اسلام آباد:(کنزیومر واچ نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بتایا گیا کہ ہیکرز نے 3 لاکھ 50 ہزار حج درخواست گزاروں کا ذاتی ڈیٹا ڈارک ویب پر اپلوڈ کر دیا ہے، جس پر اراکین پارلیمنٹ نے شدید تشویش کا اظہارکیا۔کمیٹی اجلاس کی صدارت سینیٹر پلوشہ خان کر رہی تھیں، جنہوں نے معاملے کو “قومی سلامتی اور عوامی اعتماد” کامسئلہ قرار دیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے چیئرمین نے انکشاف کیا کہ متاثرہ افراد میں 2026 کے حج کیلیے درخواست دینے والے شہری بھی شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ یہ نیا ڈیٹا لیک ہے یا 2022 کے لیک سے منسلک ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حج درخواست گزاروں کے علاوہ سم کارڈ صارفین کا ڈیٹا بھی متاثر ہوا ہے۔کمیٹی اراکین نے حکومت کی جانب سے طویل عرصے سے زیر التوا ڈیٹا پروٹیکشن بل پر عدم پیش رفت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ “قانون جو اس ڈیٹا چوری کو روک سکتا ہے، وہی قانون ہمیں منظور نہیں کرنے دیا جا رہا ہے ۔”کمیٹی چیئرپرسن نے نیشنل سائبرکرائم ایجنسی (این سی سی اے) کی اہلیت پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی ذمہ داری نئی ایجنسی کو کیسے دی جا سکتی ہے؟ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے این سی سی اے کو تحقیقات کی قیادت سونپی ہے۔کمیٹی کے اراکین نے الیکشن کمیشن اور نادرا کے ڈیٹا کی سیکیورٹی پر بھی سوالات اٹھائے۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے خبردار کیا کہ ماضی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران ڈیٹا کا استعمال اسٹریٹجک ہتھیار کے طور پر کیا گیا تھا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کا انضمام آخری مراحل میں ہے اور ایک سے دو ہفتوں میں مکمل ہو جائیگا۔ 5G اسپیکٹرم نیلامی پر گفتگو کے دوران پی ٹی اے نے تکنیکی تیاری کی تصدیق کی، لیکن قانونی رکاوٹوں کا ذکر کیا۔کمیٹی نے Jazz کی جانب سے صارفین سے مبینہ طور پر 6 ارب روپے کی وصولی کے اسکینڈل کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سپردکر دیا۔ آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ Jazz نے مختلف پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کرکے صارفین سے بھاری رقوم وصول کیں۔کمیٹی نے موبائل نیٹ ورکس کی ناقص کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہارکیا۔
Blog
-

ایشیا کپ: پاک بھارت میچ کیلئے ٹکٹس کی مانگ میں اضافہ، قیمت بڑھ گئی
دبئی (کنزیومر واچ نیوز)ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اگلا اہم میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔دنیائے کرکٹ کے بڑے ٹاکرے کے پیش نظر پاک بھارت سپر فور میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔میچ کے لیے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت ساڑھے 350 درہم یعنی تقریباً 27 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے میچ میں ہینڈ شیک کا تنازع سامنے آیا تھا جس میں میچ ریفری اینڈ پائیکرافٹ نے پاکستانی کپتان کو بھارت کپتان سے ہینڈ شیک کرنے سے منع کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آئی سی سی سے اینڈ پائیکرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم اینڈی پائیکرافٹ نے اس واقعے پر پاکستان کے کپتان سے معافی مانگ لی۔
-

حکومت کا اہم قدم، پاکستان میں انٹر نیٹ اسپیڈ تیز ہونے کا امکان
