کراچی (پاکستان واچ نیوز)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے باجوڑ کے رہائشی فتنۃ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد دوست محمد ولد گل فراز خان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم نومبر 2020 میں دیگر فتنۃ الخوارج دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر نواگئی خیبر پختونخوا پر فائرنگ کرنے اور سرکاری مشینری کو نذرِآتش کرنے میں ملوث ہے جس کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن میں دہشت گردی کی سنگین دفعات کے تحت درج ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم اس واقع کے بعد کراچی میں روپوش تھا۔ ملزم دیگر فتنۃ الخوارج ساتھیوں کے ہمراہ شہر کے حساس مقامات پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے منصوبہ بندی کر رہا تھا۔گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس خیبر پختونخوا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
Blog
-

بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان موجود ہے،وزیردفاع خواجہ آصف
اسلام آباد (پاکستان واچ نیوز)وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کو طالبان اور بھارت کی پراکسی جنگ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ افغانستان میں فضائی کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف سے فرانسیسی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ پاکستان نے کابل اور قندھار سمیت افغانستان کے اندر کارروائیاں کیں تو کیا یہ سلسلہ جاری رہے گا، جس پر انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ آپشن ہمیشہ سے موجود ہے اور ہم اس آپشن کا استعمال کرسکتے ہیں اورہم ایسا کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے، اگر کابل امن کی ضمانت دے سکتا ہے تو پھر کوئی لڑائی نہیں لیکن وہ سرپرستی کریں گے اور سازش میں شریک ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملے طالبان اور بھارت کی پراکسی جنگ کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی، کابل اور دہشت گرد گروہ پاکستان پر حملوں میں ملوث ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی، داعش سمیت دیگر تمام دہشت گرد گروہ افغانستان میں موجود ہیں اور پاکستان پر حملے کابل کی مرضی یا سرپرستی کے بغیر نہیں ہوسکتے۔
وزیردفاع نے کہا کہ اگر کابل میں کوئی امن کی ضمانت دے تو دشمنی نہیں ہوگی، مگر وہ بدستور سرپرستی اور سازش میں شریک ہیں، افغانستان پر عملی کنٹرول انہی کے پاس ہے، اگر یہ گروہ ان کی سرزمین سے کام کر رہے ہیں تو ذمہ داری بھی انہی کی ہے اور وہ اس سے انکار نہیں کر سکتے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ کچھ دوست ممالک نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی کوشش کی، استنبول، دوحہ اور کابل میں ہونے والی ملاقاتوں کا حصہ رہا ہوں مگر ان کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان موجود ہے، خواجہ آصف
وزیردفاع نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان اب بھی موجود ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں چار روزہ جنگ میں بھارت کو بری طرح شکست ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار طیاروں کی تعداد کا ذکر کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی بین الاقوامی سطح پر تذلیل ہوئی ہے کیونکہ ایک ایسے ملک کے ہاتھوں جو جغرافیہ اور فوج دونوں اعتبار سے ان سے کہیں چھوٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ نے اپنی فضائی حدود میں کی مداخلت کی ہر کوشش ناکام بنا دی، دہلی کے کابل سے قریبی تعلقات ہیں اور فی الحال ہمارا بھارت سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ نہیں ہے۔
غزہ پاکستانیوں کے دل کے بہت قریب ہے، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ پاکستانیوں کے دل کے بہت قریب ہے، ہم کئی برسوں سے اقوام متحدہ کی امن فوج میں حصہ لیتے آ رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ کی امن مشنز میں سب سے بڑے معاونین میں شامل رہے ہیں، لہٰذا ہمارے پاس اس کا تجربہ موجود ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کا معاملہ ہمارے اور پاکستانی عوام کے دلوں کے بہت قریب ہے، ہم کئی دہائیوں سے ان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے آئے ہیں، ہم نے دنیا کے ہر دستیاب فورم پر فلسطین کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ -

