راولپنڈی(کنزیومر واچ نیوز) غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی لڑکی کے کیس میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی میں غیرت کے نام پر لڑکی سے متعلق اطلاع اسی دن مل گئی تھی کہ ایک لڑکی کی غیر فطری ) موت ہوئی ہے تاہم اہلخانہ نے پولیس کا دھیان ہٹانے کے لیے 3 دن بعد اغوا کی درخواست دی۔ سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ خاتون کو گھر میں قتل کرکے اسی رات شدید بارش کے دوران اسے دفنایا گیا اور قبرکا نشان تک بھی مٹایا گیا تھا مگر پولیس نے قتل کا پتا لگایا، جب ملزمان کو تفتیش کا شک ہوا تو اس پر سے دھیان ہٹانے کے لیے پہلی شادی اور اغوا وغیرہ کی باتیں کی گئیں مگر یہ سیدھا سیدھا قتل کا کیس ہے۔ واضح رہے کہ 17 اور 18 جولائی کی درمیانی شب راولپنڈی کے پیر ودھائی تھانے کی حدود میں شادی شدہ خاتون کو گلہ دبا کر قتل کر دیا گیا تھا اور پھر راتوں رات تدفین بھی کر دی گئی تھی۔خاتون کے قتل کے معاملے میں اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان نے گزشتہ رات خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان کے والد محمد الیاس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے گھر والے اسے رخصتی کا بتا کر لےکر گئے اور پھر دو روز بعد اطلاع ملی کہ لڑکی کو قتل کر دیا گیا ہے۔
Blog
-

ایران میں مسلح افراد کا عدالتی کمپاؤنڈ پر حملہ، 5 افراد جاں بحق
تہران (کنزیومر واچ نیوز)شمال مشرقی ایران کے شہر زاہدان میں مسلح افراد کے عدالتی کمپاؤنڈ پر اچانک حملے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ ایک منظم کارروائی کے تحت کیا گیا جس میں مسلح افراد نے عدالت کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ عرب میڈیا کے مطابق حملہ آور ججز کے کمروں میں گھس کر فائرنگ کرتے رہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔خبر رساں ایجنسی مہر نیوز کے مطابق جیش العدل نامی مسلح گروہ نے زاہدان میں عدالتی کمپاؤنڈ پر ہونے والے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ ادھر ملک کے مغربی حصے میں بھی ایک اور پرتشدد واقعہ پیش آیا۔ صوبہ مغربی آذربائیجان کے شہر سردشت کے نواحی گاؤں اغلان میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ایک اڈے پر حملہ کیا گیا، جس میں ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ ’مہر نیوز‘ کے مطابق یہ حملہ ایک دہشت گرد گروہ کی جانب سے کیا گیا، جو گاؤں میں قائم فوجی اڈے کو نشانہ بنا رہا تھا۔پاسدارانِ انقلاب کے مغربی آذربائیجان شہدا بیس کے ترجمان کرنل شاکر نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، تاہم حملے کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔ حکام نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ اس واقعے میں کرد علیحدگی پسند گروہ ملوث ہو سکتا ہے، جو ماضی میں بھی خطے میں ایسی کارروائیوں میں شامل رہا ہے۔ان دونوں حملوں نے ایران میں سلامتی کی صورتحال پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ زاہدان اور سردشت میں ہونے والی ان پرتشدد کارروائیوں کی تحقیقات جاری ہیں اور مقامی حکام ابھی تک ان کے پیچھے کارفرما عناصر کی نشاندہی کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ عوامی سطح پر بھی ان حملوں کے بعد تشویش اور بے یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے، جبکہ حکومت پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔
-

پاکستان کا بھارت میں منعقدہ کسی بھی اسپورٹس مقابلے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)پاکستان نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تمام کھیلوں کی ٹیموں کو ہمسایہ ملک بھارت جانے سے روک دیا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی طرف سے باقاعدہ طورپر اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ ترجمان پی ایس بی کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس بی بورڈ کی 34ویں اجلاس میں کیا گیا جو 23 جولائی 2025 کو منعقد ہوا۔ سرکلر میں تمام نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو سختی سے اس ہدایت کی پابندی کرنے کا کہا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئی بھی اسپورٹس فیڈریشن پاکستان اسپورٹس بورڈ کی اجازت کے بغیر بھارت میں ہونے والے کسی اسپورٹس ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا۔اس نوٹیفکیشن کے بعد قومی ٹیم کی ایشیا ہاکی کپ میں شرکت نہیں ہوسکے گی۔ نوٹیفکیشن میں کوئی مدت کا تعین نہیں کیا گیا۔ -