اسلام آباد(کنزیومرواچ نیوز) پاکستان میں آئندہ 12 سے 18ماہ کے دوران انٹر نیٹ کی رفتار تیز ہونے کا امکان ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ 12 سے 18 ماہ کے دوران پاکستان کو 3 نئے سب میرین کیبلز کے ذریعے عالمی نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا، کمیٹی کو بتایا گیا کہ تینوں کیبلز کے معاہدے پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔وزارتی حکام کے مطابق نئے سب میرین کیبلز پاکستان کو براہِ راست یورپ سے جوڑیں گی جس سے موجودہ محدود راستوں پر انحصار کم ہو گا اور ملک کا انٹرنیٹ انفرا اسٹرکچر مضبوط ہوگا، اس اقدام سے نہ صرف بین الاقوامی کنیکٹیویٹی بہتر ہوگی بلکہ آن لائن خدمات میں رفتار اور معیار میں بھی اضافہ متوقع ہے۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن کے سیکرٹری زرار ہاشم خان نے کہا کہ ان منصوبوں سے بینڈوڈتھ کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا اور صارفین کے لیے ایک مستحکم اور قابل اعتماد انٹرنیٹ سروس کو یقینی بنائیں گے۔کمیٹی کے رکن صادق میمن نے حالیہ انٹرنیٹ مسائل پر سوال اٹھایا جس پر وزارت آئی ٹی نے یقین دہانی کرائی کہ نئے سب میرین کیبلز کی آمد سے طویل مدتی کنیکٹیویٹی کے مسائل حل ہوجائیں گے اور آن لائن خدمات میں بہتری آئے گی۔
-

سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد(کنزیومرواچ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے لاکھوں افراد کا ڈیٹا جمع کرلیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ایف بی آر ایک لاکھ امیر افراد کا آڈٹ کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ شادیوں پر بڑے اخراجات کرنے والے نان فائلرز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، شادیوں پر 20 ،20 ہزار ڈالر کے سوٹ استعمال کرنے والے پکڑ میں آئیں گے، بنگلوں، گاڑیوں اور زیورات کی نمائش کرنے والوں کو ذرائع آمدن بتانا ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف بی آر گزشتہ سال جمع کرائے گئے گوشواروں کا اس سال سے موازنہ کرے گا۔
-

جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمران خان کا ویڈیو لنک سماعت کا بائیکاٹ
راولپنڈی:(کنزیومر واچ نیوز)
جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ویڈیو لنک سماعت کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ویڈیو لنک بھی آف کر دیا جبکہ وکلاء بھی بطور احتجاج بائیکاٹ کرتے کمرہ عدالت سے نکل گئے۔
ویڈیو لنک ٹرائل کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کا نوٹیفیکیشن عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کے لیے درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے چیلنج درخواست سماعت کے لیے منظور کیی تھی۔ وکلائے صفائی فیصل ملک اور بیرسٹر علی بخاری نے دلائل پیش کیے۔
بانی پی ٹی آئی کے ویڈیو لنک حاضری کے خلاف دائر درخواست پر پراسیکیوشن ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جیل ٹرائل کو اے ٹی سی منتقل کرنا پنجاب حکومت کا ایگزیکٹو آرڈر ہے اور ایگزیکٹو آرڈر پر نظر ثانی آئینی عدالتی کا اختیار ہے۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بتایا کہ 2016 میں سی آر پی سی قانون میں ترمیم کے تحت ملزم کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کے منظور دی گئی، اے ٹی ایکٹ کی سیکشن 15،21 کے عدالت کا اختیار ہے کہ وہ ٹرائل کا فیصلہ کرے، حکومت ٹرائل کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی وجہ بتانے کی بھی پابند نہیں، ملزم کی ویڈیو لنک حاضری کے خلاف درخواست ٹرائل میں رکاوٹ ڈالنے اور وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اکرام امین منہاس نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے خلاف وکلاء صفائی کا اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنا انکا حق ہے لیکن ٹرائل نہیں روکا جا سکتا۔
وکیل بانی پی ٹی آئی محمد فیصل ملک نے کہا کہ ہم عدالت سے فیئر ٹرائل کا تقاضا کرتے ہیں، فیئر ٹرائل کے لیے ملزم کی ذاتی حیثیت میں حاضری ضروری ہے، ہمیں صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن کی کاپی کل ملی ہے، ہم اس کے خلاف ہائیکورٹ جائیں گے۔عدالت نے وکلاء صفائی سے استفسار کیا کہ کیا آپ اس درخواست پر مزید دلائل دینا چاہتے ہیں؟ وکلاء صفائی نے لیگل ٹیم سے مشاورت کے لیے آدھے گھنٹے کی مہلت مانگی جس پر ددالت نے سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا۔اہم گواہ فیملی سمیت بیرون ملک چلا گیا
