اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وزیرِ خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں۔رپورٹ کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2 جنوری 2006ء کو بینک دولت پاکستان کی 14 ویں گورنر کا عہدہ سنبھالا، وہ اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں۔ انہیں بینکاری کا قومی اور بین الاقوامی وسیع تجربہ حاصل تھا۔گورنر اسٹیٹ بینک تقرر سے قبل وہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے بطور ڈائریکٹر جنرل، شعبہ جنوب مشرقی ایشیا وابستہ تھیں اور اس عہدے پر جنوری 2004ء سے کام کر رہی تھیں۔ قبل ازیں وہ اس شعبے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل تھیں۔ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک میں ڈائریکٹر، نظم و نسق، مالیات اور تجارت ڈویژن برائے مشرقی اور وسط ایشیا کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔شمشاد اختر نے ایشیائی ترقیاتی بینک میں اپنے کیریئر کا آغاز 1990ء میں کیا اور مالی شعبے میں بطور سینئر اور مرکزی اسپیشلسٹ خدمات انجام دینے کے بعد 1998ء میں وہاں منیجر بن گئیں۔وہ 1998ء سے 2001ء تک ایشیائی ترقیاتی بینک کی کوآرڈی نیٹر برائے اپیک وزرائے خزانہ گروپ بھی رہیں۔انہوں نے بینک کی کئی کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں جن میں تنظیمِ نو کمیٹی، اپیلز کمیٹی اور نگراں کمیٹی وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹ اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سیکورٹیز کمیشن (آئی او ایس سی او) میں ایشیائی بینک کی طرف سے مکالمہ کیا اور نمائندگی کی۔ڈاکٹر شمشاد نے وسط ایشیائی ریاستوں اور جنوب مشرقی ایشیا بشمول عوامی جمہوریہ چین کے مالی و اقتصادی امور پر وسیع مہارت حاصل کی۔
Blog
-

یو اے ای کےصدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا شاندار استقبال، 21 توپوں کی سلامی
اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تجارت اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ا معزز مہمان کے شاہی طیارے نے نورخان ایئر بیس پر لینڈ کیا تو پاک فضائیہ کے JF 17 تھنڈر طیاروں نے مہمان کو سلامی دی، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کابینہ کے ہمراہ انہیں خوش آمدید کہا، وزرا میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال،عطا تارڑ اور دیگر موجود تھے۔ وزیراعظم نے وزرا کا تعارف بھی کرایا۔ یو اے ای صدر کے ساتھ ان کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی پہنچا۔
یواے ای کے صدر نے وفد کے ہمراہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مابین تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے جاری تعاون کے شعبہ جات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مختلف شعبوں میں روابط کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر غور کیا۔ دونوں فریقین نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
’اہلاً و سہلاً، مرحبا‘، متحدہ عرب امارات کے صدر کے سرکاری دورے پر خصوصی نغمہ جاری
دونوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا جس میں دونوں ممالک کے لیے باہمی مفاد کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ و تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کی۔شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دے گا۔دریں اثنا متحدہ امارات کے صدر اسلام آباد کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے۔ یہ بطور صدرِ متحدہ عرب امارات ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ -

2025 پاکستان کے عسکری اعتماد کا سال.امریکی میگزین “دی ڈپلومیٹ” کا اعتراف
اسلام آباد(کنزیومرواچ نیوز)امریکی میگزین دی ڈپلومیٹ نے پاکستان کو 2025 میں ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سال پاکستان کے لیے اسٹریٹجک واپسی، عسکری اعتماد اور ریاستی رٹ کی بحالی کا سال ثابت ہوا ہے۔میگزین کے مطابق پاکستان کی عسکری قیادت نے انتہا پسندی کے خلاف واضح، دوٹوک اور ریاستی سطح پر مضبوط پیغام دیا، جس میں یہ مؤقف نمایاں رہا کہ جہاد کے اعلان کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے۔ آرمی چیف کا یہ مؤقف نہ صرف انتہا پسندی کے خلاف ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا بلکہ اس نے ریاستی نظم و ضبط کو بھی مضبوط کیا۔رپورٹ کے مطابق مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والی فوجی جھڑپوں نے عالمی سطح پر بھرپور توجہ حاصل کی۔ محدود وسائل کے باوجود پاکستانی افواج کی مؤثر اور پیشہ ورانہ کارکردگی نے خطے میں عسکری توازن اور پاکستان کی ڈیٹرینس کو واضح کر دیا۔ بھارتی عسکری مہم جوئی کا بھرپور جواب دے کر پاکستان نے اپنی اسٹریٹجک ساکھ کو مزید مضبوط کیا، جسے عالمی دفاعی ماہرین نے سراہا۔دی ڈپلومیٹ لکھتا ہے کہ ان واقعات کے بعد پاکستان کی فوج ایک بار پھر عالمی عسکری مباحث کا مرکزی موضوع بن گئی، جبکہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ اس کے برعکس، بھارت کے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات پر دباؤ بڑھا۔رپورٹ میں مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی کردار کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جہاں سعودی عرب کے ساتھ بڑا باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا، جس نے پاکستان کے علاقائی اثر و رسوخ کو مزید تقویت دی۔ پاکستانی دفاعی سازوسامان کی عالمی مانگ میں اضافہ ہوا، جبکہ چین نے جنگی حالات میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی عملی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔میگزین کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے سازگار عالمی ماحول پیدا ہوا، جبکہ غزہ سے متعلق عالمی کوششوں میں پاکستان کو ایک اہم فریق کے طور پر دیکھا گیا۔ افغانستان کے معاملے پر پاکستان نے مدلل اور واضح مؤقف اپنایا، ٹی ٹی پی کے خلاف پالیسی میں فیصلہ کن سختی کی گئی اور قطر، ترکیہ اور سعودی عرب کو ثالثی کردار میں شامل کر کے سرحد پار دہشت گردی کے خطرات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا۔دہشت گردی کے خلاف اندرونِ ملک نمایاں کامیابیوں کے ساتھ مختلف ممالک کے ساتھ تعاون میں بھی اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق انتہا پسندی کے خلاف اقدامات اب محض بیانات نہیں بلکہ ایک واضح ریاستی پالیسی کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔معاشی مشکلات کے باوجود اصلاحاتی عمل میں پیش رفت جاری رہی، جبکہ دو دہائیوں بعد پی آئی اے کی نجکاری کو ایک بڑی پیش رفت اور ممکنہ ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا گیا ہے۔دی ڈپلومیٹ کے مطابق 2025 نے پاکستان کو عالمی فضا سے فائدہ اٹھا کر اصلاحات، اسٹریٹجک استحکام اور بین الاقوامی اعتماد کی بحالی کا ایک نادر موقع فراہم کیا ہے۔
-

خوش قسمت امریکی شہری نے 500 ارب کی تاریخی لاٹری جیت لی
امریکا میں کرسمس کی رات پاوربال لاٹری میں ایک خوش نصیب شخص نے 1.8 ارب ڈالر (500 ارب روپے) کا تاریخی جیک پاٹ جیت لیا۔ یہ خوش قسمت ٹکٹ امریکی ریاست آرکنساس میں فروخت ہوا تھا۔پاوربال حکام کے مطابق جیتنے والے ٹکٹ نے تمام چھ نمبرز درست طور پر ملائے، جن میں 4، 25، 31، 52 اور 59 کے ساتھ ریڈ پاوربال نمبر 19 اور 2x پاور پلے ملٹی پلائر شامل تھا۔ حتمی ٹکٹ فروخت کے بعد جیک پاٹ کی مجموعی مالیت 1.817 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔یہ انعام امریکی تاریخ میں اب تک جیتا جانے والا دوسرا سب سے بڑا لاٹری جیک پاٹ ہے جبکہ رواں سال پاوربال کا سب سے بڑا انعام بھی یہی ہے۔پاوربال انتظامیہ کے مطابق یہ صرف دوسری مرتبہ ہے کہ آرکنساس میں فروخت ہونے والے ٹکٹ نے پاوربال جیک پاٹ جیتا ہو، اس سے قبل یہ کامیابی 2010 میں حاصل ہوئی تھی۔جیتنے والے کو دو آپشنز دیے جائیں گے، جن میں 1.817 ارب ڈالر کی مکمل رقم قسطوں (annuity) میں حاصل کرنا یا ایک ساتھ 834.9 ملین ڈالر کی رقم (ٹیکس سے قبل) وصول کرنا شامل ہے۔ قسطوں کی صورت میں ابتدائی ادائیگی کے بعد 29 سالانہ اقساط دی جائیں گی، جن میں ہر سال 5 فیصد اضافہ ہوگا۔یہ ڈرا اس جیک پاٹ سائیکل کا 47 واں ڈرا تھا، جو پاوربال کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پاوربال جیک پاٹ جیتنے کے امکانات انتہائی کم ہیں،پاوربال لاٹری امریکا کی 45 ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں کھیلی جاتی ہے، جہاں ٹکٹ کی قیمت 2 ڈالر ہے۔
-

