Blog

  • کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کراچی:(پاکستان واچ نیوز)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بارش کے دوران تندوتیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلو میٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہے جبکہ شہر کے کچھ مقامات پر ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔کراچی میں جمعے کو موسم بیشتر وقت صاف اور تیز دھوپ رہ سکتی ہے تاہم ہفتے کو حالیہ مغربی سسٹم کا ایک نیا اسپیل شہر میں بارشوں کا سبب بنے گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر و ترجمان محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے بارش کے نئے مغربی نظام کے اثرات کراچی سمیت دیہی سندھ پر 29 مارچ تک برقرار رہ سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبک کل کم سے کم درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

  • ذوالقرنین سکندر کے رجب بٹ پر سنگین الزامات، ثبوت بھی سامنے لے آئے

    ذوالقرنین سکندر کے رجب بٹ پر سنگین الزامات، ثبوت بھی سامنے لے آئے

    لاھور(پاکستان واچ نیوز)پاکستانی یوٹیوبر ذوالقرنین سکندر اور رجب بٹ کے درمیان جاری تنازع نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے، جہاں ذوالقرنین سکندر نے پہلی بار کھل کر ردعمل دیتے ہوئے رجب بٹ پر متعدد الزامات عائد کیے ہیں۔ذوالقرنین سکندر، جو عموماً تنازعات سے دور رہنے کے لیے جانے جاتے ہیں اور اپنی اہلیہ کنول آفتاب کے ساتھ فیملی اور ایڈونچر ولاگز کے باعث مقبول ہیں، اس بار سخت مؤقف کے ساتھ سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کسی کے خلاف بات نہیں کرتے، لیکن موجودہ صورتحال نے انہیں بولنے پر مجبور کردیا ہے۔یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب رجب بٹ نے مبینہ طور پر کنول آفتاب کو تنقید کا نشانہ بنایا۔جس کے بعد ذوالقرنین سکندر نے جواب دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رجب بٹ خود کو ’’سیلف میڈ‘‘ قرار دیتے ہیں، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔ذوالقرنین کے مطابق رجب بٹ نے پہلی بار 2021 میں کنول آفتاب سے رابطہ کیا، لیکن اس وقت وہ غیر معروف تھے، جس کے باعث ان کا پیغام بعد میں دیکھا گیا۔ بعد ازاں 2023 میں انہیں ایک پوڈکاسٹ میں مدعو کیا گیا، جہاں سے انہیں نمایاں ہونے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے رجب بٹ کو آن لائن پلیٹ فارمز پر متعارف کروانے، شاؤٹ آؤٹس دینے اور ویورشپ بڑھانے میں مدد فراہم کی۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ رجب بٹ کی شادی کے اخراجات میں بھی ان کا کردار رہا، جس میں لباس، میک اپ اور دیگر معاملات شامل تھے۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ مختلف مواقع پر مالی معاونت اور برانڈ کولیبوریشنز میں بھی ان کی مدد کی گئی۔ذوالقرنین سکندر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے پاس اپنے تمام بیانات کے ثبوت موجود ہیں، جن میں پیغامات، آڈیو کلپس اور سی سی ٹی وی فوٹیج شامل ہیں۔ انہوں نے ایک موقع پر اپنی اہلیہ کا وائس نوٹ بھی سنایا تاکہ اپنے مؤقف کو ثابت کیا جا سکے۔یہ تنازع اب سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن چکا ہے، جہاں صارفین دونوں یوٹیوبرز کے مؤقف پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ معاملہ مزید بڑھنے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

  • ایرانی حملوں کیخلاف اقوام متحدہ میں اہم قرارداد پاس، 100 سے زائد ممالک کی حمایت

    ایرانی حملوں کیخلاف اقوام متحدہ میں اہم قرارداد پاس، 100 سے زائد ممالک کی حمایت

    نیو یارک (پاکستان واچ نیوز)اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف ایک اہم قرارداد منظور کر لی گئی ہے، جس کی 100 سے زائد ممالک نے حمایت کی۔یہ قرارداد خلیجی ممالک اور اردن کی درخواست پر بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے بعد منظور کی گئی، قرارداد میں ایران کے حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی گئی ہے۔اس موقع پر امارات کی وزارت خارجہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، خاص طور پر ایسے ممالک میں جو اس تنازع کا حصہ نہیں ہیں۔قرارداد میں آبنائے ہرمز اور باب المندب میں جہازرانی میں مداخلت کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کشیدگی عالمی تجارت، توانائی کے تحفظ اور سپلائی چین کو متاثر کر رہی ہے۔مزید برآں قرارداد میں متاثرہ ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے، اشتعال انگیزی سے گریز کرے اور متاثرہ فریقین کو مکمل معاوضہ ادا کرے۔سیاسی مبصرین کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں ممالک کی جانب سے اس قرارداد کی حمایت ایران پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی سفارتی دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔

  • ایران کی فوجی قیادت نے امریکی صدر کے مذاکرات سے متعلق دعوؤں کو  مسترد کر دیا

    ایران کی فوجی قیادت نے امریکی صدر کے مذاکرات سے متعلق دعوؤں کو مسترد کر دیا

    تہران (پاکستان واچ نیوز)ایران کی فوجی قیادت نے امریکی صدر ٹرمپ کے مذاکرات سے متعلق دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ایران کے مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراھیم زلفغاری نے ایک بیان میں امریکا کو سخت پیغام دیا۔ایرانی خبر ایجنسی فارس کے مطابق زلفغاری نے امریکی دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا امریکا کے اندرونی اختلافات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ وہ خود ہی اپنے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ناکامی کو معاہدے کا نام نہ دیا جائے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران کی مرضی پوری نہیں ہوتی، نہ تو تیل کی قیمتیں سابق سطح پر واپس آئیں گی اور نہ ہی خطے میں پہلے جیسا نظام بحال ہوگا۔انہوں نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کا خیال مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا۔زلفغاری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایران کا مؤقف شروع سے واضح ہے اور آئندہ بھی رہے گا کہ ایران امریکا کے ساتھ کسی صورت مفاہمت نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جیسے لوگ تم جیسے لوگوں کے ساتھ کبھی نہیں چل سکتے، نہ اب اور نہ ہی آئندہ کبھی۔‘یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے متضاد دعوے گردش کر رہے ہیں اور خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

  • وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، خطے میں امن کیلیے پاکستانی کوششوں  سے آگاہ کیا

    وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، خطے میں امن کیلیے پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا

    اسلام آباد:(پاکستان واچ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے عید الفطر کی مناسبت سے نیک تمناؤں کا تبادلہ بھی کیا۔شہباز شریف نے گفتگو کے دوران خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، شاہی خاندان اور سعودی عوام کے لیے عیدالفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے سعودی قیادت کے تحمل کو سراہتے ہوئے کشیدگی میں کمی، فوری جنگ بندی اور امت مسلمہ میں اتحاد کی فوری ضرورت پر زور دیا۔شہباز شریف نے ولی عہد کو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • جنگ بندی کیلئے امریکا کا ایران کو 15 نکاتی خفیہ پلان بھجوائے جانے کا انکشاف

    جنگ بندی کیلئے امریکا کا ایران کو 15 نکاتی خفیہ پلان بھجوائے جانے کا انکشاف

    واشنگٹن (پاکستان واچ نیوز)امریکی اور اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایک 15 نکاتی منصوبہ (پلان) تیار کر کے تہران کو بھجوا دیا ہے۔ تاہم اس منصوبے کے حوالے سے ابھی تک امریکا یا ایران کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔الجزیرہ کے مطابق رپورٹس میں نام ظاہر نہ کرنے والے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے تین بڑے جوہری مراکز کو ختم کرے اور اپنی سرزمین پر یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر بند کر دے۔اس کے علاوہ ایران سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو معطل کرے اور خطے میں اپنے حمایت یافتہ گروہوں کی مدد کم کرے۔منصوبے میں یہ بھی شامل ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھول دے تاکہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل بحال ہو سکے۔ اس کے بدلے میں امریکا ایران پر عائد جوہری پابندیاں ختم کرنے اور اس کے سویلین جوہری پروگرام میں مدد فراہم کرنے پر آمادہ ہوگا۔اس حوالے سے پاکستان کے اہم کردار کی خبریں سامنے آرہی ہیں لیکن اس کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوسکی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکا اس منصوبے پر بات چیت کے لیے ایک ماہ کی جنگ بندی بھی چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک تفصیلی مذاکرات کر سکیں تاہم ابھی تک دونوں فریقین کی جانب سے اس تجویز پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • روایتی جنگ کے بعد سائبر وار، جی پی ایس پر ہزاروں حملے، جہاز راستوں سے بھٹکنے لگے

