کراچی:(پاکستان واچ نیوز)پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند 18 فروری 2026 کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات میں مزید بتایا گیا ہے کہ رمضان 1447 ہجری کے چاند کی پیدائش پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 01 منٹ پر ہوگی جب کہ 29 شعبان 1447 ہجری کو رمضان کا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 فروری کو موسم جزوی ابر آلود یا صاف رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے مختلف علاقوں میں چاند دیکھنے کے آخری اوقات بھی جاری کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 6 بج کر 58 منٹ شام، بلوچستان میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 47 منٹ شام، سندھ میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 24 منٹ شام، خیبر پختونخوا میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 13 منٹ شام، پنجاب میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 08 منٹ شام جب کہ گلگت بلتستان میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 6 بج کر 53 منٹ شام ہوگا۔
Blog
-

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ،پاکستان نے امریکا کو با آسانی شکست دیدی
کولمبو: ویب ڈیسک ..آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے امریکا کو باآسانی 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
کولمبو میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان 73 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے ہدف کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بناسکی۔یوں پاکستان نے 32 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے امریکا سے2024 میں شکست کا بدلہ لے لیا۔
امریکا کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔عثمان طارق کو سلمان مرزا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ۔
پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، عثمان خان ، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل تھے۔
پاکستان کی اننگز
امریکا کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا رہا۔ صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 54 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم ہوئی۔
لیکن پھر 54 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا بھی ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔
صاحبزادہ فرحان اور بابر نے دلکش شاٹس لگائے اور فرحان نے نصف سنچری مکمل کی۔پھر بابر 32 گیندوں پر 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔صاحبزادہ فرحان بھی 73 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
اس کےعلاوہ شاداب خان نے 12 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 190 رنز اسکور کیے۔ امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شاک وک نے4 وکٹیں حاصل کیں۔
امریکا کی اننگز
پاکستان کے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکا کا آغاز اچھا ہوا۔اوپنرز کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر اندریس گوس 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
امریکا کو دوسرا نقصان موناک پٹیل کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 3 رنز پر پویلین لوٹے۔اس کےعلاوہ شیان جہانگیر 49 اور شبھم رانجانے 51رنز بناکر نمایاں بیٹررہے۔ملند کمار نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
امریکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بناسکی۔پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3، شاداب خان نے 2، محمد نواز ، ابرار احمد اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
یوں پاکستان نے امریکا کے خلاف 32 رنز سےکامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں مسلسل دوسری جیت حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 15 فروری کو بھارت کے خلاف کھیلیں گے -

خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورت حال پر غور کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس
پشاور:(ویب ڈیسک )
خیبرپختونخوا کے ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کے حوالےسے فوج کو دی گئیں ذمہ داریاں پولیس، سی ٹی ڈی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورت حال پر غور کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی حکومت کے نمائندوں اور سینئر سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان، مشیر خزانہ مزمل اسلم اور وزیر قانون آفتاب عالم نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ اجلاس میں معیشت اور لا اینڈ آرڈر سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، متاثرہ علاقوں میں امن و امان بہتر ہوتے ہی سروسز سول انتظامیہ کے حوالے کی جائیں گی، ملاکنڈ میں اختیارات پولیس، سی ٹی ڈی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے اضلاع میں جہاں دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری ہے وہاں حالات بہتر ہونے کے بعد اختیارات پولیس کے حوالے کردیے جائیں گے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے مالی مسائل تفصیل سے زیر بحث آئے، وزیر اعظم کے سامنے صوبے کو درپیش مالی مشکلات اور مالی ایشوز دوبارہ تفصیل سے رکھے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا کو این ایف سی کا واجب الادا حصہ مل جائے تو کئی بڑے مالی مسائل حل ہو سکتے ہیں، کم وفاقی فنڈز کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت ضم اضلاع میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے، ضم اضلاع کے لیے موجودہ مالی وسائل ناکافی ہیں، آئندہ مالی مسائل کے حل کے لیے تجاویز دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ صوبے کی سفارشات وفاقی حکومت کے سامنے رکھی جائیں گی، وفاق کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا کے لیے زیادہ سے زیادہ مالی ریلیف دلایا جائے گا۔
مشیر خزانہ نے بتایا کہ آپریشنز کے باعث مارکیٹ بندش سے متاثرہ علاقوں کے روزگار پر بھی بات ہوئی، متاثرہ علاقوں میں تجارت کے متبادل انتظامات اور روزگار کے مواقع پر یقین دہانی کرائی گئی، وفاق اور صوبہ مل کر متاثرہ علاقوں کے مالی نقصانات کا ازالہ کریں گے۔
وزیر قانون آفتاب عالم نے بتایا کہ اجلاس میں امن و امان سے متعلق اہم اور تاریخی فیصلے کیے گئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی شرکت میں اجلاس میں اہم فیصلوں پر اتفاق ہوا، ملاکنڈ ڈویژن میں پاک فوج اپنی ذمہ داریاں صوبائی پولیس، سی ٹی ڈی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کی بحالی صوبائی حکومت، سول انتظامیہ اور عسکری قیادت کی بڑی کامیابی ہے، یہ فیصلہ خیبر پختونخوا پولیس پر اعتماد کے اظہار کا واضح ثبوت ہے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اسٹیک ہولڈرز اور قبائلی مشران کا اجلاس بلا کر انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت سیاسی و مذہبی اسٹیک ہولڈرز اور قبائلی مشران کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائے گی، صوبائی ایپکس کمیٹی میں طے پانے والے فیصلوں کو نیشنل ایپکس کمیٹی سے قبل یقینی بنایا جائے گا اور نیشنل ایپکس کمیٹی میں صوبائی فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ -

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: احسان عادل پاکستان سے اور پاکستان کیخلاف کھیلنے والے دوسرے کرکٹر بن گئے
کولمبو:(اسپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکی ٹیم میں شامل احسان عادل پاکستان سے اور پاکستان کے خلاف کھیلنے والے دوسرے کرکٹر بن گئے۔احسان عادل کو جسدیپ سنگھ کی جگہ امریکی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جسدیپ سنگھ کندھے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوئے۔اسکواڈ میں شامل ہونے کے بعد احسان عادل پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں امریکی ٹیم کا حصہ ہیں۔اس کے ساتھ ہی احسان عادل پاکستان سے اور پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔پنجاب کے شہر گوجرہ میں پیدا ہونے والے 32 سالہ احسان عادل نے 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کیا، انہوں نے 3 ٹیسٹ میچز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔احسان عادل کو پاکستان کی جانب سے ون ڈے کیپ 2013 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف دی گئی۔ انہوں نے 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 4 شکار کیے ، وہ 2015 کے ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں کھیلا۔بعد ازاں احسان عادل امریکا منتقل ہوگئے اور آج انہیں میچ سے قبل امریکا کی کیپ دی گئی۔خیال رہے کہ ان سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر گل محمد نے1952/53 میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔جس کے بعد وہ پاکستان منتقل ہوگئے اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف بھی ایک ٹیسٹ کھیلا۔
-

9ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلے کا کامیاب اختتام
کھاریاں(نمائندہ خصوصی )9واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلہ 9 فروری 2026 کو کھاریاں میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تھے۔پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک طویل پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد شریک ٹیموں کے درمیان جدید خیالات، حربی تجربات اور بہترین پیشہ ورانہ طریقوں کے تبادلے کے ذریعے عسکری مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق 5 فروری 2026 سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی، جس نے ایک حقیقت سے قریب اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا۔گزشتہ برسوں کے دوران PATS ایک باوقار اور انتہائی مسابقتی عسکری مشق کے طور پر ابھری ہے، جو پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی سیکھنے کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہے۔ یہ فورم عسکری تعاون، باہمی ہم آہنگی، رفاقت اور ٹیم اسپرٹ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، مملکتِ سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے مبصرین کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ملکی ٹیموں جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی مشق میں حصہ لیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے تمام شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، جسمانی و ذہنی برداشت، آپریشنل مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کثیر القومی مشقیں اجتماعی تیاری کو بہتر بنانے اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے پاکستان آرمی کی بنیادی اقدار کا اعادہ کرتے ہوئے “کردار، جرات اور صلاحیت” کو سپاہیانہ اوصاف قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی فوجیوں نے بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مشق کے دوران اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ مہارت، تنظیم اور نظم و ضبط کو سراہا۔
بعد ازاں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، جن میں نئے قائم شدہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے افسران، جوانوں اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور روایتی تربیت کے ساتھ ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ -

عمران خان کی جیل میں حالت سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جائے،سپریم کورٹ کی ہدایت
اسلام آباد:(پاکستان واچ نیوز)سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے عمران خان کی جیل میں حالت سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے وکلا کی ملاقات کے معاملے پر آج بھی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، جو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سماعت پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت زار کے بارے میں رپورٹ مانگی تھی۔ عدالت نے قرار دیا تھا کیس کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دوسرے فریق کو سنے بغیر آرڈر نہیں دیا جاسکتا۔آج سماعت کا آغاز ہوا تو چیف جسٹس پاکستان نے لطیف کھوسہ کو بات کرنے سے روک دیا۔اس موقع پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کی روشنی میں ہم نے تحریری جواب چیمبر میں جمع کرا دیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی اس وقت اٹک جیل میں تھے،جب آرڈر دیا گیا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے چیمبر میں تحریری رپورٹ 28 اگست 2023 کو جمع کرا دی تھی۔ رپورٹ کے ساتھ 5 اگست سے لے کر 18 اگست تک کی میڈیکل رپورٹ بھی شامل کی گئی تھی۔ اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ عدالتی حکم میں ذکر کردیں ہم نے رپورٹ جمع کرا دی تھی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے بعد ایسا کوئی آرڈر ریکارڈ پر نہیں ہے جس پر سپریم کورٹ نے اطمنان کا اظہار کیا ہو۔ ہم سلمان صفدر کو فرینڈ آف کورٹ مقرر کر رہے ہیں۔ ہمیں سلمان صفدر پر مکمل اعتماد ہے۔سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کردیا اور ہدایت کی کہ سلمان صفدر جائیں اور بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت زار کے بارے میں تحریری رپورٹ دیں۔ بانی پی ٹی آئی کو دستیاب سہولیات کے بارے میں بھی تحریری رپورٹ دیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ذہن میں رکھیں سلمان صفدر فرینڈ آف دی کورٹ ہیں ، انہیں جیل کے باہر انتظار نہ کرایا جائے۔ توقع ہے کہ احترام کے ساتھ ہمارے فرینڈ آف دی کورٹ کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے گی۔ فرینڈ آف دی کورٹ کو کوئی بھی مسئلہ ہو تو میرا ذاتی اسٹاف آفسر موجود ہے۔ایڈووکیٹ سلمان صفدر نے استفسار کیا کہ کیا میری رپورٹ جمع کرانے کا اسکوپ صرف لیونگ کنڈیشن تک ہی محدود ہے؟۔ آنکھ کے طبی معائنہ کے بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کچھ خدشات موجود ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ لیونگ کنڈیشن کی رپورٹ چیمبر میں جمع کرائیں۔بعد ازاں عدالت نے حکم نامہ جاری کردیا، جس میں بتایا گیا کہ کیس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان پیش ہوئے۔ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے تحت جو رپورٹ جمع کرائی گئی اس وقت بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے۔ یہ مناسب ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی لیونگ کنڈیشن کے بارے میں رپورٹ منگوائی جائے۔سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ سلمان صفدر بطور فرینڈ آف دی کورٹ اڈیالہ جیل جائیں۔ سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی کی جیل بریک تک رسائی دی جائے تاکہ وہ تحریری جواب داخل کر سکیں۔ کل تک تحریری رپورٹ فرینڈ آف دی کورٹ سلمان صفدر جمع کرائیں۔ کیس کی سماعت پرسوں تک ملتوی کی جاتی ہے۔سماعت کے اختتام پر ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ پھر روسٹرم پر آگئے اور استدعا کی کہ مجھے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے، جس پر سپریم کورٹ نے لطیف کھوسہ کو ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی اور آج ہی سلمان صفدر کو اڈیالہ جیل جانے کا حکم دیدیا۔
-

