Blog

  • جسٹس منصور اور جسٹس اطہر کے مستعفی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    جسٹس منصور اور جسٹس اطہر کے مستعفی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    اسلام آباد: (کنزیومرواچ نیوز)سپریم کورٹ کے 2 ججز کے مستعفی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہرمن اللہ نےگزشتہ رات ساتھی ججز سے ان کےچیمبرز میں جاکر الوداعی ملاقاتیں کیں۔ذرائع نے کہا کہ ساتھی ججز نے جسٹس منصور اور جسٹس اطہرمن اللہ کو استعفیٰ نہ دینے کا مشورہ دیا اور ساتھی ججز آخری وقت تک دونوں کو مستعفی نہ ہونے پر قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ذرائع کے مطابق ساتھی ججز کے اصرار کے باوجود دونوں ججز اپنے فیصلے پر قائم رہے اور ساتھی ججز سے ملاقاتیں کرنے کے بعد استعفیٰ دیا پھر سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ 27 ویں ترمیم کے معاملے پر جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہرمن اللہ نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

  • وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین نے عہدے کا حلف اٹھالیا

    وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین نے عہدے کا حلف اٹھالیا

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) جسٹس امین الدین خان نے آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین سے عہدے کا حلف لیا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔
    فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہ بھی تقریب میں شریک تھے۔ اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اٹارنی جنرل منصور عثما ن اعوان بھی تقریب میں شریک تھے۔
    جسٹس امین الدین خان وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس ہیں۔ آئینی معاملات سے متعلق تمام مقدمات آئینی عدالت ہی دیکھے گی۔
    جسٹس امین الدین کے کیرئیر پر مختصر نظر
    1984 میں یونیورسٹی لا کالج ملتان سے ایل ایل بی کیا، 1985 میں باقاعدہ پریکٹس کا لائسنس حاصل کرکے وکالت شروع کی، 1987 میں لاہور ہائیکورٹ اور 2001 میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔
    لاہور ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے مختلف جامعات کے سینڈیکٹ کے رکن رہے، بہاولپور، ملتان اور لاہور بینچ میں ہزاروں دیوانی مقدمات کے فیصلے کیے اور 21 اکتوبر 2019 کو سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے۔
    جسٹس امین الدین سپریم کورٹ میں آئینی بینچ کے پہلے سربراہ بھی بنے۔
    گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر صدر پاکستان نے جسٹس امین الدین کی بطور چیف جسٹس آئینی عدالت تقرری کی منظوری دی تھی۔
    چیف جسٹس امین الدین آئینی عدالت کے 6 ججز سے حلف لیں گے
    ذرائع کے مطابق آئینی عدالت کے ججز کی تقریب حلف برداری کے لیے اسلام آبادہائیکورٹ کے ججز اور ایڈمن بلاک کے درمیان اوپن ایریا میں انتظامات کیےگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی عدالت کے 6 ججز اسلام آباد ہائی کورٹ میں حلف اٹھائیں گے، آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین دیگر ججز سے حلف لیں گے۔قبل ازیں آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین ایوان صدر میں حلف اٹھائیں گے، حلف برداری تقریب کے لیے ممکنہ وقت 11 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری آئینی عدالت کے سربراہ سے حلف لیں گے، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے۔

  • آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہونگے، عہدے کی مدت 5 سال ہوگی

    آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہونگے، عہدے کی مدت 5 سال ہوگی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی نے 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد آرمی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی۔
    مجوزہ آرمی ایکٹ کے مطابق آرمی چیف کا بطور چیف آف ڈیفنس فورسز نیا نوٹی فکیشن جاری ہو گا، نئے نوٹی فکیشن کے بعد آرمی چیف کی مدت دوبارہ سے شروع ہوگی۔
    مجوزہ آرمی ایکٹ میں کہا گیا کہ آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری اسٹرکچرنگ اور انضمام کریں گے، وزیراعظم آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ تعینات کریں گے۔
    پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان ائیر فورس ایکٹ اور پاکستان نیوی ایکٹ میں ترامیم قومی اسمبلی سے منظور
    مجوزہ آرمی ایکٹ کے مطابق کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کی مدت ملازمت 3 سال ہو گی، کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کو 3 سال کے لیے دوبارہ تعینات کیا جا سکے گا۔
    مجوزہ آرمی ایکٹ میں کہا گیا کہ 27 نومبر سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہو جائے گا۔
    آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے: وزیر قانون
    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے،عہدے کی مدت 5 سال ہو گی۔ وزیر اعظم چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کریں گے۔ان کی تقرری کی مدت اس دن سے شروع ہوگی جب تعیناتی ہو گی۔
    اعظم نذیر نے کہا کہ قانون نے وضاحت کی ہے چیف آف ڈیفنس کا عہدہ اپوائنٹمنٹ سے5 سال کا ہوگا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کردیا گیا ہے۔
    اس کے علاوہ قومی اسمبلی نے پاکستان ایئر فورس ایکٹ 2025 کی بھی منظوری دے دی ہے۔
    پاکستان ایئر فورس ایکٹ میں سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے الفاظ نکالے گئے ہیں۔

  • سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے استعفیٰ دے دیا

    سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے استعفیٰ دے دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ان کے علاوہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔
    ذرائع کے مطابق دونوں جج صاحبان نے سپریم کورٹ میں اپنے چیمبرز خالی کر دیے ہیں۔
    سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے 13 صفحات پر مشتمل اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔
    جسٹس منصور علی شاہ نے 27 ویں آئینی ترمیم پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس سلسلے میں چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی کو 2 خطوط بھی لکھے تھے۔
    اپنے استعفے میں جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا ہےکہ 27 ویں آئینی ترمیم آئین پاکستان پر سنگین حملہ ہے،27 ویں آئینی ترمیم نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے۔
    جسٹس منصورعلی شاہ نےکہا ہےکہ 27 ویں ترمیم نے عدلیہ کو حکومت کے ماتحت بنادیا ہے۔27 ویں ترمیم نے ہماری آئینی جمہوریت کی روح پر کاری ضرب لگائی ہے۔
    جسٹس اطہر من اللہ نے بھی اپنا استعفیٰ صدر پاکستان کو بھجوادیا
    استعفے میں جسٹس اطہر من اللہ کا کہناہےکہ 11 سال قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے طور پر حلف اٹھایا، چار سال بعد اسی عدالت کے چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا، مزید 4 سال بعد سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر حلف اُٹھایا۔
    استعفے میں جسٹس اطہر من اللہ نے لکھا ہےکہ ان تمام حلفوں کے دوران میں نے ایک ہی وعدہ کیا آئین سے وفاداری کا، میرا حلف کسی فرد یا ادارے سے نہیں، بلکہ آئین پاکستان سے تھا، 27 ویں آئینی ترمیم سے قبل میں نے اُس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا، خط میں اس ترمیم کے ممکنہ اثرات پر آئینی تشویش ظاہر کی تھی۔
    جسٹس اطہر من اللہ کے مطابق اُس وقت کے خدشات، خاموشی اور بے عملی کے پردے میں آج حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں، ہمیشہ پوری دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینےکی کوشش کی، آج وہی حلف مجھے اس نتیجے پر پہنچنے پر مجبور کرتا ہے کہ اپنا استعفیٰ پیش کروں۔
    خود کو یہ یقین دلانے کی کتنی ہی کوشش کروں، حقیقت یہی ہے آئین کی روح پر حملہ ہو چکا ہے: جسٹس اطہر من اللہ
    جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ آئین، جس کی پاسداری کا میں نے حلف لیا تھا، اب موجود نہیں رہا، خود کو یہ یقین دلانے کی کتنی ہی کوشش کروں، حقیقت یہی ہے آئین کی روح پر حملہ ہو چکا ہے، نئے ڈھانچے جن بنیادوں پر تعمیر ہو رہے ہیں، وہ آئین کے مزار پر کھڑے ہیں، جو عدالتی چُغے ہم پہنتے ہیں، وہ محض رسمی لباس نہیں، یہ اُس مقدس اعتماد کی علامت ہیں جو قوم نے عدلیہ پر کیا۔
    جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے اکثر اوقات یہ لباس خاموشی اور بے عملی کی علامت بن گیا، آنے والی نسلوں نے ان کو مختلف طور پر نہ دیکھا تو ہمارا مستقبل بھی ہمارے ماضی جیسا ہی ہوگا، امید ہے آنے والے دنوں میں عدل کرنے والے سچائی کے ساتھ فیصلے کریں گے، اسی امید کے ساتھ میں آج یہ چُغہ آخری بار اتار رہا ہوں، سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے عہدے سے اپنا استعفیٰ فوری طور پر پیش کرتا ہوں، اللہ کرے، جو انصاف کریں، وہ سچائی کے ساتھ کریں۔

