اسلام آباد (کنزیومر واچ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے یا آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیا ہے۔دی نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے، انہوں نے زور دے کر کہا کہ صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وہ خود، تینوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔وزیرا عظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ وزیراعظم کی یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کیخلاف چلائی جانے والی مہم کو ’’منظم سازش‘‘ قرار دے کر اس کی شدید مذمت کی۔عسکری قیادت سے قریب سمجھے جانے والے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں بخوبی علم ہے کہ اس منظم مہم کے پیچھے کون ہے، میں واضح کر چکا ہوں کہ صدر سے استعفیٰ لینے یا چیف آف آرمی اسٹاف کے صدر بننے کے بارے میں کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی سوچ موجود ہے۔
Blog
-

اداکارہ حمیرا اصغر کے والد پہلی بار منظر عام پر آگئے
کراچی (کنزیومر واچ نیوز)کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ سے مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے والد پہلی بار منظر عام پر آگئے۔گزشتہ روز اداکارہ حمیرا اصغر کو لاہور میں سپردِ خاک کر دیا گیا، اس دوران میڈیا سے گفتگو کے دوران حمیرا اصغر کے والد نے میڈیا سے بھی گفتگو کی۔ حمیرا اصغر کی تدفین کے موقع پر ان کے والد سےایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ 9 مہینے سے بیٹی سے رابطے میں نہیں تھے ، اب جو پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی ہے اس پر کیا کہیں گے؟صحافی کے سوال پر حمیرا اصغر کے والد کا کہنا تھا کہ’مجھے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں پتا، یہ ساری معلومات میرے بیٹے کو ہیں، میرے پاس اسمارٹ فون بھی نہیں، میں ایک سادہ سا فون رکھتا ہوں‘ ۔دوران گفتگو حمیرا اصغر کے والد نے بیٹی کی لاش وصول نہ کرنے کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ ’ہم میں سے کسی نے بھی حمیرا کی لاش وصول کرنے سے انکار نہیں کیا، ابھی تو میڈیکل بھی نہیں ہوا تھا اس کے بعد ہی لاش ورثا کے حوالے کی جاتی ہے‘ ۔بیٹی کےقتل کے حوالے سے کوئی تحقیقات ہونی چاہیے ؟ کے سوال پر حمیرا کے والد نے انگلی آسمان کی طرف اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو اللہ بہتر سمجھے گا وہی ہوگا۔دوران گفتگو حمیرا اصغر کے کزن نے میڈیا کو بتایا کہ چند دن قبل میری والدہ کی فوتگی کی وجہ سے مامو ں گاؤں میں تھے اور صدمے میں تھے۔
حمیرا اصغر کی موت ، معاملہ کیا ہے؟
خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ -

مودی حکومت کے خلاف ملک گیر ہڑتال
نئی دہلی(کنزیومر واچ نیوز) بھارت میں کروڑوں مزدور، کسان، بینک ملازمین اور ٹرانسپورٹ ورکرز نے مودی حکومت کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی۔رپورٹ کے مطابق 30 سے 40 کروڑ افراد نے بھارت بند میں حصہ لیا، جس سے ریلوے اسٹیشن سنسان، بینک بند، اور بازار مکمل ویران ہو گئے۔کیرالا، پنجاب، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں میں دفاتر، اسکول، پبلک ٹرانسپورٹ اور انڈسٹری سب کچھ بند رہا۔ سی آئی آئی کے مطابق صرف ایک دن میں معیشت کو تقریباً 15,000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔یہ احتجاج کسان دشمن پالیسیوں اور مزدور کش قوانین کے خلاف کیا گیا۔ بینکنگ نظام مفلوج ہو چکا ہے اور گاؤں سے لے کر شہروں تک لوگ حکومت سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم، بھارتی مین اسٹریم میڈیا کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، جب کہ سوشل میڈیا پر #BharatBandh2025 ٹرینڈ کر رہا ہے۔کسانوں نے ایک بار پھر دہلی کی سرحدوں کا رخ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 2020-21 میں جو وعدے کیے گئے تھے، وہ وفا نہیں ہوئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف احتجاج نہیں، بلکہ عوامی اعتماد کا بحران ہے۔دوسری جانب ملک میں اقلیتوں، خواتین، قبائلیوں اور نچلی ذاتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور عدم تحفظ کا ماحول بھی عوامی غصے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ صرف اونچی ذات کے ہندو ہی اس ملک میں محفوظ ہیں۔ماہرین کے مطابق بھارت بند اب صرف ایک دن کی ہڑتال نہیں بلکہ ایک انقلاب کی دستک ہے۔ عوامی صبر ختم ہو چکا ہے، اور مودی حکومت کی پالیسیوں پر واضح عدم اعتماد سامنے آ چکا ہے۔
-

