Blog

  • عالمی  مارکیٹ  میں سونے کی قیمتوں میں تیزی ،پاکستان میں بھی بڑا اضافہ

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تیزی ،پاکستان میں بھی بڑا اضافہ

    کراچی:(کامرس ڈیسک )سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں صرف ایک ہی دن کے وقفے سے آج پھر بڑا اضافہ ریکارڈ ہوگیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج ہفتے کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 117ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے بعد سونے کی نئی عالمی قیمت 4ہزار 967ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ۔دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں کاروباری ہفتے کے آخری روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی 11ہزار 700روپے کے اضافے سے 5لاکھ 19ہزار 462روپے کی سطح پر آگئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 030روپے بڑھ کر 4لاکھ 45ہزار 354روپے کی سطح پر آگئی۔ساتھ ہی ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 444روپے کے اضافے سے 8ہزار 269روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 381روپے کے اضافے سے 7ہزار 089روپے کی سطح پر آگئی۔

  • لاہور:  بسنت منانے کے لیے کراچی سمیت  دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ پہنچ گئے

    لاہور: بسنت منانے کے لیے کراچی سمیت دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ پہنچ گئے

    لاہور (پاکستان واچ نیوز)لاہور میں بسنت منانے کے لیے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ پہنچ گئے، جس کے باعث فضائی سفر اور دیگر انتظامات پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی، دبئی، شارجہ اور قطر سے لاہور آنے والی تقریباً تمام پروازیں فل ہو چکی ہیں، جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی پی آئی اے سمیت مختلف ایئرلائنز کی پروازیں اوور لوڈ ہو گئیں۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی بیشتر پروازیں پہلے ہی مکمل طور پر بک ہیں۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے باعث کراچی سے لاہور آنے کے فضائی کرایوں میں 5 سے 10 ہزار روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر مسافروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب بسنت کی تقریبات کے لیے درکار اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔شہریوں کے مطابق باربی کیو کا سامان، کوئلہ اور لکڑیاں مہنگی ہو چکی ہیں اور کئی اشیاء عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بسنت کی خوشیاں ہیں تو دوسری جانب مہنگائی نے جشن منانا مشکل بنا دیا ہے، سوال یہ ہے کہ بڑھتی قیمتوں میں بسنت کیسے منائی جائے۔

  • سونے کی قیمتوں میں تاریخ کی تیسری سب سے بڑی کمی

    سونے کی قیمتوں میں تاریخ کی تیسری سب سے بڑی کمی

    اسلام آباد (پاکستان واچ نیوز)عالمی و مقامی گولڈ مارکیٹس میں دو دن کی تیزی کے بعد سونے میں پھر بڑی گراوٹ دیکھی جارہی ہے۔
    عالمی ومقامی گولڈ مارکیٹس میں تاریخ کی تیسری سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی جارہی ہے،پاکستان میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کے دام 21400 روپےکم ہوکر 507762 روپے پرآگئے،دس گرام سونے کے بھائو 18347 روپے کی کمی سے 435324 روپے ہوگئے۔
    آج چاندی کی فی تولہ قیمت 1430 روپےکم ہو کر 7825 روپے پرآگئی،عالمی منڈی میں آج فی اونس سونا 214 ڈالرسستا ہوکر 4850 ڈالر پرآگیا،عالمی منڈی میں فی اونس سونا ایک بار پھر 5 ہزار ڈالر سے نیچے آگیا۔

  • خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 24 دہشتگرد ہلاک

    خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 24 دہشتگرد ہلاک

    پشاور (پاکستان واچ نیوز)خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج کو مؤثر طریقے سے ہلاک کر دیا گیا۔علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔آپریشن ردّالفتنہ کے نمایاں ثمرات، بلوچستان کے بدنام دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیےدوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔محسن نقوی نے 24 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

  • آپریشن ردّالفتنہ ، بلوچستان کے بدنام دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیے

    آپریشن ردّالفتنہ ، بلوچستان کے بدنام دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیے

    کوئٹہ:(پاکستان واچ نیوز)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن ردّالفتنہ کے تحت علاقے کے بدنام دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیے۔بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے بھائی میر آفتاب بگٹی کی کوششیں کامیاب ہوگئیں۔
    بلوچستان میں دہشتگردی، لوٹ مار اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے گروہ نے ریاستِ پاکستان کے سامنے سرنڈ کر دیا۔میراک خان چکرانی نے 25 ساتھیوں سمیت ریاست کے سامنے سرینڈر کر کے ہتھیار ڈال دیے۔سرنڈر کرنے والا گروہ ماضی میں ڈکیتی اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث رہا، سرنڈر کرنے والے عناصر نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی جمع کرایا۔میراک خان چکرانی نے شدت پسند عناصر کے خلاف چکرانی امن فورس میں شمولیت کا بھی اعلان کر دیا۔آپریشن ردّالفتنہ کی بہترین حکمت عملی سے بلوچستان کے دیگر شدت پسند اور جرائم پیشہ عناصر بھی جلد ریاست کے سامنے سرنگوں ہوں گے۔

