Blog

  • ہانیہ عامر کا نکاح کب اور کس کیساتھ ہوگا، اداکارہ نے بتادیا

    ہانیہ عامر کا نکاح کب اور کس کیساتھ ہوگا، اداکارہ نے بتادیا

    کراچی (پاکستان واچ نیوز)نامور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے نکاح سے متعلق کمنٹ نے ایک بار پھر سے ان کی شادی کی افواہوں کو جنم دے دیا۔ اداکارہ ہانیہ عامر کی شادی سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا پر ان کے ایک کمنٹ پر رد عمل کے بعد دوبارہ زیرِ بحث آگئی ہیں، جس پر مداح حیران وپریشان ہیں۔ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی انسٹاگرام سیلیبریٹی ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر نہایت متحرک رہتی ہیں اور اکثر مداحوں سے براہِ راست گفتگو کرتی نظر آتی ہیں جب کہ وہ اکثر اپنے بولڈ انداز کے باعث وہ اکثر تنازعات کا حصہ بھی بن جاتی ہیں۔اس کے باوجود 28 سالہ اداکارہ کسی معاملے پر خاموش نہیں رہتیں اور عموماً ہر سوال کا کھل کر جواب دیتی ہیں اور ایسا ہی ایک موضوع ان کی شادی بھی ہے۔نامور پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کی منگنی میرب علی کے ساتھ ختم ہونے کے بعد سے ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے دوبارہ ایک ہونے کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔اگرچہ دونوں نے کسی قسم کی تصدیق نہیں کی، تاہم اداکارہ کی عاصم کے کنسرٹس میں موجودگی، انسٹاگرام پر ان کے گانوں کا استعمال، ان کے گھر میں خاندانی تقریب میں شرکت نے ان افواہوں کو دوبارہ جنم دے دیا ہے۔ حال ہی میں عاصم کے گھر قوالی نائٹ میں شرکت کے بعد شادی کی چہ مگوئیاں مزید تیز ہو گئیں ہیں جب کہ ہانیہ نے ہمیشہ کی طرح مزاحیہ انداز میں مداحوں کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی خبروں میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہانیہ اور عاصم رمضان میں شادی کرنے والے ہیں۔ ایک مداح نے براہِ راست سوال کیا کہ نکاح سحری کے بعد ہوگا یا افطار کے بعد؟
    جس پر اداکارہ ہانیہ عامر نے جواب دیا کہ ’دوپہر جمعہ‘
    اس جواب کے بعد مداح ایک بار پھر تذبذب کا شکار ہیں کہ آیا ہانیہ مذاق کر رہی ہیں یا واقعی اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔

  • دولت سے کونسی چیز خریدی نہیں جاسکتی ؟ایلون مسک نے بتادیا

    دولت سے کونسی چیز خریدی نہیں جاسکتی ؟ایلون مسک نے بتادیا

    نیویارک (فارن ڈیسک )دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کا کہنا ہے کہ دولت خوشی نہیں خرید سکتی، اور یہ حقیقت وہ لوگ بہتر طور پر سمجھتے ہیں جنہوں نے یہ بات کہی۔ایلون مسک، جو ٹیسلا، اسپیس ایکس اور دیگر بڑی کمپنیوں کے مالک ہیں، نے یہ بات حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہی۔ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ جملہ بالکل درست ہے کہ دولت سے خوشی نہیں خریدی جا سکتی، اور جس شخص نے یہ کہا وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جس پر صارفین نے مختلف انداز میں ردعمل دیا۔کئی صارفین نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر دولت خوشی نہیں خرید سکتی تو ایلون مسک انہیں 10 لاکھ ڈالر بھیج کر اس بات کو سمجھنے کا موقع دیں۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ فلسفیانہ باتیں کرنا اس وقت آسان ہو جاتا ہے جب کرایہ اور بل ادا ہو چکے ہوں۔کچھ افراد نے کہا کہ اگرچہ دولت خوشی کی مکمل ضمانت نہیں، لیکن اس کی کمی انسان کی زندگی پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔ بعض صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ حقیقی خوشی دوسروں کی مدد میں ہے، اور ایلون مسک کے پاس اربوں افراد کی زندگی بہتر بنانے کا موقع موجود ہے۔یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایلون مسک کی دولت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ فوربز کے مطابق حالیہ دنوں میں وہ دنیا کے پہلے شخص بنے تھے جن کی مجموعی دولت 800 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی۔