امریکاآنے والے چند دنوں میں ایران پر حملہ کر سکتا ہے ،امریکی میڈیا
تہران (پاکستان واچ نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے جہاں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا رواں ہفتے کے اختتام تک ایران کے خلاف محدود یا وسیع فوجی کارروائی پر غور کر رہا ہے۔تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔میڈیا رپورٹس میں حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ممکنہ کارروائی سے متعلق عسکری اور سفارتی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ اس معاملے پر مسلسل مشاورت اور غور و فکر میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق امریکی فوج نے خطے میں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ممکنہ امریکی کارروائی کے خدشات کے باعث اسرائیل میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، قریبی بنکرز کی معلومات رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اسرائیلی سکیورٹی اداروں کا خدشہ ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو تہران جوابی کارروائی کے طور پر میزائل حملے کر سکتا ہے، جس سے خطے میں وسیع پیمانے پر کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
-

کراچی: سولجر بازار میں رہائشی عمارت میں گیس لیکج کا دھماکا، 16 افراد جاں بحق
کراچی (پاکستان واچ نیوز) گیس لیکج کے باعث عمارت میں ہونے والے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقےکوگھیرے میں لےکر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 13 لا شیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 4 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 10 سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی جی ریسکیو 1122بریگیڈئیر واجد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سےہوا جس میں اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں خاتون اور بچی کی لاشیں بھی شامل ہیں۔ڈی جی نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹی عمارت کے لیے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتاہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا ہے۔
-

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے فورس بنانےکا اعلان کرتا ہوں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
اسلام آباد:(پاکستان واچ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا مجھے بانی کی طرف سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے، عدالتی احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جاتے ہیں، ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی جاتی۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کا اعلان کرتا ہوں، اس فورس کی رجسٹریشن کریں گے، بانی رہائی فورس پرامن جدوجہد کرے گی، عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں ہم فورس ممبران سے حلف لیں گے، اس فورس کا چین آف کمانڈ ہوگا، عمران خان جس کو ذمہ داری دیں گے اس کو اس فورس کی کمانڈ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے تیاری کریں گے پھر لڑائی کریں گے، یہ لڑائی جمہوریت اور آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لئے ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا پی ٹی آئی میں جو مجھے ہٹانےکی خواہش رکھتے ہیں وہ جان لیں عزت و ذلت اللہ دیتا ہے، مجھے ہٹانے سے متعلق کس نے پیغام دیا یہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھ لیں۔
-

مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں پہلی تراو یح کے روح پرور مناظر
مکہ مکرمہ (پاکستان واچ نیوز)مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں رمضان المبارک کی پہلی تراویح کے روح پرور مناظر نے دیکھنے والے کا دل موہ لیا۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دنیا بھر سے آئے ہزاروں مسلمان بارگاہ الہیٰ میں سجدہ ریز رہے، ماہ رمضان پانے پر شکر اور مغفرت کی دعائیں کی گئیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر ، کویت ، بحرین ، عراق ، یمن ، لبنان ، فلسطین اور افغانستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا جہاں آج پہلا روزہ ہے۔اس کے علاوہ ترکیے ، سوئیڈن ، آسٹریلیا ، مصر ، عمان ، ملائیشیا ، سنگاپور ، برونائی ، انڈونیشیا ، فلپائن ، آذربائیجان ، قازقستان ، کرغزستان ، ازبکستان ، فرانس اور جاپان میں پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔ادھر امریکا ، کینیڈا ،بیلجیئم اور برطانیہ میں کمیونٹی تقسیم ہے، بعض نے آج اور دیگر نے جمعرات سے آغاز رمضان کا اعلان کیا۔
-

زیرتعمیر سڑکیں ای چالان سسٹم میں شامل نہیں ہیں، ڈی آئی جی ٹریفک
کراچی(پاکستان واچ نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک نے شہر میں ای چالان سے متعلق جواب سندھ ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا جس میں انہوں نے بتایا کہ شہر میں ای چالان کا نظام تمام فریقین کی مشاورت سے نافذ کیا گیا۔ای چالان کے خلاف درخواستوں پر سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی جس دوران ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے عدالت میں تحریری جواب جمع کرایا گیا۔ڈی آئی جی ٹریفک نے عدالت کو بتایا کہ ای چالان نظام تمام فریقین سے مشاورت کے بعد نافذ کیا گیا، فیز ون صرف مکمل انفرا اسٹرکچر والی سڑکوں پر نافذ ہے، زیرتعمیر سڑکیں ای چالان سسٹم میں شامل نہیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 14 روز میں چالان ادا کرنے پر 50 فیصد رعایت دی جا رہی ہے، جرمانوں میں ترمیم سندھ حکومت نے کی، ٹریفک پولیس کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ای چالان نظام شفاف اور قانونی دائرے میں ہے، ای چالان سے متعلق تنازع پر ٹریفک کورٹس سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔عدالت نے ای چالان کے خلاف درخواستوں پر سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی۔
-