  • بسنت بہار زندہ دلانِ لاہور کیلیے خوشیوں کی واپسی ہے،  وزیراعلیٰ پنجاب

    بسنت بہار زندہ دلانِ لاہور کیلیے خوشیوں کی واپسی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور (پاکستان واچ نیوز)لاہور میں 25 سال بعد تین روزہ بسنت بہار کے انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے زندہ دلانِ لاہور کے لیے خوشیوں کی واپسی قرار دیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں صرف پتنگیں نہیں بلکہ خوشیاں اڑ رہی ہیں، شہری پریشانیاں بھلا کر نیلے آسمان پر اڑتی گڈی کی طرف توجہ مرکوز کریں اور خوشیوں کے ہر لمحے میں اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی شریک کریں۔انہوں نے کہا کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے، تاہم تہوار کے موقع پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ بسنت کے تینوں دن عوام کی سہولت کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔ 419 بسیں شہریوں کی مفت آمدورفت کے لیے دستیاب ہوں گی جبکہ 60 ہزار سے زائد فری رائیڈز دی جائیں گی۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین میں 25 نشستوں پر مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ میٹروبس، فیڈر بسیں اور گرین بسیں بھی مفت سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔ بسنت کے موقع پر 6 ہزار Yango رکشوں پر بھی فری رائیڈ دستیاب ہوگی۔وزیراعلیٰ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔ مقررہ سائز اور معیار کے مطابق پتنگ اور ڈور استعمال کی جائے، ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے لیے دھاتی تار، تندی، بلٹ پروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال غیرقانونی قرار دیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن کے علاقوں میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ موٹر سائیکل اور موٹر سائیکل رکشوں پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازمی ہوگا۔مریم نواز شریف نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکانداروں سے QR کوڈ لگی پتنگیں اور ڈور خریدیں۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ عوام بالخصوص بچوں کی خوشیوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں اور پتنگ و ڈور مہنگی فروخت نہ کریں۔وزیراعلیٰ کے مطابق بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن انتظام کیا گیا ہے۔ ہر تحصیل میں 15 محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس ٹیمیں قائم کی گئی ہیں جبکہ تھرمل ڈرونز کے ذریعے نگرانی بھی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کھلی چھت پر پتنگ بازی کے دوران خصوصی احتیاط کی جائے، اگر منڈیر موجود نہ ہو تو چھت کے اطراف کم از کم نائیلون کی ڈور لگائی جائے، بصورت دیگر پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آخر میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پولیس، ٹریفک وارڈنز، انتظامیہ اور دیگر ادارے عوام کی مدد کے لیے موجود ہیں، شہری بھرپور تعاون کریں تاکہ بسنت کا تہوار خوشگوار اور محفوظ ماحول میں منایا جا سکے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ لاہور نے ثابت کردیا وہ زندہ دلوں کا شہر ہے، مریم نواز کے ایک ثقافتی فیصلے نے عوام کے دل جیت لیے ہیں، مریم نواز نے عوام کو بسنت کی شکل میں انکی خوشیاں واپس لٹائی ہیں۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ آج لاہور میں پورے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک سے اوورسیز اور غیرملکی شہری بسنت منانے آئے ہیں، عوام محفوظ بسنت منائیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔

  • سعودی عرب نے  حج ویزوں کے اجرا کی تاریخ کا اعلان کر دیا

    سعودی عرب نے حج ویزوں کے اجرا کی تاریخ کا اعلان کر دیا

    ریاض (پاکستان واچ نیوز)سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے ویزوں کے اجرا کا آغاز 8 فروری سے کیا جائے گا۔وزارت کے مطابق ویزوں کے اجرا کا عمل اس سال معمول سے پہلے شروع کیا جا رہا ہے تاکہ حج انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین کے لیے فراہم کی جانے والی تمام خدمات کے سو فیصد معاہدے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسی طرح مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش سے متعلق تمام معاہدے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے طے پا چکے ہیں۔سعودی حکام کے مطابق اب تک 7 لاکھ 50 ہزار عازمین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 30 ہزار عازمین اپنے اپنے ممالک سے براہِ راست حج پیکجز بھی بک کروا چکے ہیں۔وزارت نے مزید بتایا کہ ویزوں کے اجرا کا یہ ابتدائی مرحلہ حج 2026 کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد حج انتظامات کو مزید منظم بنانا اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

