Blog

  • کنیکٹیکٹ میں شا ندار “فنڈ ریزنگ ڈنر و مشاعرہ” …..حمیرا گل تشنہ

    کنیکٹیکٹ میں شا ندار “فنڈ ریزنگ ڈنر و مشاعرہ” …..حمیرا گل تشنہ

    گزشتہ دنوں امریکا کے شہر کنیکٹیکٹ ہیلپنگ ہینڈ اور پیکٹ کے زیر اہتمام ایک شاندار “فنڈ ریزر ڈنر و مشاعرہ” کا اہتمام مقامی ریسٹورنٹ “لذیذ” میں کیا گیا۔ ہیلپنگ ہینڈ کے روح رواں، ہمایوں کبیر اور پیکٹ کے صدر ظہیر شرف اور ناصر چیمہ جو کہ سماجی اور کمیونٹی کی متحرک شخصیات ہیں، انہوں نے مہمانان کا استقبال کیا۔ پروگرام کے پہلے حصے میں فنڈ ریزنگ کے تعلق سے آگاہی دی گئی دوران وقفہ مہمانوں کے لیے طعام اور چائے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔مسند نشین شعراء کو پھول اور مقامی شعراء کو تحائف پیش کیے گئے۔
    مشاعرہ میں کیلیفورنیا، امریکا کے ممتاز شاعر عرفان مرتضی کو اس کار خیر کے لیے بطور خاص مدعو کیا گیا۔ مشاعرے کی مسند صدارت پر ممتاز شاعر ن م دانش جلواہ افروز رہے، مہمانان خصوصی کی نشستوں پر ممتاز شاعر عرفان مرتضی کیلیفورنیا سے تشریف لائے اور ممتاز شاعر عامر بیگ نیو جرسی سے موجود رہے یاد رہے مشاعرے کے نظامتی فرائض کی ادائی راقم ناچیز یعنی حمیرا گل تشنہ نے انجام دئیے
    مشاعرہ میں جن شعرا و شاعرات نے شرکت فرمائی ان کے اسم گرامی یہ ہیں صدارت ن م دانش، مہمان خصوصی عرفان مرتضی، مہمان خصوصی عامر بیگ، حمیرا گل تشنہ ،زاہدہ پروین، شگفتہ قریشی، مائدہ سیٹھی، کاشف مختار، نرندر کمار، اور محمد صابر تمام شعرا نے شاندار کلام پیش کیا اور سامعین سے خوب داد حاصل کی۔ اس کے علاوہ فوزیہ صفوت نے مرحوم صفوت علی صفوت کا کلام پیش کر کے صفوت علی صفوت کی یاد کو تازہ کیا۔ اختتام پر شرکا نے شاندار تقریب کے انعقاد پر،منتظمین کو مبارک باد پیش کی، اس شاندار تقریب کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
    ہیلپنگ ہینڈ اور پیکٹ سے وابستہ احباب نے آئندہ بھی ادبی تقریبات کے انعقاد کے تعلق سے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم آئندہ بھی تسلسل سے ایسے فنڈ ریزر اور شاعری کی شاندار تقریبات کا اہتمام کرتے رہیں۔
    اختتام مشاعرہ کے وقت منتظمین نے تمام شعرا کا شکریہ ادا کیا، اور مہمانان گرامی سے رخصت لی۔
    سامعین اپنی نشستوں پر شروع سے آخر تک مشاعرہ گاہ میں موجود رہے اور شعرا کو دل کھول کر داد دیتے رہے۔ ایسے مشاعرے کنیکٹیکٹ میں کم کم دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن ان کا اثر تا دیر لوگوں کے اذہان پر رہتا ہے۔

  • دبئی کی لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں  ماریہ انور ،، اعتماد، وژن اور کامیابی کی علامت

    دبئی کی لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں ماریہ انور ،، اعتماد، وژن اور کامیابی کی علامت

    اسٹیٹ میگزین دبئی
    ترجمہ: نشید آفاقی
    کنزیومرواچ کراچی
    دبئی ، چمکتی روشنیوں، جدید طرزِ زندگی اور شاندار عمارتوں سے مزین خوابوں کا شہر، لیکن اس شہر کے چمکتے افق کے پیچھے کچھ ایسی شخصیات بھی ہیں جنہوں نے اپنی محنت، وژن اور لگن سے اپنا الگ مقام بنایا ہے۔ انہی میں ایک نام ماریہ انور کا بھی ہے جو آج دبئی کی لگژری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں اعتماد، شفافیت اور کامیابی کی پہچان بن چکا ہے۔ماریہ کی والدہ عینی انور ایک بہترین رائٹر ہیں ان کو قلم پربھرپور گرفت حاصل ہے وہ معاشرے کے جیتے جاگتے کرداروں کو اپنی کہانیوں میں لڑی کی طرح پروتی ہیں ماریہ انور بھی عینی انور کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی فیلڈ میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں

    لگژری گھروں کی دنیا میں مہارت کا سفر
    ماریہ انور کا سفر آسان نہیں تھا۔ مگر اْن کی گہری سمجھ بوجھ، مارکیٹ پر مضبوط گرفت اور کلائنٹس کے لیے خلوص نے انہیں ایک ممتاز حیثیت دلائی۔ وہ جانتی ہیں کہ دبئی میں گھر خریدنا صرف سرمایہ کاری نہیں بلکہ خواب کی تکمیل ہے۔ اسی لیے وہ خریدار کے لیے ایسی پراپرٹی ڈھونڈتی ہیں جو نہ صرف وقار اور معیار کی علامت ہو بلکہ مستقبل میں بہترین منافع بھی دے۔

    خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی لگن
    ماریہ کے نزدیک ہر کلائنٹ ایک نیا خواب ہے۔ وہ ہر کلائنٹ کے ساتھ ایسابرتاؤ کرتی ہیں جیسے وہ اْن کے اپنے خواب کی تعبیر کر رہی ہوں۔ وہ ذاتی نوعیت کی حکمتِ عملی تیار کرتی ہیں، ہر مرحلے پر رہنمائی دیتی ہیں اور فیصلے کو آسان بنا دیتی ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اْن کے زیادہ تر کلائنٹ اْنہیں دوبارہ منتخب کرتے ہیں کیونکہ ماریہ صرف پراپرٹی نہیں خواب بیچتی ہیں

    اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری
    دبئی کا پراپرٹی مارکیٹ دنیا کے سب سے متحرک شعبوں میں سے ایک ہے، مگر اس میں کامیابی صرف اْنہی کو ملتی ہے جو سمجھداری سے قدم اٹھائیں۔ ماریہ انور اپنے گاہکوں کو مارکیٹ ٹرینڈز، کرایہ کی شرح، اور مستقبل کی ترقی کے امکانات کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ درست علم ہی بہترین سرمایہ کاری کی بنیاد ہے۔

    دبئی کے نمایاں مقامات پر گہری نظر

    پام جمیرا سے ڈاؤن ٹاؤن دبئی تک، ماریہ کو شہر کے ہر گوشے کی گہری معلومات ہیں، وہ جانتی ہیں کہ کون سا علاقہ صرف آج نہیں بلکہ آنے والے کل میں بھی اپنی قدر برقرار رکھے گا۔ اْن کی یہ بصیرت ہی اْنہیں دوسروں سے منفرد بناتی ہے کیونکہ وہ ہر خریدار کو اْس جگہ تک پہنچاتی ہیں جو اْس کے طرزِ زندگی اور خوابوں کے عین مطابق ہو۔

