Blog

  • ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ معاہدے کیلئے امید ظاہر کردی

    ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ معاہدے کیلئے امید ظاہر کردی

    واشنگٹن(فارن ڈیسک ) ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کے خدشے کے اظہار کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے حوالے سے اب بھی پُرامید ہیں۔خامنہ ای نے اپنے بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے اثرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی دھمکیاں ایرانی قوم کو خوفزدہ نہیں کر سکتیں۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتا، لیکن اگر ایرانی قوم کو نشانہ بنایا گیا یا ہراساں کیا گیا تو سخت جواب دیا جائے گا۔آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاہدہ طے پانے کی امید رکھتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کی بات کرنا غیر متوقع نہیں، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو یہ دیکھا جائے گا کہ ان کے خدشات درست ثابت ہوتے ہیں یا نہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچ جائیں۔واضح رہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر دیا ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق اس وقت خطے میں چھ ڈسٹرائر جنگی جہاز، ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور تین لیٹورل کامبیٹ شپ تعینات ہیں۔

  • لندن: بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی طبیعت انتہائی ناساز

    لندن: بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی طبیعت انتہائی ناساز

    للندن (فارن ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم لندن) کے بانی الطاف حسین کی طبیعت خراب ہونے کے بعد اتوار کی رات انہیں لندن کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔رپورٹ کے مطابق پیر کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں ایم کیو ایم لندن نے کہا کہ “ایم کیو ایم کے بانی و قائد الطاف حسین کو اتوار کی شب ڈاکٹروں کے مشورے پر خون چڑھایا جارہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ جناب الطاف حسین کو طبیعت ناساز ہونے پر اتوار کی شام کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔قبل ازیں رات تقریبا 3 بج کر 20 منٹ کے قریب کیے گئے ایک پیغام میں پارٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین کا اتوار کی شب ڈاکٹروں نے لندن کے اسپتال میں طبی معائنہ کیا، انہیں انجیکشن لگایا گیا اور جسم میں نقاہت کے پیش نظر ڈرپ چڑھائی گئی، کل بروزپیر ڈاکٹروں کی ٹیم جناب الطاف حسین کا تفصیلی معائنہ کرے گی۔پوسٹ میں کہا کہ ’جناب الطا ف حسین کوطبیعت کی ناسازی کے باعث اتوار کی شام اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ابتدائی معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال میں داخل کرلیا ہے۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ بانی وقائد جناب الطاف حسین کی صحت کے حوالے سے جیسے جیسے تازہ ترین معلومات حاصل ہوتی رہیں گی،ہم ویسے ویسے کارکنان وعوام کو آگاہ کرتے رہیں گے۔الطاف حسین کو گزشتہ سال جولائی میں بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، اس وقت ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم رہنما مصطفیٰ عزیزآبادی نے بتایا تھا کہ الطاف حسین کا مقامی اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کا اندازہ لگانے کے لیے ابتدائی معائنے کیے اور تشخیصی ٹیسٹ تجویز کیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے بھی خون کی منتقلی کی سفارش کی تھی، جس کا انتظام کیا گیا تھا۔الطاف حسین 2 دہائیوں سے زائد عرصے سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے 1992 میں سیاسی پناہ کی درخواست کی اور بعد میں برطانوی شہریت حاصل کر لی۔پاکستانی حکام نے بارہا پاکستان میں تشدد کو ہوا دینے کے الزامات پر ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔وہ 17 ستمبر 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئے، الطاف حسین نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز ایک طالب علم کے طور پر کیا اور 1978 میں عظیم احمد طارق کے ساتھ مل کر آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (APMSO) کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے 1984 میں ایم کیو ایم کی بنیاد رکھی۔

  • وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ

    کوئٹہ(رپورٹ: بینظیر مہدی رضوی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کو فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشتگرد حملوں اور ان کے خلاف جاری سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔محسن نقوی نے دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
    وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک پوری قوت سے جاری رہے گی۔

  • بلوچستان کے 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے حملے ناکام، 67 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان کے 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے حملے ناکام، 67 دہشتگرد ہلاک