مسجد نبویﷺ کے مؤذن کی بستر مرگ پر دی گئی آخری اذان وائرل
مسجد نبویﷺ میں اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے آواز دینے والی رقت آمیز اور پُرسوز آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی، تاہم ان کی بستر مرگ پر دی گئی آخری اذان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔مسجدِ نبوی ﷺ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان کو 25 سال قبل 2000 میں باضابطہ مؤذن مقرر کیا گیا تھا جو چند روز قبل مدینہ کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جو طویل عرصے سے مسجدِ نبوی ﷺ کی خدمت کرتا آ رہا ہے، 25 سال تک انہوں نے اپنی خوبصورت اور دل کو چھو لینے والی آواز میں اذان دی، جس نے زائرین اور مقامی لوگوں کے دلوں کو متاثر کیا۔ان کے والد کم عمری میں ہی اس عظیم منصب پر فائز ہوئے اور 90 برس سے زائد عمر تک مسجد نبوی میں اذان دیتے رہے بعد ازاں یہ سعادت شیخ فیصل نعمان کو نصیب ہوئی۔شیخ فیصل نعمان کی نماز جنازہ فجر میں ادا کی گئی اور تدفین مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں کی گئی۔جنت البقیع وہ مقدس مقام ہے جہاں رسول اللہ ﷺ کے اہل خانہ اور جلیل القدر صحابہ کرام آرام فرما ہیں اور اسی بابرکت سرزمین میں شیخ فیصل نعمان کو بھی سپرد خاک کیا گیا۔حال ہی میں شیخ فیصل نعمان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر دنیا بھر میں وائرل ہو رہی ہے، اس ویڈیو میں شیخ فیصل اپنی زندگی کی آخری اذان پُرسوز آواز میں دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔اس سے قبل، مسجد نبوی کی انتظامیہ نے ایک جذباتی پیغام میں ان کی آخری اذان بھی شیئر کی جو انھوں نے 2 نومبر کو دی تھی اور یہی اذان مسجد نبوی ﷺ ان کی زندگی کی آخری پکار ثابت ہوئی۔
-

پی ٹی آئی احتجاج میں پاکستانی عسکری قیادت کو قتل کی دھمکیاں
برطانیہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسلک سوشل میڈیا سرگرمیوں پر شدید تشویش سامنے آئی ہے، جہاں ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف پرتشدد دھمکیوں کا اظہار کیا گیا ہے۔ویڈیو کو بین الاقوامی قوانین اور برطانوی انسدادِ دہشت گردی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق 23 دسمبر 2025 کو پی ٹی آئی برطانیہ کے ایک آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں برطانوی سرزمین پر موجود چند مظاہرین کو پاکستان کے فیلڈ مارشل کے خلاف بم دھماکے کے ذریعے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک خاتون کی جانب سے انتہائی اشتعال انگیز زبان استعمال کی گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات کو نہ آزادیٔ اظہار کے دائرے میں رکھا جا سکتا ہے اور نہ ہی سیاسی اختلاف کہا جا سکتا ہے، بلکہ یہ براہ راست تشدد اور دہشت گردی پر اکسانے کے زمرے میں آتا ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ویڈیو کو پی ٹی آئی سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور حامیوں نے مزید پھیلایا، جس سے معاملہ مزید سنگین ہو گیا۔ برطانیہ میں اس طرح کی دھمکی آمیز تقاریر کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 2006 کے تحت سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔عالمی قوانین کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1373 تمام ریاستوں کو دہشت گردی، تشدد پر اکسانے اور اس کی معاونت روکنے کی پابند بناتی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس واقعے کا تعلق انہی ذمہ داریوں سے جوڑا جا رہا ہے۔مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے برطانوی حکومت کے سامنے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو میں ملوث افراد کی شناخت، تحقیقات اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ برطانیہ کے لیے بھی ایک امتحان قرار دیا جا رہا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین، انسداد دہشت گردی ذمہ داریوں اور ذمہ دار ریاستی رویے پر کس حد تک عمل درآمد کرتا ہے۔
-

مسجد الحرام؛ بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش
مسجد الحرام میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان لینے کی کوشش کی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر موجود سکیورٹی گارڈ نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اس شخص کو زمین پر گرنے سے روکنے کی کوشش کی۔اس دوران سکیورٹی گارڈ خود بھی زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد دونوں افراد کو ضروری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق واقعے پر فوری ردِعمل دیا گیا اور صورتحال کو قابو کر لیا گیا۔
-