کپل شرما کے کیفے پر حملہ، کامیڈین کس حال میں ہیں؟
ممبئی(کنزیومر واچ نیوز)بھارتی کامیڈین کپل شرما کا کیفے فائرنگ کا نشانہ، دہشتگرد تنظیم کے کارندے نے ذمہ داری قبول کرلی.بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کپل شرما کے حال ہی میں کینیڈا میں لانچ ہونے والا “کپس کیفے” پر حملہ کیا گیا ہے۔ افتتاح کے چند روز بعد ہی اس کیفے پر کم از کم 9 گولیاں چلائی گئیں جس کے بعد علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم یہ واقعہ اس وقت مزید سنگین صورت اختیار کر گیا جب بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (NIA) کی سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل، کالعدم تنظیم بابا خالصہ انٹرنیشنل (BKI) سے تعلق رکھنے والے کارندے ہرجیت سنگھ لڈی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔اطلاعات کے مطابق ہرجیت سنگھ کی جانب سے یہ اقدام مبینہ طور پر کپل شرما کی جانب سے دیے گئے کچھ بیانات کے خلاف ردعمل کے طور پر کیا گیا۔یاد رہے کہ کپل شرما کی ریسٹورنٹ انڈسٹری میں یہ پہلی پیش رفت تھی، جو اب سیکیورٹی خطرات کے باعث تنقید اور تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ کپل شرما اس واقعے کے بعد شدید پریشانی کا شکار ہیں اور اس پر ردعمل دینے سے گریز کر رہے ہیں۔
-