    رابطے نہیں، رشتے بنانا
    ماریہ انور کا ماننا ہے کہ رئیل اسٹیٹ کا اصل کام لوگوں سے جڑنا ہے، صرف سودے مکمل کرنا نہیں۔ وہ ہرکلائنٹ کی زندگی، خواہشات اور اہداف کو سمجھنے کے لیے وقت نکالتی ہیں۔ یہی خلوص اْن کے تعلقات کو دیرپا اور مضبوط بناتا ہے۔ اْن کے کلائنٹ صرف مطمئن نہیں وہ ماریہ کے سفیر بن جاتے ہیں۔
    خدمات میں جدت کا نیا باب
    وقت کے ساتھ ساتھ ماریہ نے اپنے کام کے طریقے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا ہے۔ وہ ڈیجیٹل ٹولز، مارکیٹ اینالیٹکس اور ورچوئل پراپرٹی ٹورز کے ذریعے اپنے گاہکوں کو سہولت فراہم کرتی ہیں۔ اْن کا مقصد ہے کہ کلائنٹ کو ہر ممکن آسانی، شفافیت اور درست معلومات میسر آئیں چاہے وہ دبئی میں ہوں یا دنیا کے کسی بھی کونے میں۔
    ہر لین دین میں اعتماد کی علامت
    ماریہ انور کے بارے میں اْن کے گاہک کہتے ہیں کہ وہ پْر اعتماد، پیشہ ور اور صبر و سکون کی علامت ہیں۔ وہ پیچیدہ لین دین کو آسان بنا دیتی ہیں، ہر سوال کا تفصیلی جواب دیتی ہیں، اور گاہکوں کو فیصلہ کرنے کا حوصلہ بخشتی ہیں۔ اْن کی موجودگی خود میں ایک اعتماد ہے جو ہر کامیاب لین دین میں جھلکتا ہے۔
    مستقبل کی سمت ، وژن اور ترقی
    ماریہ کا خواب صرف آج کی کامیابی نہیں، بلکہ مستقبل کی تعمیر ہے۔ وہ دبئی کی لگژری مارکیٹ میں نئے امکانات کی تلاش میں ہیں، تاکہ خریداروں اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اْن کی توجہ ہمیشہ کلائنٹ کے اطمینان اور شفافیت پر مرکوز رہتی ہے یہی ان کے کامیاب مستقبل کی ضمانت ہے۔
    Positive Properties LLC ، مہارت اور دیانت کا سنگم
    ماریہ انور Positive Properties LLC سے وابستہ ہیں، ایک ایسا ادارہ جو دبئی میں اعتماد، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید سروسز کے لیے مشہور ہے۔ کمپنی کے ساتھ ان کا تعاون اْنہیں مزید مضبوط بناتا ہے، کیونکہ یہاں ہر قدم کلائنٹ کے مفاد اور دیانت پر استوار ہے۔ ماریہ کی رہنمائی اور Positive Properties کا وژن ، دبئی کے رئیل اسٹیٹ کے سنہری امتزاج کی بہترین مثال ہے۔

    کیوں منتخب کریں ماریہ انور کو؟
    اگر آپ دبئی میں اپنے خوابوں کا گھر یا بہترین سرمایہ کاری کی تلاش میں ہیں، تو ماریہ انور وہ نام ہے جس پر آپ آنکھ بند کر کے بھروسہ کر سکتے ہیں۔ ان کی مہارت، خلوص، اور جدید طرزِ کار اْنہیں نہ صرف ایک ماہر ایجنٹ بلکہ ایک رہنما بناتے ہیں جو آپ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔(@thehousehunters_ instagram id)

  • بھارتی آرمی چیف کا ذہنی انتشار سے بھرا بیان، عسکری قیادت شدید ذہنی بوکلاہٹ کا شکار

    بھارتی آرمی چیف کا ذہنی انتشار سے بھرا بیان، عسکری قیادت شدید ذہنی بوکلاہٹ کا شکار

    کراچی (کنزیومرواچ ڈیسک )بھارتی آرمی چیف کا باہمی تضادات اور ذہنی انتشار سے بھرا بیان، عسکری قیادت شدید ذہنی بوکلاہٹ کا شکار ہے۔معرکۂ حق میں بدترین ناکامی اور عالمی سطح پر رسوائی نے بھارتی عسکری و سیاسی قیادت کو شدید دباؤ میں دھکیل دیا ہے، عسکری کمزوریوں، بدترین آپریشنل کارکردگی اور اتمانبھر بھارت کی ناکامیاں دفاعی ڈھانچے کو لاغر ثابت کر چکی ہیں۔
    مودی سرکار کی ہندوتوا زدہ سیاسی ذہنیت نے عسکری قیادت پر غیرمعمولی سیاسی دباؤ مسلط کر رکھا ہے، جہاں وہ فلمی طرز کے بیانیے پیش کر کے اپنے آپ کو مہاتما ثابت کرنا چاہتے ہیں۔
    ایسی کشمکش میں کبھی تین مہینے بعد سات طیارے مار گرانے کا دعویٰ کر دیا جاتا ہے اور کبھی دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
    اسی سلسلے میں بھارتی آرمی چیف نے ایک اور متضاد اور کنفیوژن بھرا بیان دے کر صورتحال کو مزید مضحکہ خیز بنا دیا۔
    ایک طرف دعویٰ ہے کہ “ہندوستان نے کچھ اسلحہ استعمال کر کے پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا”، دوسری طرف اعتراف یہ ہے کہ “ایسی جنگ جیتنے کے لیے مزید اسلحہ خریدنا پڑے گا”
    یہ تضاد بھارتی عسکری قیادت کی بوکلاہٹ، غیرسمجھی اور عدم تیاری کا ثبوت ہے *آپریشن سندور* میں جھوٹی فتح کے ڈھول پیٹنے والے بھارتی آرمی چیف دراصل اپنی خفت مٹانے اور اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    چانکیا ڈیفنس ڈائیلاگ میں جنرل اوپیندر دویدی کا دھمکی آمیز مگر کمزور بیانیہ بھی اسی پریشانی کا اظہار ہے، جس میں وہ اعتراف کرتے ہیں کہ؛ “آپریشن سندور میں تو صرف ٹریلر دکھایا گیا، فلم تو ابھی شروع بھی نہیں ہوئی”
    اور پھر بھارتی آرمی چیف اسی سانس میں اپنے دفاعی کمزوریاں کھول کر رکھ دیتے ہیں؛ “کیا ہمارے پاس طویل جنگ کے لیے کافی ساز و سامان اور ہتھیار ہیں ؟ اگر نہیں تو فوری تیاری کی ضرورت ہے”
    یہ اعترافات بھارتی فوج کی *کمزور پیشہ وارانہ صلاحیت، نااہل سیاسی قیادت، اور ناکام دفاعی منصوبہ بندی* کے زندہ ثبوت ہیں اور ساتھ ہی اس حقیقت کا اظہار کہ بھارتی عسکری قیادت اس وقت پالیسی، حکمتِ عملی اور تیاری، تینوں محاذوں پر شدید ذہنی انتشار سے گزر رہی ہے۔

