Blog

  • ہمدردفائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ

    ہمدردفائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپ

    کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام شہید حکیم محمد سعید میموریل اسکالرشپ کی تقریب گزشتہ روز ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی زیر صدارت دی ارینا آڈیٹوریم بحریہ ٹائون ٹاور میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں ہونہار طلبہ میں چیک اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس اسکالرشپ پروگرام کا آغاز 2002 میں ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کیا تھا، جس کا مقصد میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں امتیازی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معاونت ہے۔سال 2025-26 کے لیے 125ملک بھر سے میٹرک اور 65 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب مہمانِ خصوصی تھے۔ نظامت کے فرائض ایڈوائزر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سمیرا جاوید صاحبہ نے انجام دیے۔
    صدارتی خطاب میں محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کی زندگی پاکستان کی خدمت کے لیے وقف تھی۔ ہمدرد پاکستان کا قیام اسی مشن کی عملی صورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مطالعے کی عادت اپنانے، کتب سے رشتہ مضبوط کرنے اور موبائل فون کا استعمال صرف معلومات میں اضافے کے لیے کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے صحت کی حفاظت، والدین کے احترام اور قومی ذمہ داریوں کے ادراک پر بھی زور دیا۔
    مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ محنت، لگن اور استقلال ہی مستقبل کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، عملی ہنر اور مصنوعی ذہانت کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہنر مند کبھی بھوکا نہیں سوتا‘‘ اس لیے نئی نسل کو ہاتھ سے کام کرنے والا کوئی نہ کوئی ہنر ضرور سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے ذہنی صحت، طبِ یونانی، ہربل علاج اور پیرا میڈیکل شعبوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
    تقریب کے اختتام پر محترمہ سعدیہ راشد نے پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب اور ڈائریکٹر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان صاحب کے ہمراہ کراچی میٹرک بورڈ کے 91 اور انٹر بورڈ کراچی کے 46 طلبہ میں بالترتیب 50 ہزار اور 75 ہزار روپے کے چیک اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کا اختتام دعائے سعید پر ہوا۔

  • بلوچستان حکومت کا احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

    بلوچستان حکومت کا احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

    کوئٹہ(نامہ نگار) بلوچستان کے سرکاری ملازمین کا احتجاج صوبے بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی ، حکومت کا احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ ، ملازمین کی تفصیلات طلب کر لی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرکاری ملازمین کی تنظیموں پر مشتمل بلوچستان گرینڈ الائنس کی کال پر پیر کو صوبے میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی جس کے تحت صوبے کے دفاتر میں ملازمین نے احتجاجا ً کام کو بند رکھا ۔ ہڑتال کے رد عمل میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی بلوچستان کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ، سینئر ایم بی آر، چیئر مین سی ایم آئی ٹی اور صوبے کے تمام محکموں کے سیکرٹریز ،آئی جی پولیس کے نام ارسال کے گئے مراسلے میں کہاگیا ہے کہ مجاذ حکام نے سرکاری ملازمین کے گرینڈ الائنس کے احتجاج میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کے نام اور عہدے فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مراسلے میںتفصیلات فوری طور پر جمع کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

  • خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کی تیاریاں تیز

    خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کی تیاریاں تیز

    پبی (نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے 5 جنوری کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج کرنے کیلئے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پیر کو تحصیل چیئرمین پبی غیور خٹک کی رہائشگاہ ’خٹک باغ‘ تحصیل پبی میںلوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر مئیر مردان حمایت اللہ مایار، تحصیل چیئرمین پشتہ خرہ ہارون صفت، کوارڈینیٹر انتظار خلیل، چیئرمین تیمور کمال، چیئرمین سید ارشد شاہ، اور دیگر بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقررین نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی صوبائی حکومت کے ناروا ظلم و ناانصافی کی شدید مذمت کی۔صدر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن، مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “مقامی حکومتوں کے ذریعے ہی بہترین طرز حکمرانی نچلی سطح پر قائم ہوتی ہے، مگر پی ٹی آئی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں بلدیاتی نمائندوں نے کئی بار پرامن احتجاج کیے، جنہیں صوبائی حکومت کی طرف سے شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج کا سامنا کرنا پڑا، اور متعدد بلدیاتی نمائندوں کو گرفتار کیا گیا۔مئیر مردان نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت نے متعدد بار وعدے کیے تھے، جن کے منٹس بھی موجود ہیں، مگر آج تک کسی وعدے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم نہ کیا تو 5 جنوری کو ہونے والا احتجاج مزید توسیع بھی اختیار کر سکتا ہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج کے انتظامات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، اور ایک روزہ احتجاج میں ہزاروں بلدیاتی نمائندے، تحصیل میئرز، اور چیئرمین شریک ہوں گے۔

  • بلاول بھٹو زرداری کی گڑھی خدا بخش میں شہداء کے مزارات پر حاضری

    بلاول بھٹو زرداری کی گڑھی خدا بخش میں شہداء کے مزارات پر حاضری

    لاڑکانہ(نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں شہدائے جمہوریت کے مزارات پر حاضری دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے فخرایشیا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر بھی فاتحہ خوانی کی اور شہید میر مرتضی بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزار پر پھول چڑھائے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور شیریں امیر بیگم کے مزارات پر بھی حاضری دی۔ حاضری کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے جمہوریت کے مزار پر ملکی سلامتی اور عوام کی خوش حالی کے لئے دعائیں بھی کیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گڑھی خدا بخش میں ضلع راجن پور اور ضلع سانگھڑ سے سائیکل پر اور دربار لعل شہباز قلندر سے شہدائے جمہوریت کے مزار تک پیدل سفر کرنے والے جیالوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے جمہوریت سے عقیدت کا اظہار کرنے والوں کے جذبات کو سراہا۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کم آمدنی  والےافراد کیلئے گھروں کی فراہمی کے ایک اور منصوبے کا آغاز

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کم آمدنی والےافراد کیلئے گھروں کی فراہمی کے ایک اور منصوبے کا آغاز

    لاہور (نامہ نگار)وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کم آمدن افراد کیلئے گھروں کی فراہمی کے ایک اور منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے۔ وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کو پنجاب افورڈایبل ہاسنگ کے ہراجیک ڈائریکٹر عمران علی سلطان نے منصوبے پر بریفنگ دی۔ اڑھائی سے 3مرلہ سرکاری اراضی پر 37ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر ممکن ہوگی۔ ورلڈ بینک کے اشتراک سے پنجاب میں 25اضلاع کے 35مقامات پر گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ لاہور، گوجرانوالہ،فیصل اباد، ملتان، سیالکوٹ، لیہ، خانیوال سمیت 25اضلاع کی عوام مستفید ہوں گے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کم لاگت، آسان اقساط اور جدید سہولیات سے آراستہ گھروں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔سرکاری اراضی پر اگلے 3ماہ میں پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگا۔ مستحق خاندانوں کو اپنے گھروں کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیحات میں ہے۔ 5سال کی مدت میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام بھی 5لاکھ سے زائد خاندانوں کے گھر مکمل کرے گا۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ افورڈایبل ہاسنگ پراجیکٹ میں کم سے کم اقساط کی رقم کا تعین کیا جائے گا۔

  • ڈاکٹر سید عامر علی میزان بینک  کےصدر و سی ای او مقرر

    ڈاکٹر سید عامر علی میزان بینک کےصدر و سی ای او مقرر

    کراچی (کامرس ڈیسک )پاکستان کے سب سے بڑے اسلامی بینک، میزان بینک لمیٹڈ (MEBL)، میں اہم انتظامی تبدیلی عمل میں آ گئی ہے۔ بینک نے ڈاکٹر سید عامر علی کو 30 دسمبر 2025 سے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ میزان بینک کے بانی صدر و سی ای او عرفان صدیقی کی جگہ یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
    میزان بینک نے اس تقرری سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو منگل کے روز جاری کردہ نوٹس میں آگاہ کیا۔ نوٹس کے مطابق،
    “ہمیں مطلع کرنا ہے کہ ڈاکٹر سید عامر علی کو 30 دسمبر 2025 سے میزان بینک لمیٹڈ کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جو عرفان صدیقی کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔”
    نوٹس میں مزید بتایا گیا کہ عرفان صدیقی بدستور میزان بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
    بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت، انتھک محنت اور قیمتی خدمات نے میزان بینک کو پاکستان کی کامیاب ترین کارپوریٹ کہانیوں میں شامل کیا اور اسلامی بینکاری کے عالمی شعبے میں ایک رجحان ساز ادارہ بنایا۔
    بورڈ کے مطابق، “اسلامی بینکاری کے فروغ میں عرفان صدیقی کا قائدانہ کردار اور غیر متزلزل وابستگی ملک میں اس شعبے کی مضبوط بنیاد رکھنے اور بینک کی شاندار ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔”
    میزان بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، ڈاکٹر سید عامر علی ایک سینئر اسلامی بینکاری ماہر ہیں اور فنانس، اکاؤنٹنگ، بزنس اور قانون میں اعلیٰ تعلیمی قابلیت رکھتے ہیں۔ انہیں فنانس، ٹریژری، انویسٹمنٹ اور کارپوریٹ بینکاری کے شعبوں میں 20 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
    انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی اداروں میں خدمات انجام دیں، جن میں اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی، شیل، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ اور میزان بینک شامل ہیں۔ ڈاکٹر عامر علی دی سی ایف اے انسٹی ٹیوٹ (امریکہ) سے چارٹرڈ فنانشل اینالسٹ، اے سی سی اے (برطانیہ) سے چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹ، اور انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جامعہ ہمدرد کراچی سے ایم بی اے اور جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری بھی رکھتے ہیں۔
    ڈاکٹر سید عامر علی نے 2006 میں پہلی بار میزان بینک میں شمولیت اختیار کی اور کارپوریٹ و انویسٹمنٹ گروپ کی قیادت کی۔ بعد ازاں 2018 میں وہ بینک اسلامی سے وابستہ ہوئے، جبکہ 2023 میں دوبارہ میزان بینک کا حصہ بنے۔ اب ان کی تقرری کو بینک کی مستقبل کی حکمتِ عملی اور اسلامی بینکاری کے مزید فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے سزا کیخلاف اپیل دائر کردی

    سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے سزا کیخلاف اپیل دائر کردی

    اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے ملٹری کورٹ سے ملنے والی سزا کیخلاف اپیل دائر کردی۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے تصدیق کی ہے کہ فوجی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف 27 دسمبر کو اپیل دائر کر دی گئی ہے، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔یاد رہے کہ فیڈرل کورٹ مارشل نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کے غلط استعمال اور پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 14 برس قید کی سزا سنائی تھی۔
    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے 11 دسمبر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران ملٹری کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا کے بارے میں بتایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 اگست 2024 کو فیض حمید کے خلاف ملٹری ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا اور پھر 15 ماہ کی تفتیش کے بعد انہیں سزا سنائی گئی۔پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعہ 133بی کے تحت سزا اور فیصلہ سنائے جانے کے بعد انہیں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کیلئے 40 دن کی مہلت حاصل تھی۔قوانین کے مطابق فوجی عدالت کی سزا کے خلاف دائر اپیل کا آرمی چیف کی جانب سے بنائی گئی کورٹ آف اپیلز جائزہ لے گی اور پھر جائزے کے بعد آرمی چیف کو اس بات کا اختیار ہے کہ وہ اس اپیل کو منظور کر لیں، مسترد کردیں، معطل کر دیں یا پھر اس میں ردو بدل کے احکامات جاری کریں۔ذرائع کے مطابق اپیل میں کہا گیا ہے کہ فیض حمید کو سزا خلاف قانون اور غلط بنیاد پر دی گئی، پراسیکیوشن نے بھی اپنا مقدمہ ثابت نہیں کیا اور مقدمے کے شفاف ٹرائل کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

  • ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگرپی ٹی آئی گالیاں دیتی ہے: خواجہ آصف

    ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگرپی ٹی آئی گالیاں دیتی ہے: خواجہ آصف

    اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں مگرپی ٹی آئی توگالیاں دیتی ہے۔وزیردفاع خواجہ آصف کہتے ہیں وزیراعظم نے تین سے چاربار مذاکرات کی پیشکش کی مگر پی ٹی آئی مذاکرات سے انکاری ہے۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار سب سے زیادہ عارضی چیز ہے، ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں مگرپی ٹی آئی تو ہمیں گالیاں دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا ادارے نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی کا احتساب کیا، اپنے ادارے سے احتساب کی ابتدا کا کریڈٹ موجودہ فوجی قیادت کو جاتا ہے۔

  • پراپرٹی فائلوں میں فراڈ کیخلاف حکومت کا سخت ایکشن

    پراپرٹی فائلوں میں فراڈ کیخلاف حکومت کا سخت ایکشن

    اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)ملک میں پراپرٹی فائلوں اور پلاٹس سے متعلق فراڈ کے خلاف حکومت سخت ایکشن لینے جا رہی ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے پراپرٹی فائلوں، پلاٹس، ولاز اور اپارٹمنٹس کی خرید و فروخت کی قانونی حیثیت کا جامع جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، جو فراڈ، ٹیکس چوری اور سرمایہ کاروں کے تحفظ سے متعلق بڑھتے خدشات کے پیش نظر قائم کی گئی ہے۔ اس کا مقصد رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزیر قانون و انصاف کریں گے جب کہ چیئرمین ایف بی آر، تمام صوبوں کے سینئر ممبرز بورڈ آف ریونیو، نیب کا گریڈ 21 یا اس سے اوپر کا ایک نمائندہ، چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کا نمائندہ کمیٹی میں شامل ہوگا۔ ایف بی آر کمیٹی کو سیکریٹریل معاونت فراہم کرے گا۔کمیٹی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ رئیل اسٹیٹ میں فائل سسٹم کے عملی طریقہ کار اور قانونی اسٹیٹس کا جائزہ لے جب کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر اس کاروبار کے حکومتی ریونیو پر پڑنے والے اثرات کا بھی تجزیہ کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ فائل ہولڈرز اور خریداروں کے حقوق، خاص طور پر ڈویلپرز کی جانب سے مبینہ فراڈ، جعلی یا دہری فائلوں کے اجرا اور ایک ہی جائیداد کی بار بار فروخت جیسے معاملات کو بھی جانچا جائے گا۔ٹی او آرز کے تحت کمیٹی متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کی سفارش بھی کرے گی تاکہ پراپرٹی فائلوں کی خرید و فروخت کو ایک واضح اور باضابطہ قانونی فریم ورک کے تحت لایا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکسوں کی درست وصولی کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔کمیٹی کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ اپنے مینڈیٹ سے جڑے دیگر امور کا بھی جائزہ لے سکے۔کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ کمیٹی ایک بڑے ہاؤسنگ اسکینڈل کے انکشاف کے بعد قائم کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ اسکیموں نے مبینہ طور پر بغیر زمین کے 90 ہزار سے زائد پلاٹس فروخت کیے اور سیکڑوں ارب روپے وصول کیے۔

  • بگ بیش لیگ: حارث رؤف جان لیوا حادثے سے بال بال بچ گئے

    بگ بیش لیگ: حارث رؤف جان لیوا حادثے سے بال بال بچ گئے

    میلبرن (اسپورٹس ڈیسک )بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف جان لیوا حادثے سے بال بال بچ گئے۔گزشتہ روز بی بی ایل کے 14ویں میچ میں سڈنی تھنڈرز کے خلاف حارث رؤف نے 29 رنز کے عوض کے 3 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔اس میچ کی پہلی اننگز کے دوران آخری اوور کی چوتھی گیند پر ریس ٹوپلی نے ہٹ لگائی تو گیند ہوا میں بلند ہوگئی۔کیچ کے لیے شارٹ تھرڈ پوزیشن پر موجود حارث رؤف اور ڈیپ پوائنٹ پر موجود ہلٹن کارٹرائٹ دوڑے اور دونوں فل لینتھ ڈائیو لگائی۔دونوں ٹکرائے مگر محفوظ رہے