کوئٹہ: پنجاب جانے والی بسوں کے 9 مسافروں کو شہید کر دیا گیا
کوئٹہ:(کنزیومر واچ نیوز)بلوچستان کے علاقے سرہ ڈاکئی میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ایک سفاکانہ کارروائی میں پنجاب جانے والی بسوں کو روک کر مسافروں کو شناخت کے بعد اتار کر 9 بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کر دیا۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اس دلخراش واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے فتنہ الہندوستان کی کھلی درندگی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ لورالائی اورموسیٰ خیل کی درمیان قومی شاہراہ پرسرہ ڈاکئی کےمقام پرپیش آیا، دہشت گردوں نے مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کئے جس کے بعد مخصوص مسافروں کو نیچے اتار کر انہیں گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والوں میں دو سگے بھائی عثمان اور جابر بھی شامل تھے، شہداء کے بھائی صابر نے سوشل میڈیا پر بیان دیا کہ کل ان کے والد کا انتقال ہوا تھا، آج صبح 9 بجے ان کا نماز جنازہ تھا جس میں شرکت کیلیے دونوں بھائی اپنی فیملی کے ہمراہ پنجاب واپس آ رہے تھے۔شاہد رند کے مطابق یہ واقعہ دشمن کے ناپاک عزائم کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان کے امن، استحکام اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز نے لورالائی پہنچ کر بسوں کو روکنے کے حوالے سے انتظامیہ کو بتایا، سیکیورٹی فورسز نے فوری ردِعمل کا مظاہرہ کیا اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشتگردوں کا تعاقب شروع کر دیا۔ترجمان بلوچستان کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سرہ ڈاکئی کے علاوہ قلات اور مستونگ میں بھی حملے کیے، تینوں مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور رسپانس دیا۔ترجمان نے بتایا کہ دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز کا ان کے تعاقب میں آپریشن بدستور جاری ہے۔متاثرہ علاقے میں بھرپور سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے یا انجام تک پہنچایا جا سکے۔شاہد رند نے مزید کہا کہ اس بزدلانہ حملے سے بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، بلوچستان کے عوام دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ اس دہشتگرد حملے کو پاکستان کے امن، سلامتی اور اتحاد پر حملہ تصور کیا جاتا ہے، اور ریاست دشمن عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم کے مطابق شہید کیے جانے والے افراد کی لاشوں کو پنجاب بھجوانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لورا لائی دہشت گرد حملے کے 9 شہداء کی میتین پنجاب لانے کے لیے 5 ایمبولینس بلوچستان روانہ کر دی گئیں ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع مستونگ کے علاقے سرہ ڈاکئی میں نہتے مسافروں کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فتنۃ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شناخت پر معصوموں کا قتل ناقابل معافی جرم ہے اور اس کا جواب سخت، فیصلہ کن اور فوری ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں نے انسانیت نہیں بلکہ بزدل درندوں کا چہرہ دکھایا ہے، بلوچستان کی مٹی میں بہایا گیا بے گناہوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، ریاست ان قاتلوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دے گی۔میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو تباہ کرنے کی ہر کوشش کو طاقت، عزم اور اتحاد سے کچلا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی، استحکام اور یکجہتی کے دشمن ہیں اور انہیں ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان دشمنوں کے لیے قبرستان بنے گا اور ریاستی ادارے اس عزم کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں کہ ملک دشمنوں کو کوئی جائے پناہ نہیں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے سرہ ڈاکئی میں قومی شاہراہ پر پیش آنے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں نہتے اور بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے واقعے کو فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سفاکیت کی انتہا ہے۔محسن نقوی نے اس دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر دشمن نے اپنی درندگی اور بدترین بربریت کا مظاہرہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ان بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں اور ان کے مقامی آلہ کاروں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور انہیں انجام تک پہنچائیں گے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ قوم کی مکمل حمایت اور اعتماد کے ساتھ ریاست ان تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی جو پاکستان کے امن، استحکام اور سالمیت کے خلاف کی جا رہی ہیں۔
-