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد:متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے ہیں اور ان کا طیارہ نورخان ایئربیس پر لینڈ کرگیا ہے۔
اماراتی صدر کا یہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔ شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان کا دورہ دونوں ملکوں کے مابین طویل المدتی برادرانہ و دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ معزز مہمان کی پاکستان آمد کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، قبل ازیں وفاقی داراالحکومت کی انتظامیہ نے آج اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان بھی کیا تھا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدرکے ہمراہ وزرا اور سینئرحکام پرمشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ اس اہم دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
معزز مہمان کو سرزمین پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہیں، مریم نواز
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارت کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اہل پنجاب کی جانب سے انہیں خوش آمدید کا پیغام دیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے درمیان تعلقات لازوال اور بے مثال ہیں۔ قابل احترام اماراتی صدر کا پہلا سرکاری دورہ باعث فخر ہے، ہم انہیں پاکستان سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔
مریم نواز نے کہا کہ صدر محمد بن زاید النہیان کا دورہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا ۔ -

افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا کہ ساری عمر یاد رکھے گا، وزیراعظم
مظفرآباد:(کنزیومرواچ نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا کہ ساری عمر یاد رکھے گا۔آزاد کشمیر کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت سے جنگ میں کشمریوں سمیت پاکستان نے افواج پاکستان کے لیے دعائیں کیں، جن کی بدولت پاک فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دیا اور اسے سبق سکھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آزاد کشمیر کے اس خطے کے لوگوں نے عظیم قربانیاں دیں، کشیری عوام نے ہمیشہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے کو اپنی آواز بنایا۔ مقبوضہ کشمیر ضرور آزاد ہوکر پاکستان بنے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہے۔ اسپیشل چائلد افشین زاہد کی جدوجہد اور کامیابی لائق تحسین ہے، صلاحیت اور محنت جسمانی کمزوری کی محتاج نہیں۔ محنت کے ذریعے ہر فرد کو معاشرے میں اپنا مقام بنانے کے مواقع ملیں گے۔انہو نے کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے لیپ ٹاپ اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیپ ٹاپ رشوت ہوتی تو پروگراموں کے ذریعے ہزاروں نوجوان ڈاکٹر، انجینیئر اور اساتذہ سائنسدان نہ بنتے۔شہباز شریف نے کہا کہ کورونا میں لیپ ٹاپ کی بدولت نوجوانوں کا روزگار جاری رہا، طلبہ نے تعلیم بھی حاصل کی، محنت اور شبانہ روز محنت کے ذریعے ہمیں پاکستان کو عظیم مملکت بنانا ہے۔ آپ اپنی ذات، اساتذہ کرام، والدین اور پوری قوم کے لیے درخشندہ ستارہ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپس کی فراہمی طلباء و طالبات کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے۔ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں بلکہ ایک وژن ہے اور جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو انہوں نے بھی لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں چار دانش اسکولوں کی منظوری دی ہے، دانش اسکولوں میں سے بعض تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں جبکہ باقی ماندہ دانش اسکول بھی جلد مکمل ہو جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولوں کا معیار عالمی سطح کے اداروں کے برابر ہی نہیں بلکہ ان سے بہتر ہوگا۔ دانش اسکولوں میں غریب مگر ہونہار طلبہ کو جدید سہولیات کے ساتھ مفت تعلیم دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی، جو ٹیکنالوجی پر مبنی ادارہ ہوگا۔ اے آئی، آئی ٹی، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور جدید لیبارٹریز پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجراء کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے قابل طلبہ کو وظائف دیں گے۔
-

قومی یکجہتی و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی: کورکمانڈرز کانفرنس
راولپنڈی(کنزیومرواچ نیوز)پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا ہے کہ قومی یکجہتی ، سلامتی، استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ، چاہے ایسے عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں فورم نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
فورم نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش آیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے غیرملکی ایما پر دہشتگردی کے فروغ کے خلاف ماد روطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش آیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیرمتزلزل جرات،پیشہ ورانہ مہارت اورقربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
بھارتی سرپرستی میں تمام دہشتگردوں، سہولت کاروں سے فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا: فورم
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں تمام دہشتگردوں، سہولت کاروں ، دہشت گردوں کے معاونین کے ساتھ بھی فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملک بھرمیں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کیا اور کہا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے ایسے عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔
حکومت اورپاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے: فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل نے کہا کہ حکومت اورپاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ملک یقینی طورپر عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اندرونی وبیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ملک کودرپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔
مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں: فورم
فورم نے کہا کہ مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں۔
فورم نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات سماجی روابط کے ذریعے گورننس سے جڑے دہشت گردی کے عوامل کا خاتمہ کرتے ہیں۔
شرکاء نے پائیدار امن، استحکام یقینی بنانے کے لیے دیگر علاقوں میں بھی ایسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا۔
شرکاء کانفرنس نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی بھی توثیق کی۔ فورم کے شرکا نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی اور غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور فلسطینی ریاست کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری ، نظم و ضبط، تربیت، نئی جدتیں،میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کا اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
