Blog

  • ہر چیز کا حساب لیا جائیگا، عدالتی فیصلے پر شیخ حسینہ واجد کا دھمکی آمیز ردعمل

    ہر چیز کا حساب لیا جائیگا، عدالتی فیصلے پر شیخ حسینہ واجد کا دھمکی آمیز ردعمل

    ڈھاکہ (کنزیومرواچ نیوز)بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے عدالت کی جانب سے انسانیت کا مجرم قرار دینے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہر چیز کا حساب لیا جائے گا۔سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے عدالتی فیصلے کے بعد عوامی لیگ اور اپنے حامیوں کے نام پیغام جاری کردیا۔شیخ حسینہ واجد نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے خلاف لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں،حامی پریشان نہ ہوں، انھیں فیصلہ جاری کرنے دیں، مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے مجھے زندگی دی، اللہ لے گا لیکن میں اپنے ملک کے لوگوں کے لیے کام کرتی رہوں گی، میں نے اپنے والدین، اپنے بہن بھائیوں کو کھو دیا ہے، انہوں نے میرا گھر جلا دیا۔شیخ حسینہ واجد نے کہا ہم اسے نہیں بھولیں گے، ہر چیز کا حساب لیا جائے گا۔

  • آئینی ترمیم پر مؤقف برقرار، اختیارات کی منتقلی ناگزیر ہو چکی ہے: مصطفیٰ کمال

    آئینی ترمیم پر مؤقف برقرار، اختیارات کی منتقلی ناگزیر ہو چکی ہے: مصطفیٰ کمال

    کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میں پاکستان اور پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ کئی برسوں بعد آج ملکی مسائل کا آئینی حل سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے الیکشن کے بعد حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کے باوجود اپنے ایک نکاتی ایجنڈے پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
    مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ہم نے 2024 میں بھی حکومت سے صرف آرٹیکل 140-اے اور بااختیار مقامی حکومتوں کے نظام پر بات کی۔ ہم نے حکومت اور مسلم لیگ ن سے اپنے تجویز کردہ آئینی ترمیمی بل کی حمایت مانگی تھی جس پر باقاعدہ معاہدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترمیم کے دوران بھی ایم کیو ایم نے مسلسل زور دیا کہ ہمارا بل شامل کیا جائے، مگر ستائیسویں ترمیم کے موقع پر ہمارا بل نکال کر تلف کر دیا گیا۔
    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں جاوید حنیف اور حسان صابر نے ہمارا مؤقف مضبوطی سے پیش کیا اور ہم وہاں مقدمہ جیت چکے تھے، مگر پیپلز پارٹی ستائیسویں ترمیم میں ہمارے بل کی حمایت کے لیے تیار نہیں تھی۔ حکومتی جماعت نے ہم سے آرمی چیف سے متعلق ترامیم کی حمایت مانگی اور یقین دہانی کرائی کہ اگلے بل میں ہمارا بل شامل کیا جائے گا۔
    انہوں نے بتایا کہ آج بھی آرٹیکل 140-اے سے متعلق ہمارا بل زندہ ہے اور کابینہ کے تمام اراکین نے اسمبلی میں اس کے حق میں آواز اٹھائی۔ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ اگر کابینہ میں یہ بل زیر بحث نہ آیا تو ہم استعفیٰ دے دیں گے۔ وفاقی وزیر قانون نے بھی ایوان میں واضح طور پر ہمارے بل کی حمایت کا اعلان کیا۔
    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے ایم کیو ایم کے پیش کردہ بل پر متفقہ قرارداد منظور کی ہے، جس پر میں وزیراعلیٰ پنجاب اور ارکان اسمبلی کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایڈمنسٹریٹو معاملہ نہیں، پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے۔
    بلوچستان کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ایم این اے یا ایم پی اے کے لیے پورے علاقے کی ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں۔ اگر براہِ راست فنڈنگ کے ساتھ مضبوط لوکل گورنمنٹ قائم ہوتی تو کوئی شخص ہتھیار نہ اٹھاتا۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال سے فوج کو عوام کے مقابلے پر کھڑا کیا جا رہا ہے مگر نظام بدلنے کی بات کوئی نہیں کرتا۔
    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کی 37.8 فیصد آبادی کراچی میں ہے اور کراچی کے آئی ڈی سی کے دو سو ارب روپے بنتے ہیں۔ کراچی ملک کو چلا رہا ہے مگر اسے مناسب وسائل نہیں ملتے۔ ’’کراچی دودھ دینے والی گائے ہے، اسے چارہ کب تک نہیں دو گے؟‘‘
    انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 140-اے صرف ہمارا مؤقف نہیں، پنجاب، وزیراعظم اور دیگر ادارے بھی اس کی تائید کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم پہلی بار اپنی تاریخ میں ایک نکاتی ایجنڈے پر قائم رہی ہے اور ہمارا دشمن بھی ہم پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔
    مصطفیٰ کمال نے آخر میں کہا کہ اگر صوبے اختیارات نہیں دیں گے تو پھر نئے صوبوں کی بحث ضرور اٹھے گی، کیونکہ عوام کو بنیادی حقوق دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

