جدہ (فارن ڈیسک )مکہ مکرمہ کے حراء ثقافتی محلہ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں نویں صدی ہجری سے تعلق رکھنے والے قرآن مجید کے ایک نایاب پارے کو نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔یہ تاریخی قرآنی پارہ مصحف شریف کے پچیسویں پارے پر مشتمل ہے اور پندرہویں صدی عیسوی میں تحریر کیا گیا تھا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، یہ نادر قرآنی نسخہ بلادِ شام میں نفیس خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا ہے، جس پر باریک اور دیدہ زیب نقش و نگار کے ساتھ شاندار زریں آرائش کی گئی ہے۔ اس مخطوطے کی خاص بات یہ ہے کہ لفظ جلالہ کو سونے کے پانی سے تحریر کیا گیا ہے، جو اسلامی خطاطی میں قرآن کریم کے تقدس اور احترام کی اعلیٰ مثال ہے۔یہ تاریخی پارہ قرآن کریم کو پاروں کی صورت میں ترتیب دینے کی قدیم روایت کی نمائندگی کرتا ہے، جو مسلمانوں کی جانب سے قرآن کریم کی حفاظت اور تدوین کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملیوں کو ظاہر کرتا ہے۔یہ نایاب قرآنی پارہ مرکزِ شاہ فیصل برائے تحقیق اور اسلامی مطالعات کے ذخیرے سے تعلق رکھتا ہے، جسے ثقافتی اشتراک کے تحت قرآن کریم میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ اس نمائش کا مقصد قیمتی قرآنی مخطوطات کو عام زائرین کے سامنے لانا اور انہیں اسلامی خطاطی اور تذہیب کے اعلیٰ فن سے روشناس کرانا ہے۔قرآن کریم میوزیم مکہ مکرمہ کا پہلا خصوصی میوزیم ہے، جو جدید طرزِ نمائش کے ذریعے قرآن مجید کی تاریخ، کتابت اور تدوین کے مختلف مراحل کو اجاگر کرتا ہے۔یہ میوزیم جبل النور کے قریب واقع ہے، جہاں وحی کی ابتدائی آیات نازل ہوئیں، اور حراء ثقافتی محلہ کا ایک اہم حصہ ہے، جو دینی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کو یکجا کرتا ہے۔
Blog
-

پی آئی اے کے کرایوں میں خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان؛ کن مسافروں کو فائدہ ہوگا؟
اسلام آباد (کامرس ڈیسک )پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم اس سے کن مسافروں کو فائدہ ہوگا، اس کی تفصیلات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے پیرس سے پاکستان کے مختلف شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرایوں میں 10 فیصد خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اس خصوصی رعایت کا اطلاق پیرس سے پاکستان آنے والے مسافروں پر ہوگا، جس کا مقصد مسافروں، بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سفر کو مزید آسان اور سستا بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق مسافر اس خصوصی رعایت کے تحت 10 فروری 2026 تک اپنی بکنگ کروا سکتے ہیں۔ یہ رعایت یکم فروری سے 10 مارچ 2026 اور یکم مئی سے 15 مئی 2026 کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہوگی۔پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے پی آئی اے کے سرکاری بکنگ دفاتر، ویب سائٹ، موبائل ایپ یا اپنے قریبی مستند ٹریول ایجنٹس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
-

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: صائم ایوب نے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی
اسلام آباد (پاکستان کے اوپنر صائم ایوب نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کے باعث مینز ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق 23 سالہ صائم ایوب نے زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا۔صائم ایوب نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 119 رنز اسکور کیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی تازہ رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔اسپنر ابرار احمد دو درجے بہتری کے بعد ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور وہ پہلی پوزیشن سے صرف 28 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔محمد نواز نے بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد آٹھ درجے ترقی پا کر بولرز کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر آگئے۔شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے ترقی سے انیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔بیٹنگ رینکنگ میں صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے نمایاں ترقی کی ہے۔صائم ایوب آٹھ درجے ترقی سے ستائیسویں اور سلمان علی آغا بارہ درجے ترقی سے انتیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔تاہم صاحبزادہ آسٹریلیا کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور دو درجے تنزلی سے ساتویں پوزیشن پر آگئے۔
-

اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون کا فیلڈ مارشل اور پاک فوج سے اظہار تشکر
اسلام آباد : پاکستان واچ نیوز
اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون نے کہا ہے کہ 31 جنوری کو بلوچستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ عزائم کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد حسین اور ان کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر حوصلے پست کرنے کی کوشش کی، تاہم انہیں شدید ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر انھوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج سے اظہار تشکر کیا۔ -