‘حمیرا کا ہم سے ایک سال سے رابطہ نہیں تھا،بھائی نوید اصغر
کراچی (کنزیومر واچ نیوز)کچھ روز قبل کراچی میں ڈیفنس سے ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ان کے بھائی کے حوالے کردی گئی۔10 جولائی کو ان کے بھائی دیگر اہلخانہ کے ہمراہ لاہور سے کراچی پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان سوالات کے جواب دیے جو لوگوں کے ذہنوں میں گردش کررہے تھے۔حمیرا سے گزشتہ چند ماہ سے رابطہ نہ ہونے کے سوال پر ان کے بھائی نوید اصغر نے کہا کہ ‘حمیرا کا ہم سے ایک سال سے رابطہ نہیں تھا، اس کے موبائل فونز بند تھے، جب والدہ نے ہمیں بتایا کہ اس سے رابطہ نہیں ہورہا تو میں نے ڈائری میں سے اس کی چند دوستوں کو فون کیا، ان سے بھی کچھ پتا نہیں چل سکا’۔نوید اصغر کے مطابق ‘والدہ نے بتایا کہ اس نے کئی عرصے سے یہ نہیں بتایا کہ وہ کراچی میں کہاں رہتی ہے، والدہ کے بارہا پوچھنے پر بھی حمیرا نہیں بتاتی تھیں کہ وہ کہاں جارہی ہیں یا کس جگہ قیام پذیر ہیں، جب ابھی ہمیں اطلاع ملی تو ہم صدمے میں چلے گئے، ہمیں یقین نہیں آرہا تھا، کچھ دن قبل میری پھوپھو کا اچانک ٹریفک حادثے میں انتقال ہوگیا، فیملی اس وجہ سے بھی بہت پریشان تھی’۔
انہوں نے والد کی جانب سے لاش لینے سے انکار پر کہا ‘میری والدہ کو جب پتا چلا کہ لاش کی بری حالت ہے تو انہوں نے کہا میں مر ہی کیوں نہ جاؤں لیکن میت نہیں دیکھوں گی، اسی وجہ سے میرے والد نے ایسا کہا کہ ہم ڈیڈ باڈی نہیں لیں گے، میڈیا نے اس بات کو غلط رُخ دیا اور اچھالا، میں یہاں والد کی اجازت سے ہی لاش لینے آیا ہوں ‘۔اداکارہ کے بھائی کا کہنا تھا کہ ‘وہ خود مختار تھی اور اپنی خوشی سے یہاں مقیم تھی، اس کی رپورٹس آنے کے بعد ایف آئی آر کا معاملہ دیکھیں گے’۔انہوں نے مزید کہا کہ’ گزشتہ تین دن سے ہم مسلسل چھیپا صاحب اور پولیس کے ساتھ رابطے میں تھے، میڈیا والوں نے فون کرکر کے پریشان کردیا تھا اس لیے والد نے کہا کہ اگر ایمرجنسی ہے تو آپ اسے تدفین کردیں، لیکن قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی ہم لاش لے سکتے تھے اور اب ہم لینے یہاں آئے ہیں‘۔نوید اصغر نے میڈیا سے سوال کیا کہ کیا آپ لوگوں میں سے کسی نے مالک مکان کا انٹرویو کیا؟ آپ لوگوں کا پورا فوکس صرف اصغر علی کے خاندان پر تھا۔ -

بھارت کی سیاسی قیادت سے جنگ بندی ہضم نہیں ہورہی، اسحاق ڈار
کوالا لمپور:(کنزیومر واچ نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک بھارت ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا ہے مگر بھارت کی سیاسی قیادت سے ہضم نہیں ہورہا۔ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات میں ٹیک آف کیا اور اب پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے عجیب حرکت کی، بھارت نہ پاکستان کا پانی روک سکتا ہے اور نہ رخ موڑسکتا ہے، بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر ہم نے بھرپورجواب دیا اور سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر ہم نے جواباً بھارتی ائیرلائنزکے لیے حدود بندکی، بھارت اب دنیا میں تنہائی کا شکار ہے ۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں بھارت کو بھرپورجواب دینے کا فیصلہ ہوا، فضائیہ کے بہادرپائلٹس نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے جن میں سے 4 رافیل طیارے تھے، بھارت نے جان بوجھ کر اپنے 2 میزائل سکھ آبادی میں گرائے تاہم بھارتی بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ صبح سوا 8 بجے امریکی وزیرخارجہ نے فون پرکہا کہ بھارت جنگ بندی چاہتا ہے، جنگ شروع بھی بھارت نے کی تھی اور ختم بھی ان ہی کی درخواست پرہوئی، پاک بھارت ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا ہے مگر بھارت کی سیاسی قیادت سے ہضم نہیں ہورہا، دونوں ملکوں کی فوجیں بھی پوزیشن بدل چکی ہیں، ہمارا میزائل پروگرام پاکستان کی ڈھال ہے۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ کابل جا کر چائے پینے اور دہشتگردوں کے لیےسرحد کھولنے سے نقصان ہوا۔
-