  • صدر مملکت آصف علی زرداری نے 27 ویں آئینی ترمیمی بل پر دستخط کردیے

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے 27 ویں آئینی ترمیمی بل پر دستخط کردیے

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے 27 ویں آئینی ترمیم کے بل پر دستخط کردیے۔27ویں آئینی ترمیم کا بل دونوں ایوانوں سے منظور ہو چکا ہے اور صدر مملکت کے دستخط کے بعد یہ بل اب آئین کا حصہ بن گیا ہے۔
    سینیٹ آف پاکستان نے 27 ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا ہے۔خیال رہے کہ سینیٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی نئی ترامیم کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیا تھا۔سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں ہوا جس میں 27 ویں آئينی ترمیم کا نیا متن پیش کیا گیا۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں ترمیم کے نئے متن کو سینیٹ میں پیش کیا جس کے بعد ترامیم کو شق وار منظور کیا گیا۔
    27 ویں آئينی ترمیم کل قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے منظور کی گئی تھی، 27 ویں ترمیم کی منظوری کے لیے حکومت کے پاس درکار 224 سے زیادہ 234 ارکان موجود تھے تاہم جے یو آئی ف نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ قومی اسمبلی میں 27 ویں ترمیم میں 8 نئی ترامیم شامل کی گئی تھیں، حکومت نے تجاویز پر آرٹیکل 6 کی کلاز 2 میں تبدیلی کردی کلاز 2 کے تحت سنگین غداری کا عمل کسی بھی عدالت کے ذریعے جائز قرار نہیں دیا جاسکے گا، آرٹیکل 6 کی کلاز 2 میں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ساتھ آئینی عدالت کے لفظ کا اضافہ کیا گيا۔موجودہ چیف جسٹس کو عہدے کی مدت پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہا جائے گا، اس کے بعد چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت میں سے سینئر ترین جج چیف جسٹس پاکستان ہوگا۔وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے جس میں کابینہ آئینی ترامیم کی روشنی میں قوانین میں تبدیلیوں کی منظوری دے گی۔

  • قومی کرکٹرز پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم کے مشکور

    قومی کرکٹرز پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم کے مشکور

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔پیغام میں شاہین آفریدی نے کہا کہ شائقین کل میچ دیکھنے راولپنڈی اسٹیڈیم ضرور آئیں۔اس کے علاوہ محمد رضوان، حارث روف ، سلمان علی آغا اور ابرار احمد نے بھی سری لنکن کرکٹ بورڈ اور سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجرکا بیان سامنے آیا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی بڑھانے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے بقیہ دو میچز کا شیڈول تبدیل کیا گیا جس کے بعد یہ میچز14 اور 16 نومبر کو کھیلیں جائیں گے۔

  • وائپر ٹیکنالوجی کا بڑا قدم  ،لاہور میں نئی اسمبلی فیکٹری کا افتتاح

    وائپر ٹیکنالوجی کا بڑا قدم ،لاہور میں نئی اسمبلی فیکٹری کا افتتاح

    لاہور (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی معروف اور سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کمپیوٹر برانڈ وائپر ٹیکنالوجی نے اپنے پیداواری نیٹ ورک میں اہم توسیع کرتے ہوئے لاہور میں نئی اسمبلی فیکٹری کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں مجموعی پیداواری صلاحیت دوگنی ہو گئی ہے۔بین الاقوامی ریسرچ ادارے آئی ڈی سی کی 2025 کی دوسری سہ ماہی رپورٹ کے مطابق وائپر ٹیکنالوجی کو پاکستان کی نمبر ون پی سی برانڈ قرار دیا گیا ہے۔ لاہور میں فیکٹری کے قیام سے کمپنی کو شمالی علاقوں میں تیز تر سپلائی، مضبوط مارکیٹ کوریج اور جدید مصنوعات کی بڑے پیمانے پر تیاری کی سہولت حاصل ہو گی۔کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس توسیع سے سینکڑوں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ اسیمبلنگ، تحقیق و ترقی (R&D)، نان ٹیکنیکل پارٹس مینوفیکچرنگ، مارکیٹنگ، پیکیجنگ اور سروس سپورٹ جیسے شعبے مکمل طور پر پاکستان میں ہی انجام دیے جائیں گے۔ترجمان نے کہا کہ مقامی سطح پر پیداوار بڑھانے سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور درآمدی انحصار میں کمی ممکن ہو گی۔
    وائپر کا یہ اقدام ڈیجیٹل خود کفالت اور صنعتی ترقی کے اس وژن کو مزید تقویت دیتا ہے جس کے تحت پاکستان کو کمپیوٹر مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ کا علاقائی مرکز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