  • سونے کی قیمت میں آج تاریخی کمی ریکارڈ؛ فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

    سونے کی قیمت میں آج تاریخی کمی ریکارڈ؛ فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)عالمی ومقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 91ڈالر کی کمی سے 4ہزار 083ڈالر کی سطح پر آگئی۔ عالمی مارکیٹ میں کمی کے بعد ملک میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت بھی 9ہزار 100روپے کی کمی سے 4لاکھ 30ہزار 662روپے کی سطح پر آگئی۔اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 7ہزار 799روپے گھٹ کر 3لاکھ 69ہزار 223روپے کی سطح پر آگئی۔

  • پاکستانی نوجوان کی اے آئی میں نئی ایجاد، وقت اور سرمائے کی بچت کرنیوالا سافٹ ویئر تیار

    پاکستانی نوجوان کی اے آئی میں نئی ایجاد، وقت اور سرمائے کی بچت کرنیوالا سافٹ ویئر تیار

    لاہور (کنزیومر واچ نیوز)لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک سافٹ ویئر انجینئر نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایسا سافٹ ویئر تیار کیا ہےجس کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن میں وقت اور سرمائے کی بچت ہوگی۔ مطابق سافٹ ویئر انجینئر محمد عثمان بشیر کے تیار کردہ سافٹ ویئر کے ذریعے ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں کم لاگت اور کم قیمت والا مکالماتی ایجنٹ فراہم کیا جاتا ہے جسے رئیل ٹائم کمیونیکیشن کیپبلٹیز ویب آر ٹی سی سےملا کر استعمال کیا جاتا ہے۔محمدعثمان بشیر کو دبئی میں ٹیک نیکسٹ سمٹ میں ویب آر ٹی سی ایکسیلینس ایوارڈ آف ایشیا سےبھی نوازا گیا۔اس ایوارڈ کیلئے بھارت اور چین سمیت ایشیا کےدیگر ممالک سے80 درخواستیں آئی تھیں۔محمدعثمان بشیر نےکانفرنسنگ آرکیٹیکچر بھی ڈیولپ کیا ہےجو ملٹی روم آڈیو کالز میں سنکرونائزیشن کو بہتر بناتا ہے۔

  • پورٹ قاسم پر 60 ارب کا ٹھیکہ، وزیراعظم کا نام غلط انداز سے استعمال ہونے کا انکشاف