  • 9واں آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ شروع ،پاکستان میں عالمی عسکری ٹیموں کا اجتماع

    9واں آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ شروع ،پاکستان میں عالمی عسکری ٹیموں کا اجتماع

    راولپنڈی(نمائندہ خصوصی )نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں 9ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلہ 2026ء کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد دوست ممالک کی افواج کے درمیان عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ایک سینئر فوجی افسر نے شرکت کی، جس کے ساتھ ہی 60 گھنٹے طویل پیٹرولنگ ایکسرسائز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔مقابلے میں 19 دوست ممالک کی 24 بین الاقوامی ٹیمیں اور عسکری مبصرین شریک ہیں۔ شریک ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، مملکتِ سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، ریاستہائے متحدہ امریکا اور ازبکستان شامل ہیں، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ مبصرین کی حیثیت سے شریک ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ملکی ٹیمیں بھی مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی اس مشق کا حصہ ہیں۔پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مشن مخصوص اور ٹاسک اورینٹڈ پیشہ ورانہ عسکری مشق ہے، جس کی میزبانی ہر سال پاکستان میں کی جاتی ہے۔ اس مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور عسکری مہارت کے اعلیٰ ترین معیار درکار ہوتے ہیں، جبکہ قریب از حقیقی عملی ماحول میں ذیلی حربی مشنز کے دوران تیز رفتار فیصلہ سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔اس مشق کا بنیادی مقصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے استقامت کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق بنیادی سپاہیانہ اوصاف کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ شریک افواج کے درمیان باہمی تعاون، اختراعی خیالات کے تبادلے اور بہترین عملی تجربات کی شیئرنگ کے ذریعے انٹرآپریبلٹی کو مزید مضبوط بناتی ہے۔

  • قازقستان کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال،  معاہدوں پر دستخط

    قازقستان کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال، معاہدوں پر دستخط

    اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت کا وزیراعظم ہاؤس پہنچے پر پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر صدر قازقستان قاسم جومارت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا تعارف کروایا جب کہ صدر قازقستان نے وزیراعظم کو اپنے وفد کے اراکین سے متعارف کرایا۔اس موقع پر صدرِ قازقستان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارتی وفود شریک تھے۔ استقبالیہ تقریب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
    مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط
    ملاقات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے، جسے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ ان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں سے متعلق تعاون، کان کنی اور پیٹرولیم کے شعبے میں شراکت داری، قیدیوں کے تبادلے اور میری ٹائم سیکٹر میں تعاون شامل ہے۔پاکستان اور قازقستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے، کسٹمز کے شعبے میں تعاون اور محکمہ ریلوے میں شراکت داری سے متعلق معاہدوں کی دستاویزات کا بھی تبادلہ ہوا۔ ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور نقل و حمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون، ورچوئل اثاثوں میں شراکت داری، پروٹیکشن اور ویٹرنری کے شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا۔ تقریب میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی کیا گیا۔حکام کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مستقبل کے تکنیکی تعاون اور ڈیجیٹل شراکت داری کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔مفاہمتی یادداشت اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے۔

  • اقوامِ متحدہ کی بلوچستان  میں حملوں کی  مذمت، دہشت گردی کو بزدلانہ قرار دے دیا

    اقوامِ متحدہ کی بلوچستان میں حملوں کی مذمت، دہشت گردی کو بزدلانہ قرار دے دیا

    نیو یارک (فارن ڈیسک )اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں “سنگین اور بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائیاں” قرار دیا ہے۔جاری کیے گئے ایک بیان میں سلامتی کونسل نے کہا کہ 31 جنوری 2026 کو بلوچستان بھر میں ہونے والے یہ حملے انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔ یو این ایس سی نے حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین، صوبے کے گورنر اور پاکستان کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔سلامتی کونسل کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر کے ساتھ عالمی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔ بیان میں زور دیا گیا کہ ان دہشت گرد حملوں میں ملوث عناصر، ان کے منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔یو این ایس سی نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔ بیان میں اس بات کو بھی دہرایا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت، کسی بھی مقصد یا جواز کے تحت قابلِ قبول نہیں۔سلامتی کونسل نے کہا کہ تمام ریاستوں کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر، انسانی حقوق، پناہ گزینوں کے قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے۔اس سے قبل چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بھی بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے افسوس اور زخمیوں و متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 197 ہو گئی ہے۔ نُشکی ضلع اور صوبے کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ یہ آپریشنز ہفتے کے روز صوبے بھر میں ہونے والے مربوط دہشت گرد حملوں کے بعد شروع کیے گئے تھے۔