  • سندھ حکومت کی ترجیح ترقی کے عمل میں  عوامی فائدے کو یقینی بنانا ہے،شرجیل میمن

    سندھ حکومت کی ترجیح ترقی کے عمل میں عوامی فائدے کو یقینی بنانا ہے،شرجیل میمن

    کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبے صوبے کی معیشت اور عوام کی زندگیوں میں نمایاں بہتری کا سبب بن رہے ہیں۔ ان کے مطابق کوسٹل ہائی وے، روہڑی۔گڈو بیراج روڈ، مہران ہائی وے، ٹنڈو الہیار تا ٹنڈو آدم سڑک، اور سانگھڑ تا روہڑی شاہراہ جیسے منصوبے صوبے کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہائی وے اور سڑکوں کے منصوبے علاقائی و بین الصوبائی روابط کو مضبوط بنائیں گے، جب کہ تجارت، زراعت اور صنعتی شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سانگھڑ، ٹنڈو الہیار، نوابشاہ اور دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبے دیہی معیشت کو فعال بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی پالیسی کا حصہ ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیح ترقی کے عمل میں شفافیت، رفتار اور عوامی فائدے کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فنڈز کی بروقت فراہمی اور منصوبوں کی مکمل نگرانی شہری و دیہی علاقوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ فلڈ ایمرجنسی ریکنسٹرکشن پروجیکٹ صوبے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور مستقبل کے لیے پائیدار بنانے کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد سندھ حکومت نے جس تیزی اور عزم سے بحالی کا عمل شروع کیا، وہ وفاق سمیت تمام اداروں کے لیے ایک ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

  • شکارپور میں گھر پر راکٹ حملہ: 5 افراد جاں بحق، وزیرِ داخلہ سندھ  کا سخت نوٹس

    شکارپور میں گھر پر راکٹ حملہ: 5 افراد جاں بحق، وزیرِ داخلہ سندھ کا سخت نوٹس

    شکارپور (کنزیومرواچ نیوز)شکارپور میں امن دشمن عناصر نے ایک دل دہلا دینے والا حملہ کیا، جہاں ایک گھر کو راکٹ سے نشانہ بنایا گیا۔ خوفناک دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اس سانحے کا فوری نوٹس لیتے ہوئےایس ایس پی شکارپورسے راکٹ حملے اور اس کے بعد کیے جانے والے پولیس ایکشن کی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کو ان کی پناہ گاہوں میں گھس کر کیفر کردار تک پہنچایا جائےاور کہا کہ امن و انسانیت دشمنوں کے ساتھ کسی قسم کی رو رعایت نہ برتی جائے۔وزیرِ داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ چھاپہ مار ٹیموں کو منظم بریفنگ، حکمت عملی اور مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ فوری حرکت میں لایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس ایکشن اور تمام ضروری اقدامات سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ضیاء الحسن لنجار نے راکٹ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان کے دکھ میں شریک ہونے اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل حکومتی تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ذرائع کے مطابق، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور متعدد مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ صورتحال پر اعلیٰ حکام کی نظر ہے۔

  • پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بھارت کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا

    پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بھارت کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا

    لاہور (کنزیومرواچ نیوز)پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بھارت کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف ون ڈے ہوم سیریز کے پہلے میچ میں بابر اعظم 29 رنز بناکر ہسارنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔جس سے وہ ویرات کوہلی کے منفی ریکارڈ میں ساجھے دار بن گئے ہیں۔بابر اعظم کو انٹرنیشنل سنچری بنائے ہوئے 83 اننگز گزر چکی ہیں۔ کوہلی نے بھی 2023 میں 83 اننگز کے بعد سنچری بنائی تھی۔سری لنکن ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا اس معاملے میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے 88 اننگز کے صبر آزما انتظار کے بعد سنچری بنائی تھی۔سابق ویسٹ انڈین اسٹار شیونارائن چندرپال کو سنچری کیلیے 78 اننگز تک انتظار کرنا پڑا تھا۔یاد رہے کہ بابر اعظم نے آخری انٹرنیشنل سنچری 2023 کے ایشیا کپ میں نیپال کیخلاف بنائی تھی۔