  • بسنت فیسٹول اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر

    بسنت فیسٹول اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر

    لاہور(نمائندہ خصوصی )تین روز تک رنگوں، قہقہوں اور پتنگوں سے سجی رہنے والی بسنت فیسٹول اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔مقررہ وقت ختم ہوتے ہی پتنگ بازی پر پابندی دوبارہ بحال کر دی گئی جبکہ اندرون لاہور کی فضاؤں میں گونجتی موسیقی اور روشن چھتیں آہستہ آہستہ خاموش ہونے لگیں۔سرکاری سرپرستی میں منائے جانے والے اس میلے کے اختتامی لمحات میں بسنت کے تیسرے اور آخری روز امن کی شمعیں فضاؤں میں چھوڑ کر محبت، بھائی چارے اور امید کا پیغام دیا گیا۔تقریب کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فضا دلکش مناظر سے بھر گئی۔مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل ہی اندرون شہر کی چھتیں خالی ہونا شروع ہو گئیں، جبکہ بسنت منانے کے لیے آنے والے مہمانوں کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔بیشتر گھروں کی چھتوں پر لگائی گئی لائٹس بند کر دی گئیں اور میوزک سسٹم و کیٹرنگ کا سامان اتارا جانے لگا۔صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ امید کی یہ شمعیں آئندہ برس مزید خوشیاں لے کر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہوریوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے اپنے تہوار اور ثقافتی ورثے کا خود تحفظ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لاہور اور پورے پنجاب کی خوشیوں کی محافظ ہیں، جن کی قیادت میں بسنت کا پرامن انعقاد ممکن ہوا۔

  • سونے کی قیمتوں کو پھر پر لگ گئے،آج پانچ ہزار سے زائد کا اضافہ

    سونے کی قیمتوں کو پھر پر لگ گئے،آج پانچ ہزار سے زائد کا اضافہ

    کراچی:(پاکستان واچ نیوز)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 53ڈالر کے اضافے سے 5ہزار 020ڈالر کی سطح پر آگئی۔عالمی مارکیٹ میں اضافے کے سبب فی تولہ سونے کی قیمت بھی 5ہزار 300روپے کے اضافے سے 5لاکھ 24ہزار 762روپے کی سطح پر آگئی۔اسی طرح، فی دس گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 544روپے بڑھ کر 4لاکھ 49ہزار 898روپے کی سطح پر آگئی۔سونے کے ساتھ ساتھ، فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 296روپے کے اضافے سے 8ہزار 615روپے کی سطح پر آگئی جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 296روپے کے اضافے سے 7ہزار 385روپے کی سطح پر آگئی۔

  • بھائی جیل میں اور بہن علیمہ خان کا بیٹا  بسنت کی خوشیاں منانے میں مصروف

    بھائی جیل میں اور بہن علیمہ خان کا بیٹا بسنت کی خوشیاں منانے میں مصروف

    اسلام آباد (رپورٹ: بےنظیر مہدی رضوی )بھائی جیل میں ہے، عمران خان کی رہائی کے نام پر پی ٹی آئی قیادت کو روزانہ لتاڑا جا رہا ہے، اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنوں کی اپیلیں دی جا رہی ہیں، مگر عملی تصویر کچھ اور ہی ہے؛ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں علیمہ خان کا بیٹا شیراز اپنے پورے خاندان کے ساتھ بسنت مناتا صاف نظر آتا ہے، جو علیمہ خان کے بیانیے پر سنجیدہ سوالات کھڑے کرتا ہے، ایک طرف وہ حکومت کو ظالم، جابر اور فاشسٹ قرار دیتی ہیں اور پارٹی قیادت سے مطالبہ کرتی ہیں کہ سب کچھ چھوڑ کر صرف عمران خان کے لیے کھڑی ہو جائے، تو پھر اسی حکومت کے زیرِ سایہ منائے جانے والے تہوار میں ان کا خاندان دل و جان سے شریک کیوں ہے؟ اگر یہی عمل پی ٹی آئی کے کسی عام کارکن یا رہنما کی جانب سے سامنے آتا تو فوراً عمران خان سے غداری کے فتوے جاری ہو جاتے، مگر یہاں خاموشی ہے، یہ جدوجہد نہیں بلکہ کھلا تضاد ہے، اور یہی دوہرا معیار آج کارکنوں اور عوام دونوں کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