    پورٹ قاسم پر 60 ارب کا ٹھیکہ، وزیراعظم کا نام غلط انداز سے استعمال ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) پورٹ قاسم اتھارٹی کی جانب سے ڈریجنگ کا 60 ارب روپے مالیت کا ٹھیکہ براہِ راست دینے کی کوشش اور اس کیلئے مبینہ طور پر وزیراعظم کی جانب سے فوری احکامات کا ’’جھوٹا جواز‘‘ پیش کرنے پر ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل نے اس معاملے میں وزیراعظم سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر کے نام لکھے گئے ایک خط میں ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے کہا ہے کہ اسے ایک شکایت ملی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پورٹ قاسم اتھارٹی اور حال ہی میں قائم کیے جانے والے ادارے نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز (این ڈی ایم ایس) مل کر بغیر کسی مسابقتی بولی (نیلامی) کے ملک میں میری ٹائم ڈریجنگ کا سب سے بڑا ٹھیکہ ایک نجی کمپنی کو دینے کی تیاری کر رہے تھے، یہ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) روُلز کی خلاف ورزی ہے۔
    شکایت کے مطابق، پورٹ قاسم اتھارٹی، کراچی پورٹ ٹرسٹ، گوادر پورٹ اتھارٹی اور نیشنل لاجسٹک کارپوریشن کے ساتھ تعاون کے ذریعے جولائی 2025ء میں قائم ہونے والا ادارہ این ڈی ایم ایس200 ملین ڈالرز (ساٹھ ارب روپے) کا ڈریجنگ کا ٹھیکہ براہِ راست کنٹریکٹ بنیادوں پر دینے جا رہا تھا۔
    شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس اقدام کو یہ حوالہ دے کر جائز بنانے کی کوشش کی گئی کہ وزیراعظم نے پورٹ قاسم پر ڈریجنگ میں تیزی لانے کیلئے ’’فوری اقدام کی ہدایت‘‘ کی ہے۔
    ٹرانس پیرنسی نے شکایت کا جائزہ لینے کے بعد بتایا ہے کہ بادی النظر میں الزامات درست لگتے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم پر ڈریجنگ کا کام گزشتہ 17 سال سے زیر التوا ہے، حالانکہ پورٹ قاسم اتھارٹی نے 2007 میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ چینل کو 14 میٹرز تک گہرا کیا جائے گا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ پورٹ قاسم اتھارٹی نے پہلے یہ ٹینڈر 2008ء میں جاری کیا تھا، جس میں کم سے کم بولی 10.7 ارب روپے کی لگائی گئی تھی لیکن یہ کارروائی بغیر کسی وضاحت کے منسوخ کر دی گئی۔
    کئی برسوں کی تاخیر اور عدم توجہی کے بعد اس کام کا تخمینہ بڑھ کر 60 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ پی پی آر اے روُلز کے معاملے میں استثنیٰ مانگنے کی کوشش بظاہر میری ٹائم کے شعبے کا سب سے بڑا ٹھیکہ ایک مخصوص کمپنی کو بغیر کسی مسابقتی نرخوں کا تعین کیے دینے کا معاملہ لگتا ہے جس کا نتیجہ قومی خزانے کو بھاری نقصان ہو سکتا ہے۔
    ٹرانس پیرنسی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وزیراعظم نے حال ہی میں لیاری ایکسپریس وے کا ٹھیکہ بغیر کسی ٹینڈر کے دیے جانے پر انکوائری کا حکم دیا تھا۔ تنظیم نے اپیل کی ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ پورٹ قاسم اتھارٹی کے اقدامات کا جائزہ لینےکیلئے اسی طرح کی انکوائری کا حکم دے۔
    ٹرانس پیرنسی نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ دو دہائی قبل جو کام 10 ارب روپے کی اصل کم ترین قیمت پر ہونے والے کام کو روکنے والے شخص کا احتساب کیا جائے، کیونکہ اس اقدام کی وجہ سے اس پروجیکٹ کے اخراجات 600 فیصد تک بڑھ چکے ہیں۔
    ٹی آئی پی نے وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ پورٹ قاسم اتھارٹی کو ہدایت دیں کہ وہ پی پی آر اے روُلز کے مطابق اوپن انٹرنیشنل ٹینڈرز جاری کرے، کیونکہ مسابقتی لحاظ سے تعین کے نتیجے میں پروجیکٹ کی لاگت کم رہنے کا امکان ہوتا ہے۔
    تنظیم نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ یہ تحقیقات کرائی جائیں کہ پورٹ قاسم اتھارٹی اور این ڈی ایم ایس نے ٹینڈرنگ کے عمل کو کیوں نظر انداز کرنے کی کوشش کی، خصوصاً اس وقت جب براہِ راست کانٹریکٹنگ سے اوپن بڈنگ کے مقابلے میں صرف تقریباً 30؍ دن کی ہی بچت ہوتی ہے۔