    کوئٹہ (پاکستان واچ نیوز)سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان کے 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ناکام بناتے ہوئے 67 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملوں کو روکنے کے لیے سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کیں، فورسز نے دہشتگردوں کے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردانہ کارروائیوں میں صبح سے اب تک فتنہ الہندوستان کے 67 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ مقابلوں میں سکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان شہید ہوئے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان نےگوادر میں بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد کو بھی شہید کیا، پانچوں افراد کا تعلق خضدار سے تھا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ شہید شہریوں میں 5 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔شہریوں کاتعلق بلوچستان سے ہے جومحنت مزدوری کیلئے گوادر آئے تھے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 2 دن میں پنجگور اور شعبان میں41 دہشت گرد مارے گئے تھے، بلوچستان میں جہنم واصل کیے جانے والے دہشگردوں کی مجموعی تعداد 108 ہو چکی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے مزید تعاقبی آپریشنز اور فضائی نگرانی کا عمل جاری ہے۔ دہشت گردبھارتی ایما پربلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کےخلاف سرگرم ہیں۔

  • فیلڈ مارشل سے ترک چیف آف اسٹاف کی ملاقات، دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

    فیلڈ مارشل سے ترک چیف آف اسٹاف کی ملاقات، دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

    راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو نے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے ترک مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون اور حمایت کو سراہتے ہوئے دفاعی اور عسکری سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ترک کمانڈر کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاک ترکیہ کے دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور قریبی رابطہ کاری کے تسلسل پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور مضبوط عوامی روابط پر مبنی قرار دیا۔ جنرل سلچوق بایراکتاروغلو نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم و ضبط کی تعریف کی۔ انہوں نے تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں دفاعی تعاون مزید گہرا کرنے کے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثنا وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے بھی ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو نے ملاقات کی۔ فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دیرینہ تاریخی دوستانہ تعلقات اور برادرانہ روابط کا اعادہ کیا۔ ترک چیف آف ڈیفنس فورسز نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ معزز مہمان نے افغانستان سمیت خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ترکی کے عزم کا اظہار کیا اور تنازعات سے بچاؤ، باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اجتماعی سلامتی کے فروغ پر زور دیا۔

  • بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت

    بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت

    اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پمز اسپتال انتظامیہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر رانا عمران سکندر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام ضروری طبی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔پروفیسر رانا عمران سکندر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو سیدھی آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، جس پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے مکمل طبی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو مرض اور اس کے ممکنہ علاج سے متعلق تفصیل سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری طبی اقدامات کیے۔بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کے طبی ماہرین کی تجویز پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور معائنے کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کیاگیا جس کے بعد وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کی کہ عمران خان بالکل ٹھیک اورصحت مند ہیں۔اس سے قبل سینیئر قانون دان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا تھا کہ عمران خان کو چھوٹے مسئلے کے لیے نہیں بلکہ کسی بڑے مسئلے کی وجہ سے اسپتال لایا گیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بات اڈیالہ سے پمز تک پہنچ گئی لیکن اہل خانہ کو نہیں بتایا گیا، سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ پمز اسپتال میں کوئی ریٹینا اسپیشلسٹ ہے ہی نہیں۔

  • دانش تیمور کا خواتین ماڈلز کیساتھ بولڈ فوٹو شوٹ، صارفین کی شدید تنقید

    دانش تیمور کا خواتین ماڈلز کیساتھ بولڈ فوٹو شوٹ، صارفین کی شدید تنقید

    کراچی (انٹرٹینمنٹ نیوز)معروف پاکستانی اداکار دانش تیمور اس وقت شوبز انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت کامیابی کے عروج پر ہیں۔دانش تیمور واحد پاکستانی اداکار ہیں جن کے پانچ سے زائد ڈرامے تقریباً دو ارب ویوز حاصل کر چکے ہیں۔تاہم گزشتہ برس رمضان ٹرانسمیشن کے دوران کثرتِ ازدواج سے متعلق بیان دینے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور مداحوں نے اسے ان کی اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان کے ساتھ ناانصافی قرار دیا تھا۔اب ایک بار پھر دانش تیمور اپنے حالیہ بولڈ فوٹو شوٹ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔حال ہی میں دانش تیمور اور عائزہ خان نے ملبوسات کے برانڈ کے لیے ایک ماڈلنگ مہم میں حصہ لیا۔برانڈ کی جانب سے پہلے دانش تیمور کی دیگر خاتون ماڈلز کے ساتھ تصاویر جاری کی گئیں، جس کے بعد عائزہ خان کے ساتھ فوٹو شوٹ شیئر کیا گیا۔ان تصاویر پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا اور کئی صارفین نے الزام لگایا کہ یہ مہم کثرتِ ازدواج کے تصور کو فروغ دے رہی ہے۔سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ بھی خاصا دلچسپ رہا۔
    کئی صارفین کا کہنا تھا کہ دانش تیمور صرف عائزہ خان کے ساتھ ہی جچتے ہیں، جبکہ کچھ نے طنزیہ تبصرے کیے۔بعض مداحوں نے سوال اٹھایا کہ عائزہ خان کو دانش کے بولڈ فوٹو شوٹس اور دیگر اداکاراؤں کے ساتھ رومانوی مناظر پر اعتراض کیوں نہیں۔