بارشوں کاطاقتور اسپیل تیار، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
لاہور (کنزیو مر واچ نیوز)پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا ایک اور اسپیل 28 جولائی سے شروع ہو گا، 28 سے 31 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاءالدین، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالا اور حافظ آباد میں بارش کا امکان ہے۔نئے اسپیل کے تحت نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق 29 سے 31 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے شدید بارشوں کے باعث مری اور گلیات میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارشوں کے باعث کچے مکانات اور مخدوش عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔خیال رہے کہ پنجاب بارشوں کے گزشتہ اسپیل کے دوران مختلف حادثات میں 252 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ بڑی تعداد میں گھروں اور سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
-

سیلفی کا جنون، 2 نوجوان ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق
چکوال (کنزیومر واچ نیوز) لکھوال ڈیم میں سیلفیاں لیتے 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطا بق لکھوال ڈیم میں نوجوان سیلفیاں لے رہے تھے، اسی دوران دونوں نوجوان پاؤں پھسلنے سے ڈیم میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکال کر ڈی ایچ کیو منتقل کردیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع دکی میں انبار ندی کے کنارے کھیلتے ہوئے 4 بہنیں بھی ڈوب کر جاں بحق ہوگئی تھیں۔
-

جمائمہ نے قاسم اور سلیمان کو پاکستان جانے سے روک دیا
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز)تحریک انصاف کے بانی کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کوان کی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ نے امریکا سے واپس لندن بلالیا ہے اور انہیں بانی کی بہنوں اور دوسرے رشتہ داروں سے لاحق ہونے والے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے پاکستان جانے سے ایک مرتبہ پھر روک دیا ہے۔ پاکستان میں تحریک انصاف کی قیادت کو امریکا میں قیام کے دوران دونوں کے ساتھ روا رکھی گئی سرد مہری سے سخت مایوسی ہوئی ہے جس میں امریکا تحریک انصاف، امریکی انتظامیہ اور تحریک انصاف کے روایتی طرفدار لابی نے بھی انہیں اہمیت نہیں دی۔امریکا میں تحریک انصاف کے گروپوں میں دورے کی ناکامی کے لئے ایک دوسرے پر سخت الزام عائد کرنے کا سلسلہ شر وع ہوگیا ہے۔ حد درجہ لائق اعتماد تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان سے جمائما گولڈ اسمتھ کو تحریک انصاف کے ان لوگوں نے جن سے اس خاتون کی شناسائی ہے پیغامات ارسال کئے تھے کہ قاسم اور سلیمان کو پاکستانی انتظامیہ اور سلامتی کے اداروں سے کہیں زیادہ بانی کی بہنوں سے خطرات ہوسکتے ہیں جنہوں نے جمائما گولڈ اسمتھ کو اپنی بھاوج کے طور پر کبھی قبول نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کبھی اس کے بچوں کے ساتھ لگاؤ ظاہر کرتے دیکھا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی نے اپنی رہائی کے لئے جس تحریک کو پانچ اگست تک نقطہ عروج پر لے جانے کے لئے ہدایات جاری کی تھیں وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ شروع ہونے کے امکان سے بھی محروم ہورہی ہے، ان لوگوں نے قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد سے بے پناہ توقعات وابستہ کر رکھی تھیں اب وہ سخت بددلی کا شکار ہوگئے ہیں۔ْتحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دوسرے مرکزی عہدیداروں کے بیانات سے صاف طور پر ظاہر ہونے لگا ہے کہ وہ سخت دلبرداشتہ ہیں انہیں اس خوف نے ہراساں کردیا ہے کہ ان کے وفاقی ا ور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی بڑی تعداد ہفتے عشرے میں گرفتار کرلی جائے گی۔
-

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا چین کا سرکاری دورہ ، سیاسی اور عسکری قیادت سسے ملاقات
بیجنگ(کنزیومر واچ نیوز) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا ہے، جہاں اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار اور پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط کرنے کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چین کے سرکاری دورے پر موجود ہیں، اس موقع پر فیلڈ مارشل نے بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی ازسرِ نو توثیق کی گئی۔ملاقاتوں میں خطے اور دنیا کی بدلتی سیاسی صورتحال، پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے اور مشترکہ جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون اور طویل مدتی علاقائی استحکام کے عزم کو دہرایا گیا، چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کو جنوبی ایشیا میں امن کی ضامن اور ایک مضبوط قوت قرار دیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے نائب چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) جنرل ژانگ یو ژیا، پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی اور پی ایل اے آرمی کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جن سے بھی ملاقاتیں کیں۔
پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں مسلح افواج کے درمیان دیرینہ دوستی کی علامت تھا۔فیلڈ مارشل کی چینی عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات، باہمی تربیت، دفاعی جدیدیت اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی، فریقین نے ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل ہم آہنگی اور اسٹریٹجک تعاون کو بڑھانے پر بھی زور دیا۔چینی عسکری قیادت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا، فیلڈ مارشل نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور فوجی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی و عسکری تعلقات کی بڑھتی ہوئی گہرائی کا عکاس ہے، دورہ اس امر کو اجاگر کرتا ہے کہ علاقائی سلامتی کو مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط اور مسلسل مشاورت ناگزیر ہے۔
-