  • ویمن بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کی مہرین علی کی ڈبل سنچری، سری لنکا کو  شکست

    ویمن بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کی مہرین علی کی ڈبل سنچری، سری لنکا کو شکست

    کراچی (کنزیومر واچ نیوز)ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے مہرین علی نے پہلی ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔مہرین علی نے سری لنکا کے خلاف 78 گیندوں پر 230 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا، انہوں نے 39 چوکوں کی مدد سے 70 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔اس حوالے سے مہرین علی نے کہا کہ ریکارڈ قائم کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور والدین کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، اپنا یہ ریکارڈ پاکستان اور والدین کے نام کرتی ہوں۔میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 221 رنز سے شکست دی، 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 120 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔سری لنکا کی جانب سے میرانی نے 51 اور متیشا نے 29 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے نور فاطمہ، حوریہ ملک اور سمیرا ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • بشریٰ بی بی کے روحانی اثر کےباعث عمران اپنا اصلاحاتی ایجنڈا نافذ کرنے میں ناکام رہے، برطانوی جریدہ

    بشریٰ بی بی کے روحانی اثر کےباعث عمران اپنا اصلاحاتی ایجنڈا نافذ کرنے میں ناکام رہے، برطانوی جریدہ

    لندن (کنزیومرواچ نیوز)برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر خصوصی رپورٹ میں لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم کی بشریٰ بی بی سے تیسری شادی نے ناصرف ان کی ذاتی زندگی بلکہ ان کے انداز حکمرانی پر بھی سوالات کھڑے کیے۔ سینئر صحافی اوون بینیٹ جونز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ سابق وزیراعظم کے قریبی حلقوں کے مطابق بشریٰ بی بی اہم تقرریوں اور روزمرہ سرکاری فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتی تھیں جس سے عمران خان کے فیصلہ سازی کے عمل پر ’روحانی مشاورت‘ کا رنگ غالب ہونے کی شکایت پیدا ہوئی، بشریٰ بی بی کے روحانی اثر کے نتیجے میں عمران خان اپنے اعلان کردہ اصلاحاتی ایجنڈے کو نافذ کرنے میں ناکام رہے۔
    حساس ادارے کے کچھ افراد مبینہ طور پر معلومات بشریٰ بی بی تک پہنچاتے تھے: رپورٹ
    بعض مبصرین کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حساس ادارے کے کچھ افراد مبینہ طور پر ایسی معلومات بشریٰ بی بی تک پہنچاتے تھے جنہیں وہ عمران خان کے سامنے اپنی ’روحانی بصیرت‘ سے حاصل معلومات کے طور پر پیش کرتی تھیں۔
    رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کے حساس ادارے کی بشریٰ بی بی میں دلچسپی کی پہلی علامت اُن کی عمران خان کے ساتھ خفیہ شادی کے فوراً بعد سامنے آئی۔
    دی اکنامسٹ کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ آئی ایس آئی نے یہ رشتہ نہیں کروایا تھا لیکن ایسے اشارے ضرور موجود تھے کہ ادارہ اس تعلق سے فائدہ اٹھا رہا تھا، پاکستانی میڈیا میں گردش کرنے والی ایک کہانی کے مطابق سابق انٹیلی جنس سربراہ جنرل فیض حمید نے بشریٰ بی بی کو نہایت باریک مگر مؤثر طریقے سے استعمال کیا۔
    فیض حمید نے بشریٰ بی بی کو نہایت باریک مگر مؤثر طریقے سے استعمال کیا: رپورٹ
    رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ حساس ادارہ اپنے ایک افسر کے ذریعے آئندہ ہونے والے واقعات کی معلومات بشریٰ بی بی کے کسی پیر تک پہنچاتا جو اُسے آگے بشریٰ بی بی تک منتقل کرتا اور یہ انفارمیشن بشریٰ بی بی عمران خان کے سامنے اپنی روحانی بصیرت سے حاصل معلومات کے طور پر پیش کرتی تھیں، جب وہ پیش گوئیاں درست ثابت ہوتیں تو عمران خان کا اپنی اہلیہ کی بصیرت پر یقین مزید پکا ہو جاتا۔دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دی اکانومسٹ کی خصوصی رپورٹ کی شریک مصنفہ بشریٰ تسکین نے بتایا کہ ’پہلے بھی بشریٰ بی بی کے جادو ٹونے پر رپورٹنگ ہوتی رہی،لیکن ہم نے اس پر کام شروع کیا تو ہمارے لیے بہت ساری معلومات حیران کن تھیں، سب سے زیادہ بشریٰ بی بی کا روحانی بصیرت کا لبادہ جو اوڑھا ہوا تھا اور عمران خان کو جس طرح انہوں نے کنٹرول کیا تو اس کے نتیجے میں ملک کا جو حال ہوا وہ سب کے سامنے ہے‘۔
    ایک سوال کے جواب میں سینئر صحافی کا کہنا تھا ’عمران خان کے جو سیاسی وعدے تھے وہ صرف باتوں کی حد تک تھے، ہم نے اس میں سے کسی ایک پر بھی عمل ہوتے نہیں دیکھا، ہم نے ان کی پارٹی کے سینئر ممبران، ان کی کابینہ میں شامل وزرا، ان کے ممبران پارلیمنٹ سمیت درجنوں افراد سے رابطہ کیا تو اکثریت نے اعتراف کیا کہ عمران خان کی ناکامی کی وجوہات انتظامی تھیں ناکہ اسٹیلشمنٹ کا عنصر ،جس کے بارے میں عمران خان نے بعد میں ایک رائے پیدا کرنے کی کوشش کی کہ وہ پارلیمانی جدوجہد کے حامی ہیں حالانکہ عمران خان کو لانے والے اور انہیں چلانے والے وہی لوگ تھے‘۔
    کالے جادو اور سیاست میں مداخلت سے متعلق سوال پر صحافی بشریٰ تسکین کا کہنا تھا ’اگر آپ کو یاد ہو کہ جب بشریٰ بی بی کی شادی ہوئی تھی تو جمائمہ نے ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں کالے جادو کا تذکرہ تھا لیکن بین الاقوامی میڈیا نے اس معاملے کو اس طرح سے رپورٹ نہیں کیا، جب ہم نے اس معاملے کو دیکھنا شروع کیا تو ہمارے لیے یہ بہت مشکل تھا کہ ہم اپنے ادارے اور بین الاقوامی آڈینس کو کالے جادو یا روحانیت سے متعلق کس طرح سے سمجھائیں گے حالانکہ پاکستان میں تو اس طرح کے معاملات عام ہیں لیکن خوش قسمتی سے ہم جن جن لوگوں سے ملے اور جو ثبوت ہمارے ہاتھ آئے تو اس سے ہمارے لیے چیزیں آسان ہوتی چلی گئیں‘۔