کیس کا ایک اہم گواہ فیملی سمیت بیرون ملک چلا گیا۔ سب انسپکٹر تصدق کی آج گواہی تھی اور اس کی طلبی بھی کی گئی تھی، سب انسپکٹر تصدق کا دو ماہ قبل جزوی بیان بھی ریکارڈ ہو چکا تھا اور آج طلبی پر پیش نا ہونے پر علم ہوا کہ وہ بیرون ملک جا چکا، اس گواہ کی جگہ ارجنٹ دوسرے گواہ کو تفتیشی ٹیم لے آئی۔وقفے کے بعد سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو ویڈیو لنک تیار رکھنے اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر پیش ہونے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ آج ایک گواہ کا ویڈیو لنک لازم ہوگا، گواہ تیار ہے اور جیل سے ویڈیو لنک آن ہوتے ہی بیان ریکارڈ شروع ہو جائے گا۔عمران خان نے ویڈیو لنک سماعت کا بائیکاٹ کر دیا اور ویڈیو لنک بھی آف کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی وکلاء بھی بطور احتجاج بائیکاٹ کرتے کمرہ عدالت سے نکل گئے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی ویڈیو لنک پر تھوڑی دیر سامنے آئے۔دوران ویڈیو لنک وکلاء نے بانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سر یہ ویڈیو لنک سماعت غیر آئینی اور آپ کو آئیسولیشن میں رکھنے کے لیے ہے، ہم وکلاء بطور احتجاج بائیکاٹ کر رہے ہیں اور ہائی کورٹ بھی جا رہے ہیں۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ کا فیصلہ درست ہے اور میں بھی بائیکاٹ کرتا ہوں۔ عمران خان کے بائیکاٹ کہتے ہی ویڈیو لنک آف ہوگیا۔
عدالت نے کہا کہ بائیکاٹ کے باوجود عدالت اپنی کارروائی جاری رکھے گی۔ عدالت نے سرکاری گواہ کا بیان ریکارڈ کرنا شروع کیا اور پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ نے بیان ریکارڈ کروایا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج ہم بیان ریکارڈ کر لیتے ہیں، ملزمان وکلاء پھر جرح کر سکیں گے۔ سب انسپکٹر منظور کے بیان کی ریکارڈنگ کی گئی جبکہ دوسرے گواہ سب انسپکٹر سلیم بھی عدالت احاطہ موجود رہے۔جی ایچ کیو حملہ کیس سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی، دو گواہوں سب انسپکٹر منظور اور سب انسپکٹر سلیم کے بیان ریکارڈ کیے گئے۔ کیس کی سماعت اے ٹی سی امجد علی شاہ نے کی۔عمران خان کو عدالت پیش کرنے کی درخواست
وکیل صفائی فیصل ملک نے درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا کہ شفاف ٹرائل کے لیے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنا لازم ہے۔فیصل ملک ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ویڈیو لنک ٹرائل نوٹیفکیشن ہمیں کل جمعرات 5بجے دیا گیا، سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ اس نوٹیفیکیشن کو کل ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں نوٹیفکیشن چیلنج ہوگا۔وکیل صفائی فیصل ملک نے کہا کہ فئیر ٹرائل ملزم کے بغیر کیسے ہوگا دیکھتے ہیں، بانی چیئرمین کی عدالت طلبی درخواست دی ہے اور امید ہے آج عدالت طلبی کرے گی، یہ باہر کیا ماحول بنا دیا، حکومت خود فریق ہے اس لیے ویڈیو ٹرائل نہیں ہو سکتا۔راولپنڈی انسداد دہشتگردی عدالت میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، راولپنڈی پولیس کے 700 سے زائد پولیس اہلکار و افسران اے ٹی سی راولپنڈی تعینات کیے گئے۔ ٹریفک روانی کے لیے 50 سے زائد ٹریفک اہلکار و افسران ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے۔واضح رہے کہ عدالت نے آج 3 اہم گواہان کی طلبی کر رکھی تھی جبکہ 119 میں سے 27 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے۔ ڈھائی ماہ کے طویل وقفے کے بعد جی ایچ کیو حملہ کیس میں گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔عدالت کے باہر کمشنر آفس تا ضلع کونسل گیٹ روڈ مکمل سیل کی گئی۔ وکلاء، ملزمان، میڈیا کی گاڑیوں اور ڈی ایس این جیز کی یہاں پارکنگ بھی ممنوع قرار دی گئی۔
-

پاک سعودی ا معاہدہ اسلامی ممالک کے مشترکہ دفاع کا آغاز ہے، فضل الرحمان
کراچی (کنزیومر واچ نیوز)جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب دونوں ممالک کو آگے بڑھ کر اپنی صلاحیت کے مطابق اسلامی دنیا کی قیادت کرنی چاہیے۔