کوئٹہ اور بارکھان میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں ، 14 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ(پاکستان واچ نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ اور بارکھان میں کارروائیوں کے دوران 14 دہشتگرد ہلاک کردیے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں کارروائی کی گئی جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب سی ٹی ڈی نے بارکھان میں انیٹلی جنس بیسڈکارروائی کی جس دوران فائرنگ کےتبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
-

سحرو افطار کے دوران بجلی گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائیگی، وفاقی وزیر
اسلام آباد:(پاکستان واچ نیوز) وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے رمضان المبارک میں سحرو افطار کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا حکم دیا ہے۔اویس لغاری نے پاور ڈویژن کے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی سحروافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزیرپاورکاکہنا تھا کہ لوڈمینجمنٹ سحر و افطار کے علاوہ اوقات میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔دوسری جانب سوئی سدرن اور سوئی نادرن کا رمضان میں صبح 3 بجے سے رات 10:30بجے تک گیس فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
-

علیمہ خان ہمیشہ عمران خان کے علاج کے لیے منع کردیتی تھیں، محسن نقوی
لاہور:(پاکستان واچ نیوز)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ علیمہ خان عمران خان کی بیماری کو کیش کرانا چاہتی تھیں، علیمہ خان ہمیشہ عمران خان کے علاج کے لیے منع کردیتی تھیں، انہوں نے اپنی پارٹی کے لوگوں سے کہا کہ اگر ہم مان گئے تو معاملہ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی کے معاملے پر پروپیگنڈا کیا گیا، ہم عمران خان کی صحت کے معاملے کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہتے، ہم اپوزیشن سے رابطے میں تھے، ہم نے انہیں یقین دلایا کہ عمران خان کو علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، ہم نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے آئی اسپیشلسٹ کا نام تجویز کرنے کا بھی کہا، ہمیں کہا گیا عمران خان کو ایک ہفتے کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے معائنے کے لیے بہترین ڈاکٹرز کا انتخاب کیا، ان ڈاکٹروں نے پی ٹی آئی قیادت کو بریفنگ دی کہ عمران خان کا بہترین علاج کیا جارہا ہے، محمود خان اچکزئی کے خط لکھنے سے پہلے ہی ہم اپوزیشن سے رابطے میں تھے، ہم چاہتے تھے پی ٹی آئی قیادت کی موجودگی میں معائنہ ہو، بہترین سرکاری اور پرائیویٹ ڈاکٹرز نے عمران خان کا معائنہ کیا مگر سڑکوں کی بندش کرکے عوام کو تکلیف پہنچائی گئی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے علاج سے متعلق بیرسٹر گوہر کو بھی آگاہ کیا، انہیں کہا کہ اڈیالہ جیل پہنچ جائیں مگر وہ نہیں آئے، ہم نے اپوزیشن کو کہا کہ آپ آجائیں اور اپنے ڈاکٹرز کو ساتھ لے آئیں۔محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ عمران خان کی صحت سے زیادہ اپنی سیاست کے بارے میں فکر مند ہیں، اس حوالے سے انتشار پھیلانے کی بھی کوشش کی گئی حالاں کہ میڈیکل رپورٹس بالکل درست ہے اور ڈاکٹروں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا، علیمہ خان عمران خان کی بیماری کو کیش کرانا چاہتی تھیں، علیمہ خان ہمیشہ عمران خان کے علاج کے لیے منع کردیتی تھیں، انہوں نے اپنی پارٹی کے لوگوں سے کہا کہ اگر ہم مان گئے تو معاملہ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ عمران خان کے علاج کے معاملے پر بھونڈی سیاست کی جارہی ہے، میڈیکل رپورٹ سب کے سامنے ہے، پروپیگنڈا بند ہونا چاہیے، ہم اب بھی کہہ رہے ہیں اگر کوئی ٹیسٹ رہ گیا ہے تو بتائیں۔