    خاور مانیکا نے ایک جملہ کہا ’Bushra Bibi is an evil genius’: بشریٰ تسکین
    ایک اور سوال کے جواب میں خاتون صحافی کا کہنا تھا ’بشریٰ بی بی کے پاس گزشتہ برس بڑا اچھا موقع تھا وہ ایک بڑا کراؤڈ جمع کرنے میں کامیاب ہو چکی تھیں لیکن وہ پانی کے بلبلے کی طرح بہت جلد ایکسپوز ہوگئیں‘۔
    بشریٰ بی بی کی جانب سے طلاق لیکر عمران خان سے شادی کرنے سے متعلق انہوں نے بتایا ’جب اس حوالے سے ہماری خاور مانیکا سے بات ہوئی تو انہوں نے ایک جملہ کہا ’Bushra Bibi is an evil genius’، آپ اس سے خود اندازہ لگا لیں، ظاہر ہے وہ تو ان (بشریٰ بی بی) کو بہت سالوں سے جانتے تھے اور جس طرح سے ان کی جو سوچ تھی اور ارادے تھے یا وہ جو کرنا چاہ رہی تھیں اس میں وہ کامیاب ہوئیں تو وہ ثبوت تھا، جو چیز ہمارے لیے دھماکے دار اور حیران کن چیز تھی وہ یہ کہ جب یہ خبر آئی کہ عمران خان کو ایک پیر اور روحانی شخصیت مل گئی ہے اور وہ ایک خاتون ہیں، جب یہ خبر آئی کہ عمران خان نے اپنے پیر سے شادی کر لی ہے تو یہ چیز ہمارے لیے ایک ناقابل قبول فیکٹ کے طور پر سامنے آئی‘۔
    بشریٰ بی بی کے پاس روحانی طاقت ہوتی تو عمران خان، انکی حکومت اور پارٹی کا یہ حال نہ ہوتا: رپورٹ کی شریک مصنفہ
    انہوں نے بتایا کہ ’اس حوالے سے ہم نے بہت سی روحانی شخصیات سے بھی رابطہ کیا کہ روحانیت کس طرح کام کرتی ہے، جادو ٹونہ کس طرح سے ہوتا ہے تو اکثریت نے کہا کہ ہم لوگ جس طرح بھی ہیں لیکن ہمارا مریدین کے ساتھ تعلق بہت ہی محتاط ہوتا ہے لیکن یہاں پر تو پیر نے مرید سے شادی کر لی ہے تو ہم اس کو نہیں مانتے‘۔
    بشریٰ تسکین کا کہنا تھا ’بشریٰ بی بی کے پاس ایسے ذرائع تھے جو انہیں معلومات فراہم کرتے تھے، اگر ان کے پاس روحانی طاقت ہوتی تو ان کا، عمران خان، پی ٹی آئی کا اور ان کی حکومت کا وہ حال نہ ہوتا جو ہوا، انہوں نے عوامی طور پر اور سیاسی طور پر کوئی چیز حاصل نہیں کی، میرے لیے سب سے زیادہ حیران کن بات یہ تھی کہ حکومت پاکستان کے روز مرہ کے معاملات، تقرر و تبادلے، آنا جانا اور ملنا ملانا ہر چیز جادو اور علم کی بنیاد پر ہونے لگی تھی‘۔
    عمران خان ایک ایٹمی ملک کو جادو ٹونے اور توہمات پر چلا رہے تھے: بشریٰ تسکین
    ان کا کہنا تھا ’25 کروڑ آبادی والے ایک جوہری ملک کا سربراہ جو کہ یہ دعویٰ کرتا ہے کہ ان کی پارٹی سب سے زیادہ عوامی مقبول پارٹی ہے اور سب سے بڑی پارٹی ہے وہ اپنی حکومت کے فیصلے جادو اور روحانیت کی بنیاد پر کررہے تھے، یہ چیزیں ہمارے لیے بہت ہی حیران کن تھیں‘۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

