واشنگٹن (ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل کی قیمت 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، برطانوی خام تیل کی قیمت میں 8 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد برطانوی خام تیل کی نئی قیمت 121 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔امریکی خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ماہرین نے بحری ناکہ بندی جاری رہنے اور ایران امریکا مذاکرات تعطل کا شکار رہنے کی صورت میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے سے خبردار کردیا۔
Blog
-

نارمل پاسپورٹ اب 21 دن کی بجائے 14 دن میں جاری ہوگا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک )ملک بھر میں نارمل پاسپورٹ کا اجرا 21 دن سے کم کرکے 14 دن کردیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جب کہ اس دوران وزیرداخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ نارمل پاسپورٹ کا اجرا 21 دن سے کم کرکے اب 14 دن کردیا گیا ہے، پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم رائج ہوگا۔اس کے علاوہ پاسپورٹ کی گھروں کی دہلیز تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے پاسپورٹ دفاتر میں 15 روز تک مکمل کیش لیس نظام رائج کرنے کا ٹاسک دے دیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کیش ادائیگی ختم ہونے سے ایجنٹ مافیا کاخاتمہ ہوگا اور شہریوں کو سہولت ملے گی، پاسپورٹ نظام کو بہتر بنانے اورعوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کاقیام انتہائی ضروری ہے۔وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق امور پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔: Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔ -

سندھ حکومت کا کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی دینے کا فیصلہ
کراچی(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیئرمین کے الیکٹرک شہریار چشتی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں کےالیکٹرک کے سی ای او سید طحہٰ، پی ایس سی ایم آغا واصف اور سیکرٹری توانائی شعیب انصاری سمیت دیگر بھی میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کیلئے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مشترکہ مطالعہ کیا جائے۔انہوں نے کم آمدن والے علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت دی جب کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ پسماندہ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعلیٰ نے پسماندہ علاقوں میں طویل بجلی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کے آغاز سے غریب طبقات کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے خاص طور پر غریب محلوں میں قابل عمل حل نکالنا ضروری ہے۔مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مطالعہ کیا جائے تاکہ مستحق گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
: Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔ -

اسلام آباد ’’خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،سرکاری ذرائع
اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کے طور پر اپنے کردار کیلئے پاکستان پُرعزم ہے، اور ایک اعلیٰ سرکاری ذریعے نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ اسلام آباد ’’خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔‘‘
یہ بیان اُن چیلنجز کے تناظر میں سامنے آیا ہے جو دو ماہ پرانے تنازع کے خاتمے کیلئے تعطل کا شکار بات چیت کی بحالی میں درپیش ہیں، جبکہ بالواسطہ ذرائع اب بھی متحرک ہیں۔
ایک سینئر عہدیدار نے سفارتی حساسیت کی وجہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دی نیوز کو بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور کرتا رہے گا۔ پاکستانی قیادت، بشمول وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، شٹل سفارت کاری میں پیش پیش رہی ہے اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان پیغامات کی ترسیل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں اس ماہ کے آغاز میں جنگ بندی ممکن ہوئی تھی، جسے پاکستانی اپیلوں کے بعد توسیع بھی دی گئی۔ تاہم، بریک تھروُ کی امیدیں اس وقت ماند پڑ گئیں جب ایران نے امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد کے کردار سے واقف ایک ذریعے نے پاکستان کی کوششوں کو ’’مسلسل اور خاموش‘‘ قرار دیا، اور کہا کہ براہِ راست روابط کی کمی کے باوجود پاکستان خلیج کو کم کرنے کیلئے سرگرم ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ہفتے کے اختتام پر ایرانی وزیرِ خارجہ کے اسلام آباد کے دورے میں نئی تجاویز شامل تھیں، جو پاکستانی ذریعے نے امریکی فریق تک پہنچائیں۔ سرکاری ذریعے نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ثالثی کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ نتائج ہیں۔
ایک اور سرکاری ذریعے کا کہنا تھا کہ ہم دیرپا امن کے حصول تک دونوں فریقین کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ جس وقت عالمی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ آیا بالواسطہ ذرائع کسی پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں، پاکستانی حکام آنے والے دنوں میں اعلیٰ سطح پر رابطے جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو ممکنہ طور پر کثیرالجہتی کوششوں کے نئے مرحلے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔: Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔ -

حیدرآباد، لاڑکانہ اور کراچی میں ہزاروں طلبہ کے نتائج تبدیل کیے جانے کا انکشاف
میرپور خاص(ویب ڈیسک )کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق کنٹرولرانور علیم نے تعلیمی بورڈ میں کرپشن کے حوالے سے مزید انکشافات کیے ہیں۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق نوابشاہ تعلیمی بورڈ میں 90 ہزار طلبہ کے نتائج تبدیل کیےگئے جب کہ حیدرآباد بورڈ میں بھی نتائج میں بڑے پیمانے پر ہیراپھیری کی گئی۔اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سکھراورلاڑکانہ بورڈ میں بھاری رقوم لےکرطلبہ کے نتائج تبدیل کیےگئے جب کہ کراچی تعلیمی بورڈ میں بھی بڑے پیمانے پر نتائج تبدیل کیے گئے۔حکام کے مطابق کرپشن پر تمام تعلیمی بورڈزکےچیئرمین اورکنٹرولرز کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں اور تعلیمی بورڈز کے افسران کو 30 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔
: Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔ -

امریکی صدر ٹرمپ کی پسندیدگی کی شرح مزید گر گئی
واشنگٹن (ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پسندیدگی کی شرح مزید گر گئی ہے۔ رائٹرز اور اپسوس کے سروے کے مطابق امریکا کے صرف 34 فیصد ووٹر ٹرمپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جبکہ 15 سے 20 اپریل تک ہونے والے پچھلے سروے میں یہ شرح 36 فیصد تھی۔یہ سروے ٹرمپ پر حملے سے پہلے کا ہے، پچھلے سال جنوری میں جب ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھایا تھا تو ان کی کارکردگی سے 47 فیصد امریکی ووٹر خوش تھے۔28فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے اور اس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرمپ کی ریٹنگ میں مسلسل کمی آ رہی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اطمینان کی شرح اور بھی کم ہے اور 22 فیصد امریکی شہری اس معاملے پر ٹرمپ سے مطمئن نظر آتے ہیں۔تاہم ری پبلکن ووٹروں میں سے 78 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی صدر ٹرمپ کی حمایت کرتے ہیں، ایسے شہری جو خود کو دونوں بڑی جماعتوں سے منسلک نہیں کرتے ان میں سے 34 فیصد ڈیموکریٹک پارٹی اور 20 فیصد ری پبلکن پارٹی کے حامی ہیں۔ امریکا میں صرف 34 فیصد ووٹر ایران کے ساتھ امریکی تنازع کے حق میں ہیں، اپریل کے وسط میں ایسے افراد کی تعداد 36 فیصد تھی۔
: Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔ -

پاکستان اس وقت امت مسلمہ کا لیڈر بن چکا ہے: فلسطینی صحافی
اسلام آ باد(ویب ڈیسک )فلسطینی صحافی جلال محمود الفرا کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت امت مسلمہ کا لیڈر بن چکا ہے۔جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان کوئی معاہدہ ہو جائے تو اس سے اسرائیل کمزور ہوگا اس کا فائدہ فلسطین اور کشمیر کو ہوگا۔دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں سب بڑا مسئلہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کا ہے، مسجد اقصیٰ کی آزادی کا ہے، مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔پروگرام میں شریک فلسطینی صحافی جلال محمود الفرا کا کہنا تھا کہ جب تک مشرق وسطیٰ میں آزاد خود مختار ریاست فلسطین قائم نہیں ہوتی اس وقت تک مسئلہ حل نہیں ہوگا، پاکستان اس وقت امت مسلمہ کا لیڈر بن چکا ہے۔
: Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔ -

سندھ میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟
کراچی:(ویب ڈیسک )سندھ بھر میں ہیٹ ویو سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا، اس دوران دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آج سے 3 مئی کے دوران ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔جامشورو، دادو، بے نظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں بھی جمعرات تک گرم دن ریکارڈ ہو سکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک تجاوز کر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک بڑھنے کے سبب گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔واضح رہے کہ کراچی ہیٹ ویو والے علاقوں میں شامل نہیں کیونکہ کراچی زیریں سندھ میں واقع ہے، ہیٹ ویو وسطی اور بالائی سندھ پر اثرانداز ہوگا۔ماہرین نے گرمی کی لہر کے دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ دن کے وقت سورج کی براہ راست تپش کے دوران گھروں سے کم نکلا جائے اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔
Disclaimer:
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا
۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔


