Blog

  • کم عمر ڈرائیور کا چالان؛ کارروائی کس کے خلاف ہوگی؟

    کم عمر ڈرائیور کا چالان؛ کارروائی کس کے خلاف ہوگی؟

    کراچی(کنزیومرواچ نیوز) کراچی کم عمر ڈرائیور کے چالان کی صورت میں قانونی کارروائی کس کے خلاف ہوگی، اس حوالے سے ٹریفک پولیس کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا۔پنجاب میں محفوظ سفر اور محفوظ مستقبل کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کیا جائے گا بلکہ صرف چالان ہوگا، جبکہ ایف آئی آر گاڑی کے مالک کے خلاف درج کی جائے گی۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کمرشل، پبلک سروس اور سرکاری گاڑیوں کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیوں میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے دوران بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیلڈ افسران کو ڈیوٹی کے دوران باڈی کیم کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔انہوں نے عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کے لیے بینرز، بل بورڈز اور اسٹینڈیز تمام شہروں میں نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس نافذ العمل ہے جب کہ سڑکوں پر نظم و ضبط اولین ترجیح ہے اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔

  • گٹر میں گر کر بچہ  جاں بحق ، کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ

    گٹر میں گر کر بچہ جاں بحق ، کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ

    کراچی:(کنزیومرواچ نیوز)گلشن اقبال کے علاقے میں گٹر میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے پر کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی۔نیپا چورنگی کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کے گٹر کے میں گرنے کے واقعے پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو ارسال کردی۔سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت کی رپورٹ کے متن کے مطابق میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا۔ گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ معائنے میں ثابت ہوا کہ حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں۔تحقیقاتی رپورٹ کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی کھدائی نے نالے کے پورے نکاسی کے نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ عارضی 2 فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہوم کھلا رہنے سے سانحہ ہوا۔ یہ طریقہ کار اور غیرمعیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کیے۔ بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ بھی نہیں کیا۔
    کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتحال کو نظرانداز کیا۔ نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور کی انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ وجہ سے بچہ گٹر میں گرا۔ رپورٹ کے مطابق افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیے گئے ہیں۔

  • ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملہ،  3 اہلکار شہید

    ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملہ، 3 اہلکار شہید

    پشاور:(کنزیومرواچ نیوز)ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملے کے نتیجے میں 3 اہل کار شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل پر بم دھماکا ہوا ہے، جس میں 3 پولیس اہل کار شہید ہو گئے ہیں، جن میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں جب کہ دھماکے میں کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور پولیس کی جانب سے شہدا کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔بم دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او موقع پر روانہ ہو گئے ہیں جب کہ علاقے کی ناکا بندی کر دی گئی ہے۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ تیارزہ کی حدود توروام مارکیٹ کے مقام پر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس سے ایک اہل کار زخمی ہوگیا۔پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے نامعلوم دہشت گرد فرار ہو گئے جب کہ زخمی اہل کار امام حسین کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

  • میانمار میں آن لائن فراڈ سینٹرز ،38 پاکستانی بازیاب

    میانمار میں آن لائن فراڈ سینٹرز ،38 پاکستانی بازیاب

    ینگون (کنزیو مرواچ نیوز)میانمار میں آن لائن فراڈ سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے دوران مقامی فوج نے 38 پاکستانیوں سمیت سیکڑوں غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرالیا ہے۔حکام کے مطابق یہ افراد مختلف آن لائن فراڈ نیٹ ورکس میں زبردستی کام پر مجبور کیے جارہے تھے۔تھائی آرمی نے میانمار سرحد عبور کرکے 38 پاکستانی شہریوں کو ریسکیو کیا اور انہیں بنکاک امیگریشن سینٹر منتقل کردیا، جہاں سے انہیں مرحلہ وار پاکستان ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تھائی حکام نے پاکستانی حکومت کو باضابطہ خط بھی ارسال کیا ہے۔تھائی حکومت کا کہنا ہے کہ میانمار میں مزید 60 پاکستانی ایک شیلٹر ہاؤس میں موجود ہیں، جو مختلف فراڈ سینٹرز سے فرار ہوکر وہاں پہنچے تھے۔حکام نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد سے تفصیلی تفتیش کی جائے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ تھائی حکومت نے واپس آنے والے پاکستانیوں کے نام پانچ سال کے لیے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں ڈالنے کی سفارش بھی کی ہے۔ایف آئی اے کے مطابق تھائی لینڈ، میانمار اور کمبوڈیا آن لائن فراڈ کے بڑے مراکز بن چکے ہیں، جہاں فراڈ سینٹرز چلانے والے گروہ آن لائن نوکریوں اور ورک ویزوں کا لالچ دے کر نوجوانوں کو بیرون ممالک بلاتے ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ان ممالک میں جانے والے پاکستانی نوجوانوں کو قید کرکے غیر قانونی کام کرایا جاتا ہے، لہٰذا عوام ایسے دھوکے باز اشتہارات اور جعلی ویزوں کے جال میں نہ پھنسیں۔

  • پاک فضائیہ نے  رافیل طیاروں کو صفر کردیا،ایئر چیف

    پاک فضائیہ نے رافیل طیاروں کو صفر کردیا،ایئر چیف

    رسالپور(کنزیورواچ نیوز)ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ہر دور میں مضبوط دفاعی لائن ثابت ہوئی، رافیل طیاروں کی صلاجیت پاک فضائیہ کےسامنے صفر ثابت ہوئی، مئی میں ہونے والے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست دی۔رسالپور میں پی اے ایف کی اصغر خان اکیڈمی میں گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس نے سائبر وار فیئر میں برتری ثابت کی، ہمارے ایکشن اور آپریشن لمحوں میں کارگر ثابت ہوئے، پاک فضائیہ نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے، ہم نے روایتی دشمن کے ریڈار سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بناکر برتری حاصل کی، دشمن کی ہر حرکت کو لمحوں میں مانیٹر کیا اور فوری ردعمل دیا۔قبل ازیں رسالپور میں پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی میں پروقار گریجویشن پریڈ منعقد ہوئی، جس میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمان خصوصی تھے۔پریڈ میں 151جی ڈی پی، 97 انجینئرنگ اور 108 ویں ایئر ڈیفنس کورس کے کیڈٹس شامل تھے، نیویگیشن الفا،ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز اور 11 لاجسٹکس کورس کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔اس پروقار تقریب میں کومبیٹ سپورٹ اور 98 ای سی رائل سعودی ایئر فورس کے کیڈٹس نے بھی پاس آؤٹ کیا۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور شیر دل ایروبیٹکس ٹیم نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے قریب وادی پہلگام میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان میں دراندازی کرتے ہوئے آزاد کشمیر، پنجاب میں 3 مقامات پر بمباری کی تھی، تاہم پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن ملک میں گھس کر ان کے 5 جنگی طیارے تباہ کر دیے تھے، جن میں 3 فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔مختلف عالمی میڈیا کو بھارت کے سیکیورٹی ذرائع طیارے تباہ ہونے کی تصدیق کرچکے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ جب فرانس کی فوج کے ترجمان نے رافیل طیاروں کی تباہی کے حوالے سے کسی فورم پر بات کی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاک بھارت جنگ میں کئی بار 7 خوبصورت طیارے اور ایک بار 8 طیارے تباہ ہونے کی بات بھی کرچکے ہیں۔

  • بنوں فائرنگ : اسسٹنٹ کمشنر   اور پولیس اہلکاروں  سمیت 4 افراد شہید

    بنوں فائرنگ : اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید

    پشاور (کنزیومرواچ نیوز)بنوں میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق بنوں میں میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر اور 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں ایک اور شخص بھی جاں بحق ہوا ہے جب کہ حملہ آور زخمی اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔حملہ آوروں نے بعد ازاں گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد جمع کرکے لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔فائرنگ کا واقعہ بنوں میں میرانشاہ روڈ پر فلور ملز کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کردی۔

  • سری لنکا : سیلاب میں پھنسے خاندان کو پاک بحریہ نے ریسکیو کرلیا

    سری لنکا : سیلاب میں پھنسے خاندان کو پاک بحریہ نے ریسکیو کرلیا

    کو لمبو(کنزیومرواچ نیوز)سری لنکا میں آنے والے طوفان کے بعد پاک بحریہ کی امدادی سرگرمیاں تیسرے روز بھی جاری رہیں، جس کے دوران پھنسے ہوئے خاندانوں کو کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے سیلاب متاثرہ سری لنکا میں امدادی آپریشن تیسرے روز بھی مسلسل جاری رہے، پاک بحریہ کے جہاز سیف پر موجود ہیلی کاپٹر نے پانچ دن سے پھنسے ایک خاندان کو ریسکیو کر لیا۔ریسکیو کیے گئے خاندان میں سات ماہ کا بچہ بھی شامل تھا ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران عملے نے اونچے سیلابی پانی میں گھرے متاثرین کو گھروں کی چھتوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

  • نامور آسٹریلوی کھلاڑی نے بھی آئی پی ایل سے منہ موڑ لیا

    نامور آسٹریلوی کھلاڑی نے بھی آئی پی ایل سے منہ موڑ لیا

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی اور انگلش آل راؤنڈر معین علی کے بعد نامور آسٹریلوی کھلاڑی نے آئی پی ایل سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹنگ آل راؤنڈر گلین میکسویل نے آئی پی ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے خود کو رجسٹرڈ نہیں کروایا۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی پی ایل کی منی آکشن کے لیے 1355 کھلاڑیوں نے خود کو رجسٹرڈ کروایا ہے تاہم ان میں گلین میکسویل شامل نہیں ہیں۔گلین میکسویل نے رائل چیلنجرز بنگلورو کے لیے مختصر عرصے میں اہم کردار ادا کیا، مگر ایک خراب سیزن کے باعث ٹیم نے انہیں ریلیز کردیا تھا۔2025 کے میگا آکشن میں پنجاب کنگز نے انہیں خریدا تھا لیکن وہاں بھی مایوس کن کارکردگی کے باعث فائنلسٹ ٹیم نے انہیں برقرار نہیں رکھا۔رپورٹ کے مطابق پنجاب کنگز سے ریلیز ہونے کے بعد گلین میکسویل نے آئی پی ایل منی آکشن میں رجسٹریشن نہیں کرائی، اسی لیے ممکن ہے کہ وہ 2026 کا ایڈیشن نہ کھیلیں۔واضح رہے کہ فاف ڈوپلیسی اور معین علی نے حال ہی میں آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بننے کا اعلان کیا ہے۔

  • پہلی بار بھنگ چکھنے کے بعد 8 گھنٹے تک ہنستا رہا، انوپم کھیر

    پہلی بار بھنگ چکھنے کے بعد 8 گھنٹے تک ہنستا رہا، انوپم کھیر

    ممبئی (کنزیومرواچ نیوز)بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنے نوجوانی کے دور میں بھنگ اور چرس کے استعمال کا تجربہ شیئر کردیا۔یوٹیوب چینل ’’ان فلٹرڈ‘‘ پر گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پہلی بار چرس پینے کے بعد انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے آسمان، سڑک اور گاڑی سب حرکت کر رہے ہوں۔انوپم کھیر نے کہا کہ ایک بار وہ آسمان میں اُڑتے جہاز کو دیکھ کر سمجھ بیٹھے کہ وہ کہیں اور جا پہنچا ہے۔ انہوں نے اپنے NSD (نیشنل اسکول آف ڈرامہ) کے دن بھی یاد کیے جب پہلی بار بھنگ چکھنے کے بعد وہ آٹھ گھنٹے تک ہنستے ہی رہے جبکہ دوست جو خود بھی نشے میں تھے چھت پر کھڑے ہوکر وارڈن کو چیخ رہے تھے کہ ’فوج آ رہی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ اس کیفیت میں انہیں لگ رہا تھا جیسے وہ فلم دی ماسک کا کردار ہوں۔ انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ ان تجربات نے انہیں سمجھا دیا کہ ایسی چیزیں وقتی خوشی دیتی ہیں مگر انسان کی حالت پر کنٹرول ختم کر دیتی ہیں، اسی لیے انہوں نے عہد کیا کہ وہ کبھی دوبارہ بھنگ یا چرس کو ہاتھ نہیں لگائیں گے۔

  • سعودی عرب کا  اعلان: فلسطین کے لیے 90 ملین ڈالر کی نئی گرانٹ

    سعودی عرب کا اعلان: فلسطین کے لیے 90 ملین ڈالر کی نئی گرانٹ

    ریاض(کنزیومرواچ نیوز) سعودی عرب نے فلسطینی خزانے کی مالی مدد کے لیے 90 ملین ڈالر کی نئی گرانٹ فراہم کر دی ہے۔یہ رقم عمان میں سعودی سفارت خانے میں وزیر منصوبہ بندی و بین الاقوامی تعاون اسطفان سلامہ نے سعودی سفیر برائے اردن و ریاستِ فلسطین کے غیر مقیم کمشنر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان آل سعود سے ملاقات کے دوران وصول کی۔سعودی عرب کی یہ مالی امداد 2025 میں فلسطینی اتھارٹی کی مسلسل حمایت کا حصہ ہے۔فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی گرانٹ مشکل معاشی حالات میں فلسطینی مالی استحکام کو مضبوط کرے گی۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے سعودی عرب کے مستقل اور مضبوط مؤقف کو بھی سراہا۔اردن میں سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کے اپنے تاریخی مؤقف پر قائم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مالی معاونت فلسطینی حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد دے گی اور صحت و تعلیم سمیت اہم شعبوں میں عوام کے مسائل کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