افغانستان میں تعلیم پر پابندی خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے، ملالہ یوسفزئی
لندن (پاکستان واچ نیوز)نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے اور تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ طالبان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہ رکھیں بلکہ انسانی حقوق کی بنیاد پر دباؤ بڑھائیں۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد ملالہ یوسفزئی کی تصویر بھی آویزاں کردی گئی جس کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ طالبان لڑکیوں اور خواتین کو بنیادی حقوق سے محروم کر رہے ہیں اور افغانستان میں تعلیم پر پابندی ایک خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ملالہ نے کہا کہ افغان لڑکیاں اب بھی خفیہ اور آن لائن تعلیم کے ذریعے ہمت سے آگے بڑھ رہی ہیں اور وہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ بے نظیر بھٹو دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک مثال ہیں۔پورٹریٹ کے اسپانسر حامد اسماعیل کے مطابق آکسفورڈ جیسی پروقار یونیورسٹی میں ملالہ کی تصویر کا آویزاں ہونا نہ صرف ملالہ بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے، ملالہ کے والدین نے بھی اس اعزاز پر شکر اور خوشی کا اظہار کیا۔
-

بھارتی بلےدیگر بلوں سے کہیں زیادہ طاقتور ہیں؛ سری لنکن کرکٹر
کولمبو (پاکستان واچ نیوز)سری لنکن کرکٹر بھانوکا راجاپکسا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کے ’بلے‘ دیگر کھلاڑیوں کے ’بلوں‘ سے مختلف ہوتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں سری لنکا کے بیٹر بھانوکا راجاپکسا نے بھارتی کرکٹرز کے بلوں سے متعلق ایک متنازع دعویٰ کیا ہے۔ان کے مطابق بھارتی کھلاڑی ایسے بلے استعمال کر رہے ہیں جو عام مارکیٹ میں دستیاب بہترین بلوں سے بھی کہیں زیادہ طاقتور ہیں۔راجاپکسا کا کہنا تھا کہ جب گیند ان بلوں سے ٹکراتی ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے بلے پر ربڑ کی کوئی خاص تہہ لگی ہو، جو اضافی پاور پیدا کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بلے عام کھلاڑیوں کے لیے خریدنا ممکن نہیں اور کرکٹ حلقوں میں یہ بات سب جانتے ہیں کہ چند مخصوص کھلاڑیوں کو ہی یہ سہولت حاصل ہے۔راجاپکسا کے مطابق یہی وجہ ہے کہ بھارتی بلے باز کم محنت میں بڑے شاٹس کھیلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ان کے اس بیان کے بعد کرکٹ شائقین اور ماہرین میں بحث شروع ہو گئی ہے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ یا کسی بھارتی کھلاڑی کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
-

سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ؛ چاندی کی قیمت مستحکم رہی
کراچی (پاکستان واچ نیوز)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ جبکہ چاندی کی قیمت مستحکم رہی۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 15 ڈالر کے اضافے سے 5 ہزار 35 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 1 ہزار 500 روپے کے اضافے سے 5 لاکھ 26 ہزار 262 روپے ہو گئی جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 1 ہزار 286 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 51 ہزار 184 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 8 ہزار 615 روپے پر مستحکم رہی جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 7 ہزار 385 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔
-

پاکستان کا کڑی شرائط کے تحت بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا امکان
لاہور (پاکستان واچ نیوز)پاکستان کی ثابت قدمی پر آئی سی سی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگیا، پاکستان کا کڑی شرائط کے تحت بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے حوالے سے اگلے 24 گھنٹے میں بڑے بریک تھرو کا امکان ہے۔پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کام کرگیا، آئی سی سی خود گھٹنوں کے بل چل کر منانے آگیا۔لاہور میں آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان مذاکرات پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے ورلڈکپ سے باہر کرنےکے بعد ازالے کے لیے فارمولہ تیار کر لیا ہے۔اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلادیشی بورڈ کے مابین تجاویز کا تبادلہ بھی ہوا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے باہمی رابطہ کار کے فرائض سرانجام دیے۔آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ آئی سی سی بورڈ سے تجاویز کی حتمی منظوری لیں گے۔بنگلادیش بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی اپنی حکومت کو ڈھاکا میں مذاکرات کے حوالے سے بریف کریں گے۔باہمی فارمولے پر اتفاق کے بعد آج دوپہر آئی سی سی اور بی سی بی میں دوبارہ رابطہ ہوگا۔