    اسلام آباد:(کنزیو مر واچ نیوز) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ پندرہ روز کے لیے 9.60 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم صنعت سے وابستہ ذرائع کے مطابق یہ اضافہ خلیجی خطے میں ڈیزل کی کمی کے باعث متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان زیادہ تر ڈیزل کویت سے درآمد کرتا ہے، تاہم کویت کی ایک ریفائنری میں مرمت کے باعث سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ یہ مرمت، جو نومبر کے آغاز میں مکمل ہونی تھی، مزید 15 روز کے لیے بڑھا دی گئی ہے جس سے علاقائی سطح پر ڈیزل کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کویت کی الزور ریفائنری کے تین میں سے دو یونٹس ہی مکمل طور پر فعال ہیں، جس کے نتیجے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی پیداوار کم ہو گئی ہے اور عالمی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

  • اسرائیلی فوج نے  2 بچے شہید کردیے، غزہ میں اجتماعی قبر سے 51 لاشیں برآمد

    اسرائیلی فوج نے 2 بچے شہید کردیے، غزہ میں اجتماعی قبر سے 51 لاشیں برآمد

    غزہ (کنزیومرواچ نیوز) اسرائیل کی غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، صیہونی فوج نے آج پھر غزہ سٹی، بیت لاہیا اور خان یونس میں فضائی حملے کردیے ، توپ خانے سے گولا باری کی گئی۔قابض فوج نے مغربی کنارے میں بھی 2 بچوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا، اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔مسلسل خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو نازک قرار دیدیا۔ انہوں نے مکمل امن کے لیے معاہدے کا احترام کرنے کی اپیل کردی۔دوسری جانب غزہ میں اجتماعی قبر سے 51 لاشیں ملی ہیں ، خان یونس سے اسرائیلی یرغمالی کی لاش برآمد کرلی گئی جو آج اسرائیل کے حوالے کی جائے گی ۔اسرائیل کی غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، صیہونی فوج نے آج پھر غزہ سٹی، بیت لاہیا اور خان یونس میں فضائی حملے کردیے ، توپ خانے سے گولا باری کی گئی۔قابض فوج نے مغربی کنارے میں بھی 2 بچوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا، اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔مسلسل خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو نازک قرار دیدیا۔ انہوں نے مکمل امن کے لیے معاہدے کا احترام کرنے کی اپیل کردی۔دوسری جانب غزہ میں اجتماعی قبر سے 51 لاشیں ملی ہیں ، خان یونس سے اسرائیلی یرغمالی کی لاش برآمد کرلی گئی جو آج اسرائیل کے حوالے کی جائے گی ۔غزہ کی سول ڈیفنس ادارےکے ترجمان نےکہا کہ اب بھی درجنوں خاندان تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی لاشیں تاحال نہیں نکالی جاسکیں۔سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ شدید تباہی اور محدود مشینری کے باعث ریسکیو ٹیموں کو ملبہ ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔غزہ کی سول ڈیفنس ادارےکے ترجمان نےکہا کہ اب بھی درجنوں خاندان تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی لاشیں تاحال نکالی جاسکیں۔
    سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ شدید تباہی اور محدود مشینری کے باعث ریسکیو ٹیموں کو ملبہ ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

  • کراچی: شارع فیصل پر گاڑیوں کی حد رفتار مقرر، سائن بورڈ لگا دیے گئے

    کراچی: شارع فیصل پر گاڑیوں کی حد رفتار مقرر، سائن بورڈ لگا دیے گئے

    کراچی (کنزیومرواچ نیوز)کراچی میں ای چالان کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد شہر کی سب سے بڑی سڑک شارع فیصل پر حد رفتار کے سائن بورڈ لگا دیے گئے ہیں۔ڈی ایس پی ایڈمن کاشف ندیم کے مطابق شارع فیصل پر کار جیپ وغیرہ کیلئے حد رفتار 60 کلو میٹر رکھی گئی ہے جبکہ ہیوی وہیکل بس ٹرک وغیرہ کے لیے حد رفتار 30 کلو میٹر مقرر ہے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل کی حد رفتار بھی 60 کلو میٹر مقرر کی گئی ہے، حد رفتار سے زائد سفر کرنے والی گاڑیوں کے کیمروں سے خود کار چالان ہوں گے۔خیال رہے کہ حکومت سندھ نے حال ہی میں ای چالان کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کا مقصد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ٹریفک قوانین کی پاسداری بھی ہے۔اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں اور عوام کی جانب سے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا بھی ہے تاہم سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