  • خودکش حملے کا ماسٹرمائنڈ ہماری حراست میں ہے،، محسن نقوی

    خودکش حملے کا ماسٹرمائنڈ ہماری حراست میں ہے،، محسن نقوی

    اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد امام بارگاہ میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور حملے کا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے جبکہ حملہ آور کی جہاں ٹریننگ ہوئی اس حوالے سے ہمیں معلومات تھیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل کا دن پورے پاکستان کے لیے سیاہ دن تھا، تمام متاثرہ خاندانوں کے لیے ہم دعاگو ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل کا واقعہ ایسا تھا جس نے ہم سب کو ہلایا ہے، کل دھماکے کے بعد ہماری تمام ایجنسیاں اس کی لیڈ میں نکلیں، کل ساری رات آپریشنز چل رہے تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا پولیس نے ان تمام لوگوں کو جو ان سے جڑے ہوئے تھے یا ماسٹر مائنڈ تھے تقریباً سب لوگ پکڑے جا چکے ہیں، جس پر سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا اور تمام ٹیم کو مبارک باد دوں گا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے فوراً بعد نوشہرہ میں چھاپہ مارا گیا اور 4 سہولت کار گرفتار کیے گئے، جو داعش کا ماسٹرمائنڈ تھا وہ افغان ہے وہ بھی پکڑا گیا جبکہ چھاپے کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کا ایک اے ایس آئی شہید ہو گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مین ماسٹرمائنڈ کا تعلق داعش سے ہے وہ ہماری حراست میں ہے، اس واقعے کی پوری منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی ہے، جہاں اس کی تربیت ہوئی، اس کے حوالے سے بھی ہمیں معلومات تھیں، ٹوٹل چار لوگ گرفتار ہوئے ہیں، دو لوگوں نے ریکی کی تھی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ امید نہیں تھی کہ اتنی جلدی پکڑ لیں گے لیکن ہمارے اداروں نے بہت اچھا کام کیا، داعش کا سارا نیٹ ورک پکڑا گیا، یہ لوگ پیسوں کے لیے کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے کمیونٹی انٹلیجنس بہت ضروری ہے، اس کے لیے ہمیں کام کرنا ہے، میں آپ کو دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر ایک دھماکا ہو رہا ہے تو 99 روک رہے ہیں، میڈیا کو ہمیں بتانا چاہیے لیکن اس سے افراتفری پھیلتی ہے۔دھماکے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے انہوں نے یہ کام کیا اس پر اسلام آباد پولیس سے میٹنگ ہوئی ہے، ہمیں اپنے سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرنا ہو گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ داعش کو کوئی تو فنڈنگ کر رہا ہے، کسی نے تو ان کا بجٹ بڑھایا ہے، ان کی ساری فنڈنگ بھارت کر رہا ہے، ان کو تمام اہداف بھارت انڈیا دے رہا ہے، فرنٹ پر انہوں نے ان کو رکھا ہوا ہے، میں دعوی کر رہا ہوں کہ ایک دن دنیا کا ہر ملک بولے گا کہ ان کو کون اسپانسر کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز پر پیسہ لگتا ہے اور ان کو ڈالرز میں پیسہ آ رہا ہے، انہوں نے تین گنا اپنا بجٹ بڑھایا ہے، میرا ارادہ ہے کہ نائب وزیراعظم کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں بی ایل اے باقاعدہ ویڈیو بناتی ہے اور اس کے بعد وہ سانحہ ہوتا ہے، اس کے بعد وہ انڈیا کے میڈیا پر چلتی ہے، ان سے کوئی نہیں پوچھے گا کہ آپ بی ایل اے کی ویڈیو چلا رہے ہیں، انہوں نے پورا ایک سسٹم بنایا ہوا ہے اور وہ یہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان پر دہشت گردوں نے قبضہ کیا ہوا ہے اس میں کوئی صداقت نہیں وہ حملہ کرتے ہیں بلکہ وہ بزدلوں کی طرح بھاگ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب جنگ ہوتی ہے تو کیٹگری نہیں بنتی، جب جنگ ہے تو پھر جنگ ہے، ہم بہت کلئیر ہیں عوام کو بھی اس میں واضح ہونے کی ضرورت ہے۔

  • دہشتگروں کے مذموم عزائم کو  کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، وزیراعظم