سندھ امن مارچ کے اختتام پر کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی صرف پاکستان کی نہیں امت کی، فلسطین، بیت المقدس کی آزادی اور قربانی دینے والوں کی آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ آج فلسطین پر قبضے کی بات ہورہی ہے مگر میں نے ایک ہفتے قبل پنڈی کے ایک جلسے میں کہا تھا کہ اسلامی دنیا کے درمیان ایک بلاک ہونا چاہیے، یہ جے یو آئی کا منشور ہے، جب تک مسلمان ممالک ایک دوسرے کے خلاف رہیں گے دنیا غلام بنائے گی۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ دوحہ اور قطر میں عرب اسلامی اتحاد کانفرنس اسلامی دنیا کے اتحاد اچھا آغاز ہے، لوگوں نے اس کانفرنس سے بہت توقعات وابستہ کیں تھیں مگر ہمیں دوحہ اجلاس سے کوئی بڑی توقعات نہیں تھیں، مگر یہ اسلامی بلاک کی طرف ایک قدم تھا، اس کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک سوچیں کہ رکاوٹ اور اختلاف کہاں ہے، جسے ختم کرنا اور متحد ہوکر آگے بڑھنا ضروری ہے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی قوت ضروری ہے، سعودی عرب کے بادشاہ نے ہمارے وزیراعظم کو بلاکر دو طرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے ہر مرحلے پر یہی بات کی کہ فلسطین، کشمیر، برما یا مسلمانوں کے حق کا سوال پیدا ہو تو سعودی عرب اور پاکستان دونوں اسلامی دنیا کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک اپنی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے اسلامی دنیا کی قیادت کریں۔اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے نظریے اور منشور کے مطابق دفاعی معاہدہ ہوا اور یہ اسلامی دنیا کے مشترکہ دفاع کی حکمت عملی کا آغاز ہے، ایسے مقاصد کی منازل بیک وقت طے نہیں ہوتیں بلکہ وقت لگتا ہےمولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں اور فلسطین کی آزادی کی بات کروں گا، پاکستان اور سعودی عرب کے حکمران مسئلہ فلسطین کے حل کیلیے دو ریاستی حل کی تجویز پیش کرتے ہیں جس سے ہم اسرائیل کے مقابلے میں اپنی کمزوری ظاہر کرتے ہیں اور اسرائیل اس کا ناجائز فائدہ اٹھاتا ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد جب 1947 میں پڑی تو ہم نے کہا کہ اسرائیل ناجائز وجود ہے اور فلسطین کی زمین پر قبضہ ہے، فلسطینی ایک فلسطین اور اسرائیل گریٹر اسرائیل کی بات کرتا ہے، ہمیں ہر فورم پر فلسطینی کی بات پر مضبوط مؤقف دینا چاہیے، کسی قسم کی لچک اسرائیل کی مضبوطی کا سبب بنے گی، فلسطین کا ساری زمین کا دعویٰ ہر اعتبار سے جائز ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ دنیا ہماری تجویز پر غور کرے، کمزور پوزیشن لینا مسئلے کے حل کو بند کرتا ہے۔ فضل الرحمان نے غزہ کی طرف سفر کرنے والے قافلے صمو فلوٹیلا کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ اس قافلے میں ہمارے ملک سے کچھ نوجوان شامل ہوئے، ہم اُس قافلے کو سلام پیش کرتے ہیں اور پاکستانی بھائیوں کو حوصلہ دیتے ہیں، انشاء اللہ یہ پوری قوم کی نمائندگی ہوگی۔اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک عوامی امن مارچ کیا، عظیم والشان جلسے کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بتانا چاہتا ہوں کے پی کے میں امن نام کی کوئی چیز نہیں ہے، بلوچستان میں امن تباہ ہے اور وہاں کے لوگوں کو اٹھا کر لاپتا کردیا جاتا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوئٹہ میں اس ظلم کیخلاف جمیعت علما نے آواز بلند کی، ہم اپنے منشور پر عمل کرنا جانتے ہیں جبکہ دوسری جماعتیں اپنے منشور پر نہیں چلتیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری راہوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں مگر ہماری آج بھی پُرامن جدوجہد جاری ہے۔ جے یو آئی نے عوام کو آواز دی تو آپ کو پتا چل جائیگا کہ اسلام آباد پر کیسے قبضہ ہوتا ہے۔فضل الرحمان نے کہا کہ ہم امن کی آواز ہیں اور ہر پاکستانی کا دل امن کا متلاشی ہے، ہم نے یہودیت کا مقابلہ کیا اور مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوئے، قادیانیت کی جس طرح ہم نے کمر توڑی، وہ اب کھڑے نہیں ہوسکتے -