    facebook

  • رجب بٹ اور سامعہ حجاب کی نامناسب گفتگو وائرل، انٹرنیٹ پر شدید ردعمل

    رجب بٹ اور سامعہ حجاب کی نامناسب گفتگو وائرل، انٹرنیٹ پر شدید ردعمل

    کراچی:(کنزیومرواچ نیوز)متنازع یوٹیوبر اور انفلوئنسر رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے۔تنازعات میں گھرے یوٹیوبر رجب بٹ کچھ عرصے سے برطانیہ میں مقیم ہیں جہاں وہ پاکستان میں درج متعدد کیسز کے بعد منتقل ہوئے تھے اور وہیں سے اپنا مواد بنا رہے ہیں۔
    دوسری جانب سامعہ حجاب بھی ایک معروف مگر متنازع انفلوئنسر ہیں۔ وہ اُس وقت شہرت میں آئیں جب انہوں نے اپنے سابق منگیتر پر اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ بعدازاں عدالت سے باہر ہونے والے تصفیے کے باعث انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سمیہ اس وقت دبئی میں رہتی ہیں۔
    حال ہی میں سامعہ حجاب نے فیشن اور اپنے بولڈ لباس کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگوں کی چھوٹی سوچ کی وجہ سے انکے کپڑے بھی چھوٹے ہورہے ہیں۔ انہوں نے رجب بٹ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جس طرح عوام نے رجب کا ساتھ نہیں دیا، ویسا ہی سلوک اُن کے ساتھ بھی کیا جا رہا ہے۔
    اسی دوران سامعہ حجاب اور رجب بٹ نے ٹک ٹاک پر ایک ساتھ لائیو سیشن کیا جہاں دونوں کے درمیان ہونے والی ’’نامناسب گفتگو‘‘ کلپ کی شکل میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ دوران گفتگو رجب بٹ نے سامعہ کے جسم سے متعلق نامناسب تبصرے کیے جن کا سامعہ نے بھی بے تکلف انداز میں جواب دیا۔
    رجب بٹ نے سامعہ کے جسم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا باڈی شیپ خوبصورت ہے، جس پر سامعہ نے جواب دیا کہ اُن کا پیٹ نکلا ہوا ہے اور وہ اسے کم کرنے کے لیے جم جانا چاہتی ہیں۔ سامعہ نے مزید کہا کہ وہ ٹائٹ کپڑے پہنتی ہیں اور سب اُن کا پیٹ دیکھ چکے ہیں۔ اس پر رجب نے کہا کہ وہ اُن کا پیٹ نہیں بلکہ باقی حصے دیکھتے ہیں۔
    یہ کلپ وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ صارفین نے گفتگو کو انتہائی نامناسب، غیر اخلاقی اور ’’سستا مواد‘‘ قرار دیا۔ایک صارف نے لکھا کہ ’’یہ سب بے شرم لوگ ہیں، وہ لڑکی کی باڈی پر اتنے گھٹیا تبصرے کر رہا ہے۔‘‘
    ایک صارف نے رجب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسے اپنی بیوی کی کوئی پروا نہیں، یہاں مزے لے رہا ہے۔ جبکہ ایک اور نے کہا کہ “بہت ہی سستا کانٹینٹ۔”سوشل میڈیا پر جاری تنقید اور ردعمل نے دونوں انفلوئنسرز کو ایک بار پھر تنازعات کی زد میں لا کھڑا کیا ہے۔