مشعال یوسفزئی عمران خان کی خیر خواہ نہیں، علیمہ خان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف میں تقسیم ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید بڑھتی جارہی ہے اور پارٹی کے رہنما اب ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر اتر آئے ہیں ۔عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر مشال یوسفزئی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں۔کسی کی ہدایات کے تحت کام کر رہی ہیں، علیمہ خان نے کہا کہ مشعال یوسفزئی عمران خان کی خیر خواہ نہیں ہیں اور ان کا مقصد صرف ذاتی مفاد ،سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔
-

تین روزہ وقفے کے بعد سونے کی قیمت میں آج 24 ہزار روپے کا اضافہ
کراچی (کامرس ڈیسک )عالمی ومقامی مارکیٹوں میں 3روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 240ڈالر کے بڑے نوعیت کے اضافے سے 4ہزار 916ڈالر کی سطح پر آگئی۔عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بھی 24ہزار روپے کے اضافے سے 5لاکھ 14ہزار 362روپے کی سطح پر آگئی۔اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 20ہزار 576روپے بڑھ کر 4لاکھ 40ہزار 982روپے کی سطح پر آگئی۔فی تولہ چاندی کی قیمت 741روپے کے اضافے سے 9ہزار 146روپے کی سطح پر آگئی، فی دس گرام چاندی کی قیمت 636روپے کے اضافے سے 7ہزار 841روپے کی سطح پر آگئی۔
-

ایران اور امریکا کے درمیان مذکرات میں شرکت کیلئے پاکستان کو بھی دعوت
اسلام آباد:ایران اور امریکا کے درمیان ترکیے میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ترکیے میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں دعوت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ‘ہاں پاکستان کو مذاکرات کے لیے دعوت دی گئی ہے’۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان استنبول میں ہونے والے مجوزہ مذاکرات میں شرکت کرے گا، جن کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اور بات چیت کے ذریعے تنازعے کے حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی اور امریکی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیے میں شروع ہو رہے ہیں۔امریکا کے نمائندہ خصوصی اسٹیو ویٹکوف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی مذاکرات میں اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق جاری تنازع سفارت کاری کے ذریعے ختم کرنے کی کوششیں کریں گے تاکہ خطہ نئی جنگ سے بچ جائے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں ترجیح کسی تنازع سے بچنا اور دونوں ممالک کے درمیان تنازعات میں کمی لانا ہے اور مذاکرات میں خطے کی طاقتوں کے ایک گروپ کو بھی دعوت دی گئی ہے۔شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پرعہدیدارنے بتایا کہ استنبول میں مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، عمان اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کو دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کرسکتے ہیں اور پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کا کوئی فوجی حل موجود نہیں اور تمام معاملات مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے طے کیے جانے چاہئیں۔
مزید بتایا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیح قرار دیتا ہے اور اسی تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان استنبول مذاکرات میں ایک ذمہ دار اور تعمیری شراکت دار کے طور پر شرکت کرے گا اور فریقین کو کشیدگی کم کرنے، اعتماد سازی کے اقدامات اپنانے اور مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے گا۔پاکستان کا مؤقف ہے کہ ایران۔امریکا کشیدگی نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پورے خطے کے امن، عالمی معیشت اور توانائی کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایران۔امریکا تنازع میں پاکستان ماضی میں بھی اہم اور مؤثر کردار ادا کرتا رہا ہے، پاکستان نے مختلف ادوار میں دونوں ممالک کے ساتھ قریبی سفارتی روابط کے ذریعے غلط فہمیوں کے ازالے اور کشیدگی میں کمی کے لیے پس پردہ اور اعلانیہ کوششیں کیں، جنہیں عالمی سطح پر سراہا بھی گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ امریکا کے ساتھ بھی طویل المدتی اور کثیرالجہتی روابط موجود ہیں، جس کے باعث پاکستان دونوں فریقین کے لیے قابل قبول اور قابل اعتماد شراکت دار سمجھا جاتا ہے، اسی سفارتی حیثیت کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان استنبول مذاکرات میں تعمیری تجاویز پیش کرے گا۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آئندہ دنوں میں اس حوالے سے دیگر علاقائی اور عالمی شراکت داروں سے بھی مشاورت جاری رکھے گا تاکہ استنبول مذاکرات کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ امریکی جنگی جہاز ایران کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اگر معاہدہ نہیں ہوسکا تو برا ہوسکتا ہے۔امریکا کا بحری جہاز گزشتہ ماہ ایران میں حکومت مخالف پرتشدد احتجاج کے دوران ایران کے قریب تعینات کردیے گئے تھے۔ -