اسلامو فوبیا کے خلاف اجتماعی اقدام ناگزیر ہے، اسحٰق ڈار
نیویارک(کنزیومر واچ نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کے موضوع پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا عالمی سطح پر بڑھتا ہوا خطرہ ہے، جس کے سدباب کے لیے دنیا کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف اجتماعی اقدام ناگزیر ہے اور عالمی برادری کو اس حساس مسئلے پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو ان کا بنیادی حق حقِ خودارادیت دیا جائے، جس کا وعدہ خود اقوام متحدہ کی قراردادوں میں موجود ہے۔نائب وزیراعظم نے اجلاس کی صدارت کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون انسانیت کو درپیش بحرانوں سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ او آئی سی نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر، بلکہ لیبیا، شام، افغانستان اور یمن سمیت دیگر شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہے کہ او آئی سی کا اقوام متحدہ کے ساتھ تعلق مزید مضبوط اور بامعنی ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ دو روز قبل سلامتی کونسل نے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا، جس میں رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی تنازعات کو پُرامن ذرائع جیسے مذاکرات، ثالثی یا عدالتی فیصلے سے حل کریں۔
-

دیامر سیلاب: ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی، 500 سے زائد گھر تباہ، 27 پل بہہ گئے
دیامر (کنزیومر واچ نیوز)ضلع دیامر سمیت گلگت بلتستان بھر میں سیلاب سے متعدد وادیوں کو شدید نقصان پہنچا، اب تک 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں 2 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔سیاحوں کی جنت کہلانے والے گلگت بلتستان کا ضلع دیامر اور اس کے سیاحتی مقام بابوسر میں چارروز قبل آنے والے سیلاب سے ہرطرف تباہی پھیلی ہوئی ہے۔چند روز قبل آنے والے تباہ کن سیلاب سے 500 سے زائد گھر تباہ ہو گئے جبکہ 10 سے 12 افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 12 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تباہ ہوئیں، 27 پل اور 22 گاڑیاں سیلاب کی نذر ہوگئیں جبکہ بجلی، پانی اور مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا۔فیض اللہ فراق نے بتایا کہ پورے گلگت بلتستان میں سیلاب کی صورتحال رہی، سیلاب سے متعدد دکانیں اور مویشی خانے تباہ ہوئے، گاڑیاں اور ہزاروں فٹ عمارتی لکڑی ریلوں میں بہہ گئی۔انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ مالی و جانی نقصانات ضلع دیامر میں ہوئے، بڑی بڑی چٹانیں سڑکوں پر آگئیں، متعدد افراد زخمی ہوئے اور واٹراسکیمز بہہ جانے سے پینے کا پانی ناپید ہو گیا۔ترجمان جی بی حکومت کے مطابق 300 سے زائد پھنسے مسافروں اور سیاحوں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے، مختلف علاقوں میں پانی کے بہاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سرچ آپریشن اور سڑکوں کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ پانی و بجلی کی بحالی کا کام بھی جاری ہے جبکہ تباہ شدہ وادیوں میں نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے ٹیمیں بھجوائی جا رہی ہیں۔
-

علما نے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ناگزیر قرار دیدیا
اسلام آباد(کنزیومر واچ نیوز) علمائے کرائم نے ماں اور بچے کی صحت کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ناگزیر قرار دےدیا۔اسلامی نظریاتی کونسل اور پاپولیشن کونسل کے اشتراک سے “اسلام میں تصور میزان و احسان ، وسائل وآبادی میں توازن، ہماری بقا، ہمارا مستقبل” کے موضوع پر جید علما کے ساتھ ایک روزہ مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کی۔مشاورتی اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر پروگرامز اور ریسرچ پاپولیشن کونسل ڈاکٹر علی محمد میر نے اپنے افتتاحیہ کلمات میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ماضی قریب اور بعید میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کمیونیکیشن پاپولیشن کونسل علی مظہر نے اسلام میں تصور میزان و احسان اور متوازن زندگی کی اہمیت کے حوالے سے شرکا کو چند اعداد و شمار پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 11 ہزار خواتین بوجہ حمل و زچگی موت کا شکار ہو جاتی ہیں۔دوران اجلاس علما کا مؤقف تھا کہ شرعی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ بچوں کی صحت کے تناظر میں والدین کا فرض منصبی بنتا ہے، ہاں یہ بات پیش نظر رہے کہ کوئی غیر شرعی طریقہ اختیار نہ کیا جائے اور نہ کوئی ایسا طریقہ اختیار کیا جائے جس کے طبی نقصانات ہوں۔