  • جیو نیوز کے مشہور اینکرشاہ زیب خانزادہ کو اہلیہ کے ہمراہ ہراسانی کا سامنا

    جیو نیوز کے مشہور اینکرشاہ زیب خانزادہ کو اہلیہ کے ہمراہ ہراسانی کا سامنا

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)نجی نیوز چینل کے پروگرام میزبان شاہ زیب خانزادہ کو ان کی اہلیہ کے ہمراہ ایک شاپنگ مال میں ہراساں کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
    گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی جس میں ایک شخص شاہ زیب خانزادہ کو شاپنگ مال میں ہراساں کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
    ویڈیو میں اس شخص کی جانب سے کہا گیا کہ شاہ زیب خانزادہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف جو بھی حقائق پیش کیے، ان پر انہیں شرم آنی چاہیے۔
    وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہ زیب خانزادہ کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی موجود ہیں اور انہوں نے اس شخص کے لگائے گئے الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا، بلکہ انتہا ئی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
    ویڈیو میں الزامات کی وضاحت نہیں کی گئی، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل نے خانزادہ کے سیاسی پروگرام کا پرانا کلپ شیئر کیا، جس میں صحافی بشریٰ بی بی کے عدت کیس پر بات کر رہے تھے، یہ کیس بشریٰ بی بی کی عدت کے دوران ان کی شادی سے متعلق تھا۔
    شہباز گل نے کہا کہ شاہ زیب خانزادہ نے یہ گندگی کی تھی اور اگر میڈیا نے اس کی مذمت کی ہوتی تو صورتحال اس حد تک نہ پہنچتی، جس کا اشارہ صحافی کے ساتھ ہونے والے ہراسانی کی جانب تھا۔
    وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واقعے کی مذمت کی اور جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جو لوگ صحافیوں اور انکے بچوں کے نام اور اڈریس لکھتے ہیں، پھر سوشل میڈیا پر لگاتے ہیں کہ اِس کو مار دو، جیسے مزمل صاحب کے گھر کے اندر چھلانگ مار کے قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔
    ان کا کہنا تھا کہ شاہزیب خانزادہ کے ساتھ جو ہوا، انتہائی قابل مذمت ہے ،ریاست کی جانب سے شاہزیب صاحب کو یقین دلواتا ہوں کہ ہم ٹریس کریں گے کہ وہ کون آدمی تھا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی فیملی کے ساتھ جا رہا ہو اور ہراسمنٹ کی جائے۔

  • عوام ہوشیار! جعلی ویب سائٹ پر  ملازمتوں کی فراہمی کا دعویٰ

    عوام ہوشیار! جعلی ویب سائٹ پر ملازمتوں کی فراہمی کا دعویٰ

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)نادرا کارڈ سینٹر. کو.یو کے ویب سائٹ پر خدمات اورملازمتوں کی فراہمی کے دعوے کے حوالے سے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کا اہم بیان سامنے آگیا۔نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ میں مقیم اوورسیزپاکستانی خبردار! http://nadracardcentre.co.uk جعلی ویب سائٹ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ جعلی ویب سائٹ شناختی کارڈ اورنائکوپ سے متعلق خدمات اورملازمتوں کی فراہمی کا جھوٹا دعویٰ کر رہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اس ویب سائٹ پر ’ذاتی معلومات کی فراہمی یا رقم کی ادائیگی ہرگز نہ کریں، نادرا نے معاملہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو رپورٹ کر دیا ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشتگرد ہلاک

    خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشتگرد ہلاک

    پشاور ( کنزیومرواچ نیوز)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کرروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
    تفصیلات کے مطابق 15 اور 16 نومبر کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گرد مارے گئے۔
    پہلی کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
    سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس آپریشن کے نتیجے میں 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
    ہلاک ہونے والوں میں گروہ کا سرکردہ کمانڈر عالم محسود بھی شامل تھا۔ دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتاخیل میں کی گئی۔ جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
    علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کے اقدامات جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔
    سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمتِ عملی “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی جارحانہ مہم پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی۔
    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش
    وزیر داخلہ محسن نقوی نے 15 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ15 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بہادر سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے۔
    انہوں نے کہا کہ قوم خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

  • چوہدری انوار الحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، راجہ فیصل آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب

    چوہدری انوار الحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، راجہ فیصل آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب

    مظفر آباد:(کنزیومرواچ نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد راجہ فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیرصدارت آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کےخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔تحریک عدم اعتمادمیں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا تھا۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو 36ووٹ ملے، مخالفت میں 2ووٹ کاسٹ ہوئے۔یہ تحریک عدم اعتماد سردار جاویدایوب،چوہدری قاسم مجید نے دیگر کے ہمراہ پیش کی۔ایوان سے خطاب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا یہ کیسے ہوسکتا ہے ایک شخص ہی آئین اورانتظامی ڈھانچےکی تباہی کاذمہ دارہو ، کیا ان کی کابینہ کے ممبران اس کے ذمہ دارنہیں۔تحریک کی کامیابی کی صورت میں نئے وزیراعظم ممتاز راٹھور کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق ، علالت کے باعث صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نئے وزیراعظم سے حلف نہیں لیں گے۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نئے وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔

  • ‘خوارج خود کافر اور مرتد ہیں’، دہشتگرد احسان اللہ کا فتنہ الخوارج سے متعلق بیان

    ‘خوارج خود کافر اور مرتد ہیں’، دہشتگرد احسان اللہ کا فتنہ الخوارج سے متعلق بیان

    اسلام آ باد (کنزیومر واچ نیوز)خارجی دہشتگرد احسان اللہ کا فتنہ الخوارج سے متعلق بیان سامنے آگیا۔ ویڈیو بیان میں خارجی دہشتگرد نے اپنا نام احسان اللہ ولد عبدالجنان اور قوم محسود بتائی۔اس نے کہا کہ ’فتنہ الخوارج مذہب کےنام پر نوجوانوں کو ورغلاکر فوج کےخلاف اکساتے ہیں، میں نے دہشتگرد کمانڈرز بدری، مشتاق،گرنیڈ اور اسلام الدین کے لیے 3سال سہولتکاری کی‘۔دہشتگرد احسان اللہ نے کہا کہ ’ہم نے تتور میں پولیس اسٹیشن اور بکتربندگاڑی پر حملے سمیت کئی کارروائیاں کیں، فتنہ الخوارج نوجوانوں کی ذہن سازی کرتے ہیں ، فتنہ الخوارج نوجوانوں کو فوج کے خلاف دہشتگردی میں استعمال کرتے ہیں، خارجی کمانڈر ذاتی مفادات کےلیے نوجوانوں کوبدکاری کی طرف بھی دھکیلتے ہیں‘۔خارجی دہشتگرد کا کہنا تھا کہ ’خوارجی کمانڈر ہمارے ساتھ بداخلاقی کرتے تھے، حقیقت میں خوارج خود کافر اور مرتد ہیں، جب میں نے انہیں دیکھا تو پتا چلا پاکستانی فوج تو حقیقی مسلمان ہے‘۔ احسان اللہ نے مزید کہا کہ ’میں نے پاک فوج کے جوانوں کو 5 وقت نماز پڑھتے دیکھا ، میں نے نماز اور کلمے سیکھے جو پہلے نہیں آتے تھے، نوجوانوں سے اپیل ہے کہ دہشتگر دعناصر کے خاتمےکے لیے پاک فوج کا ساتھ دیں، ہم ان خوارج کی وجہ سے تباہ و برباد ہو گئے ہیں‘۔

  • مدینہ میں آئل ٹینکر بھارتی عمرہ زائرین کی بس سے ٹکرا گیا، 42 افراد جاں بحق

    مدینہ میں آئل ٹینکر بھارتی عمرہ زائرین کی بس سے ٹکرا گیا، 42 افراد جاں بحق

    مدینہ(کنزیومرواچ نیوز)بھارت سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کی بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے 42 افراد جاں بحق ہوگئے
    عرب میڈیا کے مطابق عمرہ کے لیے سعودی عرب میں موجود زائرین پیر کی صبح ایک بس میں مکہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے جہاں ان کی بس ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
    رپورٹ کے مطابق بس میں 42 سے 45 افراد سوار تھے جن کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تھا اور ان عمرہ زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
    عرب میڈیا کے مطابق بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے بعد بھڑک والی آگ سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہے ہے جب کہ سعودی حکام امدادی کارروائی کررہے ہیں۔
    دوسری جانب بھارتی سیاستدان اسد الدین اویسی نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میری اطلاعات کے مطابق عمرہ زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں 41 افراد جاں بحق ہوئے ہیں تاہم سعودی حکام کی جانب سے تاحال ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