خود مختاری کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی و عالمی فورمز پر رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کی اور فریقین نے خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔خیال رہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی جس میں دو طرفہ تجارت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • کراچی: ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، 30افراد زخمی

    کراچی: ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، 30افراد زخمی

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز) ایم اے جناح روڈ پر عمارت میں موجود پٹاخوں کےگودام میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔
    ریسکیو اہکاروں اور فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ پو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
    پالیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے 30افراد زخمی ہوئے جن میں سے 17 کو جناح اسپتال جبکہ 10 کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جناح اسپتال میں 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق دھماکے سے قریب موجود گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ گرد و نواح کی بلڈنگ کے شیشے ٹوٹ گئے۔
    عمارت میں قائم میڈیکل آلات کی دکانوں میں آکسیجن سلینڈر بھی موجود ہیں جنہیں ہٹا دیا گیا ہے۔

  • واشنگٹن ٹائمز  نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ’مرد آہن قرار دے دیا

    واشنگٹن ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ’مرد آہن قرار دے دیا

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)ملٹری ڈپلومیسی کی شاندار مثال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی دنیا معترف ہوگئی جب کہ معروف عالمی جریدے واشنگٹن ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مرد آہن قرار دے دیا۔واشنگٹن ٹائمز کے مطابق ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیرجنوبی ایشیا میں صدرٹرمپ کے نئے اسٹریٹجک پارٹنر بن سکتے ہیں، وہ انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک اور سخت فیصلے لینے کی بھرپور صلاحیت رکھتےہیں۔واشنگٹن ٹائمز نے لکھا کہ امریکہ میں فیلڈ مارشل کو جنوبی ایشیاء کی سلامتی کیلئے بااثر ترین شخصیت کے طور پردیکھا جاتاہے، آرمی چیف ایک پیشہ ور، خاموش طبع، اورنظم و ضبط کے پابند فوجی افسر سمجھے جاتے ہیں۔واشنگٹن ٹائمز نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خودنمائی اور سیاست میں دلچسپی نہیں ہے، پاک بھارت کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل کی عوامی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا، ان کی خوبیاں انہیں صدر ٹرمپ کے لیے ایک فطری شراکت دار بناتی ہیں۔
    واشنگٹن ٹائمز کے مطابق بھارت سے بگڑتے تعلقات کے تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ٹرمپ سے ملاقات زیادہ اہم ہے، صدرٹرمپ نے مداخلت کر کے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی، پاکستان نے جنگ بندی پر ٹرمپ کا شکریہ اور مودی نے ثالثی کا انکار کیا۔جریدے نے لکھا کہ فیلڈ مارشل نے افغانستان اور ایران سے لاحق خطرات پرفوجی حکومت عملی میں اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل دہشت گرد تنظیموں کیخلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کرتےہیں، پاک امریکہ تعلقات انسداد دہشت گردی میں تعاون کے حوالے سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔واشنگٹن ٹائمز کے مطابق پاکستان نے کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیا، صدر ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی، ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بحال کرنے کے لیے سرگرم نظرآرہی ہے۔