ایف پی سی سی آئی نےایپسوس کے اشتراک سے پاکستان میں شفافیت اور احتساب کا پہلا مقامی سروے آئی ٹی اے پی لانچ کردیا
اسلام آباد (کامرس ڈیسک): فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے ایپسوس کے اشتراک سے پاکستان میں شفافیت اور احتساب کا پہلا مقامی سروےانڈیکس آف ٹرانسپیرنسی اینڈ اکاؤنٹیبلیٹی اِن پاکستان (آئی ٹی اے پی)باضابطہ طور پر لانچ کر دیا۔ اس حوالے سے تقریب ایف پی سی سی آئی کیپیٹل ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جو صبح 11 بجے شروع ہوئی۔تقریب کے چیف گیسٹ وفاقی وزیر برائے پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشی ایٹوز احسن اقبال تھے۔ تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور چیئرمین پالیسی ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین نے بھی خطاب کیا، جبکہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر، سول سوسائٹی، اکیڈیمیا اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔آئی ٹی اے پی اقدام کا آغاز مئی 2025 میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد پاکستان میں ٹرانسپیرنسی اور اکاؤنٹیبلیٹی کی پیمائش کے لیے ایک مقامی اور باقاعدہ بینچ مارک تیار کرنا ہے۔ اس سروے کے ذریعے گورنمنٹ اور دیگر اداروں پر عوامی اعتماد کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا گیا۔ فیلڈ سروے دسمبر اور جنوری میں مکمل کیا گیا۔سروے نتائج کے مطابق منفی تاثرات کے باوجود شہریوں کی اکثریت نے سرکاری اداروں کے ساتھ اپنے براہِ راست معاملات کو کرپشن فری قرار دیا۔ رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹرانسپیرنسی کو مضبوط بنانا، آگاہی کے خلا کو پُر کرنا اور ادارہ جاتی بہتری کو مؤثر انداز میں کمیونیکیٹ کرنا آئندہ گورننس، پبلک ٹرسٹ اور پاکستان کے انویسٹمنٹ آؤٹ لک کے لیے نہایت اہم ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایف پی سی سی آئی کو ٹرانسپیرنسی اور اکاؤنٹیبلیٹی جیسے اہم موضوع کو قومی ڈسکورس کا حصہ بنانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی پرسیپشن اور زمینی حقیقت کے درمیان فرق اگر برقرار رہے تو یہ قومی ترقی کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی ٹی اے پی کو مستقل بنیادوں پر ٹریک کیا جائے تو یہ ریفارمز اور مانیٹرنگ کے لیے ایک مؤثر ٹول ثابت ہو سکتا ہے۔
-

افغانستان کے ایجنٹ دہشتگردوں کو بلوچ عوام کے ساتھ مل کر شکست دیں گے، وزیر دفاع
اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دہشت گرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں، ہم انہیں بلوچ عوام کے ساتھ مل کر شکست دیں گے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرگرم دہشتگرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں۔ یہ لوگ ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ہمارے دشمن ہیں، یہ انہی کے ایجنٹ ہیں ۔ دشمنوں کی پشت پناہی سے پاکستان پر حملے کیے جا رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلی دہائیوں کے دوران بلوچستان میں ترقی ہوئی، سڑکیں اور تعلیمی ادارے تعمیر کیے گئے ہیں۔ جمہوری کلچر بلوچ قوم کا حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے وسائل پر مکمل طور پر بلوچوں کا حق ہے ۔ اگر بلوچستان میں صرف چند لوگ وسائل سے مستفید ہو رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔ بلوچ قوم کی مدد سے بھارت اور افغانستان کو شکست دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی کسٹڈی میں ہے۔ اس کے علاوہ بھی پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جارحیت کر رہا ہے، تاہم بلوچ عوام کی مدد سے اس پراکسی جارحیت میں افغانستان اور بھارت کو شکست دی جائے گی۔
-

شب برات آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )امت مسلمہ آج شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے، اس سلسلے میں ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا ۔مساجد میں نوافل ادا کیے جارہے ہیں، شہری نوافل کے ساتھ خدائے بزرگ و برترکی بارگاہ میں اپنی، فیملیز اور احباب کی سلامتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگ رہے ہیں۔اس کے علاوہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، حسن قرات، حمد و نعت اور درود و سلام کی روح پرور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ،شب برأت میں شب کا مطلب رات ہے اور برأت کا مطلب رہائی یا آزادی ، شب برات جہنم کی آگ سے چھٹکارے ،گناہ بخشوانے کی رات ہے ، مسلمان اللہ تعالی کے حضورسجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی بخشش مانگتے ہیں، ملک بھر میں مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے، مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد اور دیگر مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے اور عبادت کیلیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔نفلی عبادات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری اور ان کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کا اہتمام کی جبکہ آج شب برات کے احترام میں روزہ بھی رکھا جائے گا۔