خوفناک حادثہ؛ بہن بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق
ڈی آئی خان:(کنزیومر واچ نیوز)خوفناک ٹریفک حادثے میں بہن بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور میں چشمہ روڈ پر کڑی خیسور کے قریب ہولناک ٹریفک حادثے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ کار اور ہینو ٹرک کے درمیان پیش آیا، جس کے نتیجے میں تمام افراد موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ریسکیو اہلکاروں نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کو گاڑی سے نکالا اور پہاڑپور اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت رودہ منیر، محمد معتصم، محمد طلحہٰ، ڈرائیور وسیم اللہ اور طفیل کے نام سے ہوئی ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک بہن اور 2 بھائی بھی شامل تھے۔حادثے کی اطلاع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور وہ اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
-

پاکستانی یوٹیوبرز کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
کراچی (کنزیومر واچ نیوز)یوٹیوب کی نئی مونیٹائزیشن پالیسی کے تحت غیر مستند اور اے آئی سے بنے مواد پر مونیٹائزیشن خطرے میں پڑگئی۔یوٹیوب نے اپنی پارٹنر پروگرام مونیٹائزیشن پالیسی میں 15 جولائی سے اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد غیر مستند، دہرائے گئے اور بڑے پیمانے پر تیار کردہ اے آئی مواد کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔یہ اقدام ان کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے خطرے کی گھنٹی بن گیا ہے جو اپنی ویڈیوز میں اصل تخلیقی مواد کے بجائے ٹیمپلیٹس یا AI ٹولز کا استعمال کرتے ہیں۔یوٹیوب کی آفیشل اپ ڈیٹ کے مطابق پلیٹ فارم ایسی ویڈیوز کو ہدف بنائے گا جو دوسروں کے مواد کی نقل پر مبنی ہوں یا جن میں معمولی ترمیم کر کے انہیں نئے انداز میں پیش کیا گیا ہو۔اگرچہ یوٹیوب نے “غیر مستند” یا “بار بار دہرائے گئے” مواد کی واضح تعریف نہیں دی، تاہم ماہرین کے مطابق یہ تبدیلیاں خاص طور پر ان چینلز پر اثر انداز ہوں گی جو بغیر چہرے کے گیمنگ ویڈیوز یا AI سے تیار کردہ آوازوں اور کرداروں پر انحصار کرتے ہیں۔واضح رہے کہ اس پالیسی میں AI کا براہِ راست ذکر نہیں کیا گیا، مگر اس اپ ڈیٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ مکمل طور پر AI پر مبنی کانٹینٹ کی مونیٹائزیشن مشکل ہوسکتی ہے، جس کا اثر ان ٹولز کی مقبولیت اور افادیت پر بھی پڑے گا۔ایسے میں پاکستانی یوٹیوبرز بھی جو اپنی ویڈیوز میں آے آئی یا گیمنگ ویڈیوز کا استعمال کرتے ہیں اس پالیسی سے خطرے میں پڑگئے ہیں کیونکہ گیمنگ ویڈیوز پر مبنی اور اے آئی سے تیار کردہ آوازوں پر مبنی کئی یوٹیوب چینلز موجود ہیں جو پاکستانی ہیں۔ جبکہ کئی ایسے یوٹیوب چینلز بھی موجود ہیں جو غیر مستند اور دہرائے گئے مواد پر مبنی ہیں جو اس پالیسی کے باعث اپنی مونیٹائزیشن کھو سکتے ہیں۔
-

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے سے متعلق کوئی خیال موجود نہیں،وزیرداخلہ
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)وزیرداخلہ محسن نقوی نے صدر آصف زرداری کی تبدیلی سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے سے متعلق کوئی خیال موجود نہیں ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ صدر آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو نشانہ بنانے والی مہم کے پیچھے کون ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ صدر آصف زرداری سے استعفیٰ سے متعلق کوئی بحث نہیں ہوئی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے سے متعلق کوئی خیال موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ صدرآصف زرداری کے مسلح افواج کی قیادت سے مضبوط اور احترام پر مبنی تعلقات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے؟ وہ ایسا کیوں کررہا ہے، یہ بھی جانتا ہوں کہ اس پروپیگنڈے سے کس کو فائدہ ہو رہا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی واحد توجہ پاکستان کا استحکام اور مضبوطی ہے۔