    دہشتگروں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، وزیراعظم

    اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اسلام آباددھماکےکےتناظرمیں دنیابھرسےموصول ہونےوالےپیغامات پر مشکورہوں۔وزیراعظم شہبازشریف کاایکس پرپیغام میں کہا انسداددہشتگردی کی کوششوں میں دوستوں اور شراکت داروں کی حمایت ہمیشہ اہم رہی ہے،اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو پوری قوت کے ساتھ انصاف کے کٹہرے میں لایاجائےگا۔وزیراعطم نےمزیدکہادہشتگروں کےمذموم عزائم کوکبھی کامیاب نہیں ہونےدیاجائےگا،بہادرپاکستانی قوم متحد ہےاورہمیشہ کی طرح دہشتگردی کوشکست دینےکیلئےپرعزم ہیں دوسری جانب خودکش دھماکے کے بعد علاقے کی فضا اب بھی سوگوار ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں چار سے چھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں بال بیئرنگ بھی استعمال کی گئی۔ خودکش حملہ آور نےپہلےپستول سے چھ فائر کیے،مسجد کے مرکزی ہال میں جاکر خود کو اڑالیا،خودکش بمبار افغانستان سے تربیت یافتہ نکلا،ٹریول ہسٹری موجود،حملہ آور کا شناختی کارڈ جائے وقوعہ سے مل گیا۔مبینہ خودکش حملہ آورکی شناخت یاسرولدبہادرخان کےنام سے ہوئی ہے،حملہ آورمحلہ قاضیاں پشاور کا رہائشی تھا،پشاور سےخودکش بمبارے کے چار رشتےداروں کو بھی گرفتارکرلیا گیا،ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے،دھماکے میں شہید افراد کی اجتماعی نماز جنازہ گیارہ بجے ادا کی جائے گی۔

  • سپارکو نے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا

    سپارکو نے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا

    اسلام آباد: (پاکستان واچ نیوز)سپارکو نے پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپارکو نے خلا بازوں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کی کامیاب تکمیل پائی ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ابتدائی اسکریننگ کے بعد 2 امیدوار شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں، شارٹ لسٹ کیے گئے 2 پاکستانی امدواروں کے چین میں جامع طبی اور نفسیاتی ٹیسٹ مکمل ہوگیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار چائنا آسٹروناٹس سینٹر میں خلا بازی کی تربیت حاصل کریں گے، ٹریننگ کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر اور دوسرے کو نومبر میں خلائی مشن کیلئے منتخب کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں دو طرفہ ’’خلا باز تعاون معاہدے‘‘ پر دستخط ہوئے تھے، دو طرفہ معاہدہ وزیرِاعظم پاکستان کی قیادت میں طے پایا تھا، وزیرِاعظم کے وژن اور معاونت نے پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شمولیت کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چین نے اپنے خلا باز پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کیا، یہ تاریخی اقدام چین کی پاکستان کے ساتھ مضبوط حمایت کا مظہر ہے۔

  • بجلی مہنگی؛ فروری کے بلز میں صارفین پر اضافی بوجھ کی منظوری

    بجلی مہنگی؛ فروری کے بلز میں صارفین پر اضافی بوجھ کی منظوری

    اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بجلی فی یونٹ 28 پیسے مہنگی کی گئی ہے، جس کا اطلاق فروری کے ماہانہ بلوں میں کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس فیصلے سے مستثنا قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث ان صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں دسمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی۔ نیپرا نے اس درخواست کا جائزہ لینے کے بعد 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

  • ایران  کو پتا ہےمعاہدہ نہ کیا تو نتائج  سنگین ہونگے، امریکی صدر

    ایران کو پتا ہےمعاہدہ نہ کیا تو نتائج سنگین ہونگے، امریکی صدر

    واشنگٹن (فارن ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کر دی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اگلے ہفتے پھر شروع ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمان میں ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر ہونے والے مذاکرات کو “بہت اچھا” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور ایرانی وفود اگلے ہفتے ایک اور اجلاس کریں گے تاکہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔حالیہ مذاکرات مسقط، عمان میں عمان کے ثالثی کردار میں ہوئے، جس میں امریکی وفد اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے شرکت کی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران بھی سمجھتا ہے کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں نتائج “بہت سنگین” ہو سکتے ہیں۔دوسری جانب ایران نے بھی مذاکرات کو “اچھا آغاز” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مزید بات چیت جاری رکھنے پر متفق ہے۔