بھارت کا ایک اور ڈرامہ، پاکستانی ٹیم کو نئے تنازع میں ملوث کرنے کی کوشش
دبئی(کنزیومر واچ نیوز)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہینڈ شیک تنازع ختم ہونے کے 24 گھنٹے بعد بھارتی میڈیا اور آئی سی سی میں کام کرنے والے بھارتی افسران نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ایک اور تنازع میں ملوث کرنے کی کوشش کی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سےمیچ ریفری کی معذرت کے دوران ویڈیو بنانے اور اسے میڈیا میں ریلیز کرنے پر اعتراض کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دبئی میں بدھ کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ایشیا کپ کے میچ سے قبل جب آئی سی سی حکام، ٹیم انتظامیہ کی موجودگی میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے معذرت کی، اس وقت پاکستانی ٹیم کے میڈیا منیجر نعیم گیلانی نے ٹورنامنٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پلیئرز میچ آفیشلز ایریا میں فلم بندی کی۔آئی سی سی نے بدھ کو ہونے والے میچ سے قبل کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز ایریا (پی ایم او اے) کے پروٹو کول کی’بدانتظامی‘ اور’متعدد خلاف ورزیوں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک ای میل بھیجی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا نے پی سی بی کو لکھا ہے کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ کے ایک رکن میچ کے دن پی ایم او اے کی بار بار خلاف ورزیوں کے قصوروار قرار پائے ہیں۔ -

پاکستان میں انٹرنیٹ سست، بحالی میں مزید کتنا وقت لگے گا؟
اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز) وفاقی سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ضرار ہاشم نے کہا ہےکہ پاکستان آنے والی 2 متاثرہ کیبلز کی بحالی میں مزید 4 سے 5 ہفتے لگ سکتے ہیں۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ممبر کمیٹی صادق علی میمن نے انٹرنیٹ کی رفتار کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کہا جارہا ہے3 نئی کیبلز آرہی ہیں، اگر 3 نئی کیبلز آرہی ہیں تو انٹرنیٹ کے مسائل کیوں آرہے ہیں؟اس پر وفاقی سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ضرار ہاشم نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ یمن کے حالات کے باعث صورتحال گھمبیر ہے، 4 سے 5 کیبلز کٹی ہیں۔ضرار ہاشم کے مطابق یمن کے ساحل پر بہت ساری سب میرین کیبل کٹی ہوئی ہیں جب کہ پاکستان کو آنے والی 2 کیبلز متاثر ہوئی ہیں، متاثرہ کیبلز کی بحالی میں4 سے5 ہفتے لگ سکتے ہیں۔وفاقی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کمپنیوں نے بینڈوتھ متبادل روٹس پر منتقل کی ہے۔
-

افغان باشندے اور بھارتی فوج پاکستان میں ہونے والی دھشتگردی میں ملوث ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی (کنزیومر واچ نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے ہمارے پاس مستند شواہد موجود ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے اور بھارتی فوج کے افسران پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔جرمن جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا افغان مہاجرین کو پناہ کی بنیادی وجوہات غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی تھی، وہ وجوہات اب موجود نہیں ہیـں، پاکستان نے 40 سال تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے منظم اقدامات کیےگئےہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پرافغان مہاجرین کے انخلاءکی ڈیڈلائن میں متعدد بار توسیع کی، ہمارے پاس مستند شواہد ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بھارت میں پرتشدد واقعات بھارتی حکومت کی بڑھتی انتہاء پسند پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی جبکہ بیرونی مسائل کو اندرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارتی فوجی افسران کے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ہیں، پاکستان بھارتی دہشت گردی کے ثبوت اقوام عالم کے سامنے متعدد مرتبہ پیش بھی کر چکا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی ریاستی ادارے بشمول آرمی شدت پسند سیاسی نظریات کے زیر اثر ہیں جبکہ پاکستان کی ریاست تمام غیرریاستی عناصرکوبلا تفریق مستردکرتی ہے، پاکستان میں کسی بھی جیش یا مسلح جتھوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، ریاست کے علاوہ کوئی گروہ یا شخص جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بےپناہ قربانیاں دیں۔