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ پیر کو متوقع

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ پیر کو متوقع

    اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک )ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستانی پلیئرز کٹ کی رونمائی ملتوی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق آج آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹاس کے بعد کٹ کی رونمائی ہونی تھی ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بناء پر کٹ کی رونمائی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے پی سی بی کا حتمی فیصلہ پیر کو متوقع ہے۔یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ورلڈکپ سے نکالے جانے پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے فیصلے کو دوہرا معیار قرار دیا تھا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو کرنے کا اعلان کیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز 7 فروری سے ہوگا۔ پاکستان ٹیم کو اپنا پہلا میچ 7 فروری کو ہی نیدرلیںڈز کے خلاف کھیلنا ہے۔

  • بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے حملے ناکام، فورسز کی کارروائیوں  میں 58 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے حملے ناکام، فورسز کی کارروائیوں میں 58 دہشتگرد ہلاک

    کوئٹہ (پاکستان واچ نیوز)بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 مقامات پر حملے ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں میں 58دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنۃ الہندوستان کے 37 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جب کہ اس دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب اور انگیجمنٹ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی جہنم واصل کر چکے ہیں۔

  • آڈیو لیک کی کہانی، شیخ وقاص اکرم کی زبانی، پاکستان واچ سے خصوصی گفتگو

    آڈیو لیک کی کہانی، شیخ وقاص اکرم کی زبانی، پاکستان واچ سے خصوصی گفتگو

    اسلام آباد:(رپورٹ: بے نظیر مہدی رضوی)شیخ وقاص اکرم نے اپنی متنازع آڈیو لیک سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی ایک اہم عہدیدار نے واٹس ایپ گروپ سے ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیک کیا، جس کے باعث حقائق کو مسخ کر کے پیش کیا گیا۔ پاکستان واچ سے خصوصی گفتگو میں وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ آڈیو میں وہ کسی کی مخالفت نہیں کر رہے تھے بلکہ موجودہ حالات کے تناظر میں زمینی حقائق بیان کر رہے تھے۔
    شیخ وقاص اکرم کے مطابق آڈیو میں وہ پارٹی کے اندر موجود افراد کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ سردی کا موسم ہے اور ایسے حالات میں اڈیالہ جیل کے باہر دیے جانے والے دھرنے کے حوالے سے لوگوں کو پہلے سے آگاہ کرنا ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکانِ قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ انتہائی مختصر نوٹس پر دور دراز علاقوں سے لوگوں کو متحرک کر سکیں۔
    انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے اڈیالہ کے آگے خان کے لیے دھرنا دیا گیا، جس پر وہ ان کے جذبات کا احترام کرتے ہیں، تاہم سوال یہ ہے کہ اگر دھرنا اتنا اہم تھا تو تمام ایم پی ایز کو اس میں کیوں شامل نہیں کیا گیا۔
    شیخ وقاص اکرم نے مزید انکشاف کیا کہ کے پی کے ہاؤس، اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ اعلیٰ، سہیل آفریدی، اسد قیصر، بیرسٹر گوہر اور شاہد خٹک سمیت کئی اہم شخصیات شریک تھیں، تاہم اس اجلاس میں اڈیالہ کے باہر دیے جانے والے دھرنے کے حوالے سے نہ کوئی لائحہ عمل طے کیا گیا اور نہ ہی اس موضوع پر کوئی باضابطہ گفتگو ہوئی۔
    ان کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک کو غلط رنگ دے کر پیش کیا گیا، جبکہ ان کی نیت صرف پارٹی قیادت اور کارکنان کو درپیش عملی مشکلات سے آگاہ کرنا تھی، نہ کہ کسی کی دل آزاری کرنا یا اختلاف کو ہوا دینا۔