    روایتی جنگ کے بعد سائبر وار، جی پی ایس پر ہزاروں حملے، جہاز راستوں سے بھٹکنے لگے

    جدہ(ویب ڈیسک)خطے میں روایتی جنگ کے بعد اب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ’سائبر وار فیئر‘ کا نیا محاذ کھل گیا ہے، جہاں گزشتہ 25 دنوں کے دوران جی پی ایس ڈیٹا پر ہزاروں حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ماہرین کے مطابق ان حملوں میں جیمنگ اور اسپوفنگ جیسی تکنیکیں استعمال کی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے جی پی ایس سگنلز کو متاثر کر کے جنگی مقاصد حاصل کیے جا رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران بھی اس نوعیت کی سرگرمیاں دیکھی گئی تھیں، جبکہ اب ایران کے گرد و نواح کے خطے میں بھی اسی طرح کی غیر معمولی صورتحال سامنے آ رہی ہے۔فضائی اور بحری راستے استعمال کرنے والے ادارے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں روزانہ درجنوں پروازیں اور بحری جہاز اپنے راستے سے بھٹک رہے ہیں، جس کی بڑی وجہ جی پی ایس سسٹم پر ہونے والے حملے ہیں۔ اس سے نہ صرف سفری نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ عالمی تجارت اور سلامتی کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق ’’جیمنگ‘ ایک ایسا عمل ہے جس میں طاقتور الیکٹرو میگنیٹک شور کے ذریعے جی پی ایس سگنلز کو کمزور یا معطل کر دیا جاتا ہے، جبکہ ’اسپوفنگ‘ کے ذریعے نیویگیشن سسٹمز کو دھوکہ دے کر غلط لوکیشن ظاہر کروائی جاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں طیارے اور جہاز اپنی اصل سمت کھو سکتے ہیں، جو ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس قسم کے سائبر حملوں کو نہ روکا گیا تو مستقبل میں عالمی فضائی اور بحری نظام کو بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

  • کفایت شعاری ،سندھ کابینہ نے 3 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے،شرجیل میمن

    کفایت شعاری ،سندھ کابینہ نے 3 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے،شرجیل میمن

    کراچی:(پاکستان واچ نیوز)حکومت سندھ نے کفایت شعاری سے متعلق متعدد اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایندھن کی کمی روکنے کے لیے وفاقی حکومت جو بھی فیصلے کرے گی، ان پر لبیک کہا جائے گا۔
    صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ وفاقی حکومت کے تمام فیصلوں پر عمل کر رہی ہے اور مزید اہم فیصلے بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ موجودہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
    انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر سندھ کابینہ نے 3 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ ایندھن کی بچت ممکن بنائی جا سکے۔
    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے فیصلوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھی جائے گی ۔ اگر وفاقی حکومت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتی ہے تو سندھ حکومت اس پر بھی مکمل طور پر عمل کرے گی۔
    انہوں نے کہا کہ عوامی ضروریات اور ایندھن کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ جب تک حالات مکمل طور پر قابو میں نہیں آتے تب تک یہ اقدامات جاری رہیں گے۔
    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال سے بچنا ضروری ہے جس میں ایندھن اور توانائی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے، اسی لیے سندھ حکومت کے فیصلے کے تحت سرکاری گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
    سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ایندھن کی بچت اور ممکنہ مہنگائی کو روکا جا سکے۔
    انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کو مزید تعاون درکار ہوا تو سندھ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر ممکن ہو تو گھروں سے کام کریں کیونکہ یہ کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے ۔ عوام کے تعاون سے ہی ایندھن کی بچت اور توانائی کے ذخائر کا تحفظ ممکن ہے۔
    انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام فیصلے کیے جا رہے ہیں ۔ حکومت کی اولین ترجیح قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا اور ایندھن کی کمی کو ہر صورت روکنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • سندھ حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور کر رہی ہے،ناصر حسین شاہ

    سندھ حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور کر رہی ہے،ناصر حسین شاہ

    سکھر (ویب ڈیسک): صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور کر رہی ہے۔
    صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال کے باعث سندھ حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور کر رہی ہے۔
    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کیے جا رہے ہیں۔ سرکاری گاڑیوں کے پٹرول کوٹے میں پہلے ہی 60 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
    انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات عام حالات نہیں ہیں، اگر جنگ لمبی چلی تو مشکل میں سب آئیں گے۔ اس صورتحال میں ایندھن بچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

  • جنگ رکوانے کیلیے پاکستانی کوششیں، ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کی ٹیلیفونک گفتگو

    جنگ رکوانے کیلیے پاکستانی کوششیں، ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کی ٹیلیفونک گفتگو

    اسلام آباد(پاکستان واچ نیوز)امریکا ایران جنگ رکوانے کے لیے پاکستان کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں ٹرمپ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی ہےخبر رساں اداروں کے مطابق امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مابین ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ حساس سفارتی بات چیت ہے۔ کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ امریکا اس معاملے پر میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا۔دوسری جانب عرب ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر نے مذاکرات کی حمایت کردی ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور جلد ہی ایک حتمی معاہدہ سامنے آ سکتا ہے۔ٹرمپ کے دعوے کے بعد ایرانی حکام کی جانب سے کسی بھی قسم کے مذاکرات سے انکار سامنے آیا تھا۔علاوہ ازیں عالمی میڈیا نے بھی اپنی رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے اسلام آباد میں بیٹھک لگے گی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس تنازع میں پاکستان کی سفارتی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔واضح رہے کہ تہران حکومت کی جانب سے مذاکرات یا سپریم لیڈر کی حمایت سے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