ان کا کہنا تھا امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار دہشت گردی میں استعمال ہو رہے ہیں، امریکا بھی اس اسلحے کے دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا معرکہ حق کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کا قائدانہ کردار اسٹریٹجک لیڈر کے طور پر سامنے آیا، امریکا نےکالعدم مجید بریگیڈ کوعالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے متعدد ہلاک دہشت گرد نام نہاد مسنگ پرسنز کی فہرست میں بھی شامل تھے۔چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا پاکستان کے برادر ملک چین کے ساتھ بھی تعمیری اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔
-

قرآن کو ترجمہ سے پڑھنا،زندگی سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے،مہتاب اکبر راشدی
کراچی (پ ر ) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدرمحترمہ سعدیہ راشد کی زیر صدارت حمد باری تعالیٰ، ذکر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، محفل میلاد اور رسم بسم اللہ سے سجی پرُوقار نونہال سیرت کانفرنس گزشتہ روز کراچی کے مقامی ہال میں ’’صدق و امانت: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے نمایاں پہلو‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوئی۔
مہمان خصوصی معروف دانشور مہتاب اکبر راشدی نے کہاکہ بچوں کو سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سبق لینا چاہیے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو صادق و امین اس لیے کہا جاتا تھا کہ آپ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور کبھی خیانت نہیں کی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ ہمارے لیے بہترین ترین رہنمائی ہے۔ ہادی برحق صلی اللہ علیہ وسلم نے وقت کی قدر، سچائی، ایمان داری، اچھے اخلاق اور رواداری، تحمل کی تعلیم دی۔حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جھوٹ سب برائیوں کی جڑ ہے، اس لیے ہمیشہ سچ بولنا اور دیانت داری اختیار کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی عزت و احترام کرنا سیکھیں، غلطی ہو تو اس کا اعتراف کریں اور خود احتسابی کی عادت ڈالیں، کیوں کہ یہی کامیاب انسان کی پہچان ہے۔ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ مبارکہ سے اعلیٰ ترین اخلاق کا درس ملتا ہے۔ قرآن کریم میں اہل ایمان کو روشن راستہ دکھایا گیا ہے، لہٰذا قرآن کو ترجمہ سے پڑھنا اور اس پر عمل کرنا ہماری زندگی کو سنوارنے کا درست ذریعہ ہے۔مہمان خصوصی کے خطاب سے قبل پرنور کانفرنس میں محفل نعت کا انعقاد کیا جس میں ہمدرد پبلک اسکول، ہمدرد ولیج اسکول، دی ایجوکیٹر کورنگی، اوسس گرامر اسکول، روز ہائوس گرامر اسکول، آئیڈا ریو، قائد اعظم رینجرز اسکول، جی سی ٹی ہلال اسکول، سینٹ جوزفس اسکول اور ماما پارسی گرلز سیکنڈری اسکول سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے حمد باری تعالیٰ اورمحفل میلاد میں نعتیہ کلام پیش کیے۔
نونہال مقررین نے کہاکہ رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت، طرزِ معاشرت، اخلاقِ حسنہ، رہن سہن غرض یہ کہ پوری حیاتِ اطہرکا ہرہرگوشہ قیامت تک آنے والے مسلمانوںکے لیے وہ سنہری معیارات ہیں ، جن پر عمل پیرا ہونے والوں کے لیے خود باری تعالیٰ نے دنیاوی کامیابی اور اُخروی نجات کا وعدہ کیا ہے اور ضمانت بھی دی ہے۔
نونہال سیرت کانفرنس کا اختتام پر نونہالوں لینہ صہیب راشدی، سیدہ آئمہ ارسلان اور مائدہ بنت ِانس کی رسم بسم اللہ بھی ادا کی گئی۔
